اوتار 3 کا پہلا سنسنی خیز ٹریلر سینماکان میں نمائش کیلئے پیش، فلم کب ریلیز ہوگی؟
اشاعت کی تاریخ: 5th, April 2025 GMT
معروف فلمساز جیمز کیمرون کی مشہور زمانہ سیریز اوتار کی تیسری فلم ’اوتار: فائر اینڈ ایش‘ کا پہلا ٹریلر سینماکان میں جاری کر دیا گیا، جہاں سینما مالکان کی بڑی تعداد موجود تھی۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اس فلم کی خاص بات یہ ہے کہ اسے دیگر سیکوئلز کی طرح تاخیر کا سامنا نہیں کرنا پڑا کیونکہ کیمرون نے اسے بیک وقت دیگر فلموں کے ساتھ فلمایا تھا اور جلد ریلیز کرنے کا وعدہ بھی کیا تھا۔
پہلے ٹریلر میں نئے ناوی قبائل متعارف کرائے گئے ہیں جن میں ’ونڈ ٹریڈرز‘ (فضا میں غبارے جیسے جہازوں پر سفر کرنے والا پرامن قبیلہ) اور ’فائر پیپل‘ شامل ہیں۔ ٹریلر کا آغاز ایک آسمان میں لڑائی سے ہوتا ہے جس میں ایک آگ سے لپٹا تیر ایک ناوی کو ہلاک کر دیتا ہے۔
فلم کی کہانی دوسری سیریز ’دی وے آف واٹر‘ کے بعد شروع ہوتی ہے۔ زوئی سالڈانا نے ٹریلر متعارف کراتے ہوئے بتایا کہ ’فائر پیپل‘ وہ ناوی ہیں جنہوں نے ایوا کو ترک کر دیا ہے۔
کیمرون نے اپنی فلم کے پہلے ٹریلر کی نمائش میں ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی اور بتایا کہ وہ نیوزی لینڈ میں فلم کی تکمیل میں مصروف ہیں۔ فلم 19 دسمبر 2025 کو ریلیز ہوگی جو پہلے کی 2 فلموں سے زیادہ کمائی کر سکتی ہے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
فواد خان کیساتھ فلم عبیر گلال کی ریلیز پر پابندی، وانی کپور نے خاموشی توڑ دی
بھارتی اداکارہ وانی کپور نے پاکستان کے سپر اسٹار فواد خان کیساتھ اپنی نئی فلم ’عبیر گلال‘ کی ریلیز پر عائد پابندی پر خاموشی توڑ دی۔
بھارتی میڈیا کو دیئے ایک انٹرویو میں وانی کپور نے اپنی فلم پر عائد پابندی پر اظہار خیال کرتے ہوئے اپنا مؤقف سامنے رکھا ہے۔ اداکارہ نے کہا کہ جب یہ فلم بن رہی تھی تو حالات نارمل تھے جبکہ فلمسازوں نے ہر اس فلم کی ریلیز کیلئے ہر طرح کی قانونی اجازت لے رکھی تھی۔
وانی نے کہا کہ جب پاکستان اور بھارت کے حالات کشیدہ ہوئے تو ہم نے عوام اور حکومت کے فیصلے کو اہمیت دیتے ہوئے فلم کی ریلیز روک دی کیونکہ ہم کسی کے جذبات کو ٹھیس نہیں پہنچانا چاہتے تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس فلم میں ایسی کوئی چیز نہیں ہے جس سے کسی کے جذبات مجروح ہوں یہ فلم محبت کے پیغام کے ساتھ بنائی گئی تھی۔
یاد رہے کہ فواد خان اور وانی کپور فلم عبیر گلال میں مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں تاہم پاک بھارت جنگ کے بعد کشیدگی کے باعث اس رومانوی فلم کی ریلیز پر پابندی عائد کردی گئی اور یہ فلم بھارتی انتہا پسندی کی نظر ہوگئی تاہم مداح اب بھی اس کی ریلیز کے منتظر ہیں۔