اسحاق ڈار 22 اپریل کو تاریخ ساز دورے پر بنگلا دیش پہنچیں گے
اشاعت کی تاریخ: 31st, March 2025 GMT
نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اپریل کے تیسرے ہفتے میں بنگلہ دیش کا دورہ کریں گے، یہ 2012 کے بعد کسی پاکستانی وزیر خارجہ کا پہلا دورہ اور دوطرفہ روابط کے حوالے سے ایک تاریخی پیشرفت ہے۔
حنا ربانی کھر بنگلہ دیش کا دورہ کرنے والی آخری وزیر خارجہ تھیں، انہوں نے شیخ حسینہ کو ڈی 8 سربراہ اجلاس میں شرکت کی دعوت دینے کیلئے یہ دورہ کیا تھا۔
شیخ حسینہ دور میں دونوں ملکوں کے روابط سرد مہری کا شکار رہے، روابط میں بہتری کی پاکستانی کوششوں کا شیخ حسینہ نے کبھی جواب نہ دیا۔
گزشتہ سال پرتشدد مظاہروں کے نتیجے میں شیخ حسینہ کی معزولی سے دوطرفہ روابط میں قابل ذکر بہتری دیکھنے میں آئی، اعلیٰ سطحی رابطے بحال ہوئے۔
بنگلہ دیش نے پاکستانی برآمدات پر پابندیاں اٹھا لیں، تجارت میں اضافہ ہوا، سمندری راستے سے براہ راست تجارت شروع ہوئی، براہ راست پروازوں پر اتفاق ہوا، دوطرفہ دفاعی روابط بھی مضبوط ہوئے۔
جنوری میں بنگلہ دیش کے اعلیٰ فوجی حکام نے پاکستان کا دورہ کیا جوکہ شیخ حسینہ کی معزولی کے بعد روابط میں ایک بڑی پیشرفت ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ اسحاق ڈار22 اپریل کو تین روزہ دورے پر بنگلہ دیش پہنچیں گے جس میں وہ بنگلہ دیش کے عبوری چیف ایگزیکٹیو ڈاکٹر محمد یونس سے ملاقات کے علاوہ ہم منصب توحید حسین اور بنگلہ دیشی کابینہ کے ارکان سے باضابطہ مذاکرات کریں گے، اس دوران متعدد ایم او یوز اور معاہدوں پر دستخط متوقع ہیں۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
پاکستانیوں کے لئے ایک اور ملک میں ویزا فری انٹری کی سہولت
ڈھاکہ : پاکستان اور بنگلہ دیش نے سفارتی و سرکاری پاسپورٹس کو ویزا فری انٹری کی سہولت دینے کا فیصلہ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی بنگلہ دیش کے وزیر داخلہ جہانگیر عالم چوہدری سے ملاقات ہوئی۔وزیرداخلہ محسن نقوی کو وزارت داخلہ ڈھاکہ آمد پر گارڈ آف آنر پیش کیا گیا.ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور پاک بنگلہ دیش دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔پاکستان اور بنگلہ دیش نے سفارتی و سرکاری پاسپورٹس کو ویزا فری انٹری کی سہولت دینے کا فیصلہ کرلیا۔دونوں وزرائے داخلہ کا انٹرنل سیکیورٹی اور پولیس ٹریننگ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔بنگلہ دیشی وزیر داخلہ نے کہا کہ ڈھاکہ آمد پر اپنے بھائی کو دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہتے ہیں. آپ کا دورہ پاک بنگلہ دیش دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کیلئے انتہائی اہم ہے.بنگلہ دیشی وزیر داخلہ نے پولیس ٹریننگ کی پیشکش پر وزیر داخلہ محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔ملاقات میں بنگلہ دیش کے ساتھ انسداد دہشت گردی،منشیات و انسداد انسانی اسمگلنگ کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔اس کے ساتھ ہی پاک بنگلہ دیش دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کیلئے مشترکہ کمیٹی تشکیل دے دی گئی. پاکستان کی طرف سے وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم آغا کمیٹی کے سربراہ ہوں گے جبکہ بنگلہ دیش کا اعلیٰ سطح وفد جلدسیف سٹی پراجیکٹ اور نیشنل پولیس اکیڈمی کا دورہ کرنے اسلام آباد آئے گا۔