مولانا حامد الحق حقانیؒ کی شہادت نے پورے ملک کی دینی فضا کو ہلا کر رکھ دیا ہے اور ملک و قوم کے لیے فہم و شعور کے ساتھ جدوجہد کرنے والے علماء کرام اور دینی کارکن خود کو ایسے ماحول میں محسوس کرنے لگے ہیں جس میں نگاہوں کے سامنے تا حدِ نظر گہری دھند، قدموں کے نیچے ہر طرف دلدل اور سامنے اندھے موڑ ہیں۔ مولانا حامد الحق حقانیؒ ملک کی عظیم درسگاہ دارالعلوم حقانیہ کے نائب مہتمم اور دین و سیاست کے محاذ کے ایک سرگرم راہنما تھے جنہوں نے درسگاہ، پارلیمنٹ اور پبلک اجتماعات میں دین و ملت کی ترجمانی اور ملک و قوم کے دفاع میں یکساں خدمات سرانجام دیں اور اپنے عقیدہ، مشن اور جدوجہد کے لیے بالآخر جان کا نذرانہ پیش کر دیا۔ مگر ان کا اصل تعارف ان کے والد گرامی مولانا سمیع الحق شہیدؒ، دادا بزرگوار حضرت مولانا عبد الحقؒ اور عظیم دینی ادارہ دارالعلوم حقانیہ کے حوالہ سے ہے جو پاکستان کی دینی، تعلیمی اور تحریکی تاریخ میں ایک مستقل کردار کی حیثیت رکھتے ہیں جبکہ جنوبی ایشیا اور وسطی ایشیا کے دینی و تہذیبی ماحول میں انہیں ایک سنگم اور پل کی حیثیت حاصل ہے جسے اس خطہ کی تاریخ کبھی نظر انداز نہیں کر سکے گی۔
دارالعلوم حقانیہ کو اس خطہ کا دارالعلوم دیوبند ثانی کہا جاتا ہے اور میں نے ایک موقع پر عرض کیا تھا کہ وسطی ایشیا کے دروازے پر بیٹھ کر ایک مردِ حُر حضرت مولاناعبد الحق رحمہ اللہ تعالیٰ نے دارالعلوم دیوبند کے فکر و علم کو وسطی ایشیا کے دور دراز علاقوں تک وسعت دی حتیٰ کہ تاریخ نگار حضرات دیوبندیت کو صرف جنوبی ایشیا کی علمی، تہذیبی اور ملی جدوجہد کے دائرے میں محدود نہ رکھ سکے اور اس کے اثرات آج وسطی ایشیا بلکہ بعض حوالوں سے پوری دنیا میں پھیلے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ بالخصوص افغانستان اور اس کے ملحقہ علاقوں میں روسی کمیونزم کی یلغار اور پیش قدمی کا راستہ روکنے میں اس ادارہ اور خاندان نے وہ کردار ادا کیا جو یورپ اور امریکہ میں لامذہبیت، لبرل ازم اور جمہوریت کے فروغ میں آکسفورڈ اور کیمبرج کا بیان کیا جاتا ہے۔
مجھے بحمد اللہ تعالیٰ دارالعلوم حقانیہ کی اس فکری اور تہذیبی جدوجہد کے ساتھ تین نسلوں سے نیازمندی، رفاقت اور ہم آہنگی کا شرف حاصل چلا آ رہا ہے، حضرت مولانا عبد الحقؒ جب پاکستان کی پارلیمنٹ میں نفاذِ اسلام کو دستور و قانون اور قومی نظام کا حصہ بنانے کی مساعی میں قائدانہ کردار ادا کر رہے تھے، مجھے ان کی نیازمندی اور ان کا کارکن ہونے کا اعزا حاصل تھا۔ حضرت مولانا سمیع الحق شہیدؒ جب ان کے بعد ملک میں نفاذِ شریعت اور روسی استعمار کے گوادر کی طرف بڑھتے ہوئے قدم روکنے کی جنگ لڑ رہے تھے، میں ان کے دست و بازو کے طور پر ان کے ساتھ کھڑا تھا۔ اور پھر مولانا حامد الحق حقانی شہیدؒ نے جب اپنے والد گرامی اور دادا بزرگوار کا پرچم سنبھالا تو میری دعائیں اور مشاورت ان کے شریکِ حال رہیں۔ اس لیے میں دارالعلوم حقانیہ میں ہونے والے اس المناک سانحہ اور مولانا حامد الحق حقانیؒ کی دیگر رفقاء سمیت شہادت کو اپنا ذاتی اور ناقابلِ تلافی صدمہ و نقصان سمجھتا ہوں۔ اللہ پاک ان کے درجات جنت الفردوس میں بلند سے بلند تر فرمائیں اور اس ادارے اور خاندان کی مسلسل قربانیوں کو پوری ملت اسلامیہ بالخصوص وسطی ایشیا اور جنوبی ایشیا کے مسلمانوں کے لیے بہتر مستقبل اور نتائج کا باعث بنا دیں، آمین یا رب العالمین۔
اس موقع پر اس خطہ کی نازک، پیچیدہ اور مسلسل بدلتی ہوئی صورتحال کے حوالہ سے یہ عرض کرنا ضروری سمجھتا ہوں کہ ملت ِاسلامیہ کی ایمانی و تہذیبی شناخت اور مسلم ممالک و اقوام کی آزادی و خودمختاری کا تحفظ ہی ہماری تمام تر جدوجہد کے اصل اہداف ہیں اور انہی دو امور کو عالمی، علاقائی اور داخلی طور پر سب سے زیادہ مداخلت اور خطرات درپیش ہیں، اس لیے حضرت شاہ ولی اللہ دہلویؒ، حضرت سید احمد شہیدؒ اور شیخ الہند حضرت مولانا محمود حسن دیوبندیؒ کی جدوجہد کے شعوری راہنماؤں اور کارکنوں کو اپنی صف بندی، ترجیحات اور اہداف کا ایک بار پھر سنجیدگی سے جائزہ لے لینا چاہیے تاکہ یہ قافلہ اس عظیم جدوجہد میں اپنا کردار صحیح رخ پر، صحیح اسلوب سے اور صحیح رفتار کے ساتھ ادا کر سکے، اللہم ربنا آمین۔

