کرم: 14 دہشتگردوں کے سروں کی قیمت 10 لاکھ سے 3 کروڑ تک مقرر، بیرونی قوتیں ملوث: گنڈا پور
اشاعت کی تاریخ: 20th, February 2025 GMT
پشاور (آئی این پی+ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلی خیبر پی کے علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ کرم میں مطلوب دہشتگردوں کے سر کی قیمت رکھ دی ہے، فرقہ واریت پھیلانے والوں کو آج یا کل ضرور سزا ملے گی اور انہیں اپنے منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔ کرم زمین کا تنازع نہیں بلکہ فرقہ وارانہ تنازعہ ہے جس میں بیرونی قوتیں پوری طرح ملوث ہیں۔ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہو ئے علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ کرم کا مسئلہ 130 سال سے چل رہا ہے، بیرونی اور غیر ملکی قوتیں سرمایہ کاری کر رہی ہیں، بیرونی قوتیں پورے پاکستان میں فرقہ واریت کی چنگاری سے آگ لگانا چاہتی ہیں۔ ابھی ایک قافلے پر بھی حملہ ہوا ہے، انسانی جان اور امن سے بڑی کوئی چیز نہیں، کچھ لوگ اس ناسور کا حصہ بنے ہوئے ہیں ان کو جڑ سے اکھاڑنا پڑے گا۔ محکمہ داخلہ خیبر پی کے نے کرم میں دہشتگردوں کے سروں کی قیمتیں مقرر کردی ہیں۔ اعلامیہ کے مطابق 14 دہشتگردوں کے سروں کی قیمت 13 کروڑ 30 لاکھ روپے مقرر کر دی گئی ہے۔ دہشتگرد کاظم کے سر کی قیمت تین کروڑ روپے، دہشتگرد امجد کے سر کی قیمت دو کروڑ روپے، مکرم کے سر کی قیمت ایک کروڑ پچاس لاکھ روپے، دہشت گرد نور اللہ، درویش، عثمان اور سیف اللہ کے سروں کی قیمتیں دس، دس لاکھ روپے مقرر کی گئی ہیں۔ اوچت، دادکمر، مندوری اور بگن کے دیہات کو خالی کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ چاروں دیہات خالی کرنے کا مقصد عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔ دیہات کو خالی کروا کے سرچ آپریشنز کئے جائیں گے۔ پولیس نے کرم کے علاقے اوچت کے مقام پر قافلے پر فائرنگ کے واقعہ میں ملوث دس دہشتگردوں کو گرفتار کر لیا۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
سونے کی قیمت میں اضافہ، فی تولہ سونا 4 لاکھ 33 ہزار 836 روپے ہوگیا
کراچی: پاکستان میں سونے کی قیمت میں اضافہ مسلسل دوسرے روز بھی جاری رہا، جس کے بعد مقامی صرافہ بازاروں میں فی تولہ سونا 4 ہزار 600 روپے مہنگا ہو گیا۔
آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق اضافے کے بعد 24 قیراط فی تولہ سونے کی نئی قیمت 4 لاکھ 33 ہزار 836 روپے مقرر کی گئی ہے۔
ایسوسی ایشن کے مطابق 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 3 ہزار 944 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد نئی قیمت 3 لاکھ 71 ہزار 944 روپے ہو گئی۔
دوسری جانب چاندی کی قیمت میں بھی معمولی اضافہ دیکھا گیا۔ فی تولہ چاندی 7 روپے اضافے کے بعد 6 ہزار 403 روپے جبکہ 10 گرام چاندی 6 روپے مہنگی ہو کر 5 ہزار 489 روپے کی سطح پر پہنچ گئی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی سونے کی قیمت میں نمایاں اضافہ ہوا تھا، جب فی تولہ سونا 4 ہزار 700 روپے مہنگا ہو کر 4 لاکھ 29 ہزار 236 روپے تک پہنچ گیا تھا، جبکہ 10 گرام سونے کی قیمت 4 ہزار 29 روپے اضافے کے بعد 3 لاکھ 68 ہزار روپے ہوگئی تھی۔
عالمی مارکیٹ میں بھی قیمتی دھاتوں کے نرخ بڑھنے کا رجحان برقرار ہے۔ بین الاقوامی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 46 ڈالر اضافے کے بعد 4 ہزار 114 ڈالر ریکارڈ کی گئی، جبکہ چاندی کی عالمی قیمت 0.07 ڈالر اضافے سے 59.24 ڈالر فی اونس تک پہنچ گئی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی منڈی میں سونے کی قیمتوں میں اضافے، امریکی ڈالر کی نقل و حرکت، شرح سود اور جغرافیائی کشیدگی جیسے عوامل مقامی مارکیٹ پر بھی براہِ راست اثر انداز ہوتے ہیں، جس کے باعث پاکستان میں سونے کی قیمتوں میں مسلسل اتار چڑھاؤ دیکھا جا رہا ہے۔