یوم پاکستان: گورنر اور وزیراعلیٰ سندھ کی مزار قائد پر حاضری
اشاعت کی تاریخ: 23rd, March 2025 GMT
یوم پاکستان کے موقع پر گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کابینہ اراکین کے ہمراہ مزارِ قائد پر حاضری دی۔انہوں نے بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے مزار پر فاتحہ خوانی کی اور پھول چڑھائے۔ تقریب میں چیف سیکریٹری سندھ، آئی جی سندھ، کراچی پولیس چیف سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہم اپنے عظیم رہنماؤں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن ہمیں یکجہتی، بھائی چارے اور ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کا درس دیتا ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے ملک کی ترقی و خوشحالی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ان شاء اللہ پاکستان کو امن کا گہوارہ بنائیں گے اور اسے ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاک افواج ہمارا فخر ہیں اور پوری قوم ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں جاری دہشت گردی کی لہر کے خلاف ہم سب کو ایک ہونا ضروری ہے۔ آج ہمیں یہ عہد کرنا ہے کہ پاکستان کی فلاح و بہبود کے لیے ایک دوسرے کا دست و بازو بنیں گے۔ وزیراعلیٰ نے پاکستان میں مذہبی ہم آہنگی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہاں تمام مذاہب کے افراد کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے اور سب کو مساوی حقوق حاصل ہیں۔ ہم ایک آزاد وطن میں سانس لیتے ہیں اور آزادی سے اپنے مذہبی فرائض انجام دیتے ہیں۔ انہوں نے یومِ پاکستان کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ برصغیر کے مسلمانوں کی آزادی اور خوشحالی کے لیے 23 مارچ 1940 کو قراردادِ پاکستان منظور کی گئی، جو آگے چل کر قیامِ پاکستان کی بنیاد بنی۔ یہ دن تمام پاکستانیوں کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
پاکستان پر کوئی آنچ آئے گی تو عوام مسلح افواج کے ساتھ کھڑے ہوں گے، وزیراعلیٰ سندھ
ایک بیان میں مراد علی شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی ناصرف سندھ بلکہ پورے ملک کے لوگوں کے حقوق کی ضامن ہے، کچھ لوگوں نے پیپلز پارٹی کو بدنام کرنے کی کوشش کی لیکن ناکام رہے، ہم نے جون میں پانی کی دستیابی کے جاری سرٹیفکیٹ کو چیلنج کیا۔ اسلام ٹائمز۔ وزیرِاعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ پاکستانی عوام بھارت کو منہ توڑ جواب دینا جانتے ہیں۔ مراد علی شاہ نے پہلگام میں پیش آئے واقعے اور اس پر بھارت کے رویے کی مذمت کی ہے۔ اُنہوں نے کہا ہے کہ بھارت کو بتا دیا ہے کہ پاکستان کے لوگ جارحیت کامنہ توڑ جواب دینا جانتے ہیں، پاکستان پر کوئی آنچ آئے گی تو عوام مسلح افواج کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔ وزیرِاعلیٰ سندھ نے کہا ہے کہ پنجاب میں کینالوں پر کوئی کام شروع نہیں ہوا، جب تک ایکنک سے منظور نہ ہو نہریں نہیں بن سکتیں۔
اُنہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ناصرف سندھ بلکہ پورے ملک کے لوگوں کے حقوق کی ضامن ہے، کچھ لوگوں نے پیپلز پارٹی کو بدنام کرنے کی کوشش کی لیکن ناکام رہے، ہم نے جون میں پانی کی دستیابی کے جاری سرٹیفکیٹ کو چیلنج کیا۔ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ صدر زرداری کے پاس منصوبے کی منظوری کا اختیار ہی نہیں، نہر کے منصوبے کی گراؤنڈ بریکنگ کی گئی جو نہیں کرنی چاہیئے تھی، ہم سوتے ہوئے بھی سندھ کے حقوق کے لیے غلط فیصلہ نہیں کر سکتے۔