.

ذریعہ: Daily Ausaf

کلیدی لفظ: مولانا حامد الحق حقانی دارالعلوم حقانیہ حضرت مولانا وسطی ایشیا جدوجہد کے ایشیا کے کے ساتھ کے لیے

پڑھیں:

تشدد کے ذریعے کسی بھی تحریک کو کامیاب نہیں بنایا جا سکتا : انوار الحق کاکڑ

سابق نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ تشدد کے ذریعے کسی بھی تحریک کو کامیاب نہیں بنایا جا سکتا، کیا بسوں سے بندے اتار کر قتل کرنا درست ہے، سیاسی اورمعاشی حقوق کے لیے قتل وغارت کی ضرورت نہیں۔سابق نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے لاہور میں نیوز کانفرنس میں کرتے ہوئے کہا کہ تشدد کے ذریعے کسی بھی تحریک کو کامیاب نہیں بنایا جا سکتا، دنیا کے کئی ممالک کئی مسائل سے گزر رہے ہیں۔انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ سیاسی اورمعاشی حقوق کے لیے قتل وغارت کی ضرورت نہیں، کیا بسوں سے بندے اتا کر قتل کرنا درست ہے؟ ایسا تاثر دیا جاتا ہے کہ صرف پاکستان میں مسائل ہیں. آج کے بلوچستان میں سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں۔سابق نگراں وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان میں ایک طبقہ اس طرح کی گفتگو کر رہا ہے، علیحدگی پسند تحریک صرف پاکستان میں نہیں ہیں، ہمیں دہشتگردی کا خاتمہ کرنا ہوگا، سوشل میڈیا کا مثبت استعمال انتہائی ضروری ہے۔انوار الحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ اپنے حقوق کے لیے ہم پرامن احتجاج کر سکتے ہیں، انا پرستی مسائل کو جنم دیتی ہے، جب بھی کہیں تشدد ہوتا ہے تو لوگ جواز تلاش کرتے ہیں۔

قبل ازیں سابق نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں ملکی صورتحال، قیام امن اور صوبائی ترقیاتی پراجیکٹس پر بھی بات چیت ہوئی۔ سابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے ویژن کو سراہا۔ مریم نواز نے کہا پنجاب میں نوجوانوں کو تعلیم، آئی ٹی ٹریننگ، انٹرنشپس اور روزگار کی سہولتوں سے ایمپاور کیا جا رہا ہے۔صحت کا شعبہ اور قیام امن پہلی ترجیحات میں شامل ہے۔سابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے صحت اور تعلیم کے شعبہ میں انقلابی پراجیکٹس متعارف کرائے ہیں۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف پاکستان میں ویمن ایمپاورمنٹ کی زندہ مثال ہیں۔ سابق وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے پنجاب میں شعبہ صحت میں جاری اصلاحات کو بھی سراہا۔

متعلقہ مضامین

  • گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کی روضہ حضرت امام حسین علیہ السلام پر حاضری
  • گورنر سندھ کامران ٹیسوری کی روضۂ حضرت امام حسین رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہ پر حاضری
  • بھارت کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دہشت گردی سے جوڑنے کی کوشش کر رہا ہے، حریت کانفرنس
  • تعلیمی خودمختاری کیلئے ہارورڈ کی جدوجہد
  • جے یو آئی کا اپوزیشن اتحاد بنانے سے انکار، اپنے پلیٹ فارم سے جدوجہد کرنے کا فیصلہ
  • اپنے ہی پلیٹ فارم سے سیاسی جدوجہد جاری رکھیں گے، اپوزیشن کا باضابطہ اتحاد موجود نہیں، مولانا فضل الرحمان
  • پنجاب؛ تعلیمی اداروں مع دینی مدارس میں داخلے کے وقت طلبا کا تھیلیسیمیا ٹیسٹ لازمی قرار
  • پیپلز پارٹی اور ن لیگ نہروں کے مسئلے پر ڈرامے کررہی ہیں: فیصل جاوید
  • ن لیگ والے ضیا الحق کے وارث تو ہو سکتے ہیں پنجاب کے نہیں: پی پی رہنما
  • تشدد کے ذریعے کسی بھی تحریک کو کامیاب نہیں بنایا جا سکتا : انوار الحق کاکڑ