پشاور میں رکشوں کے لئے اوقات کار اور مخصوص رنگ مقرر
اشاعت کی تاریخ: 28th, April 2025 GMT
پشاور میں بڑھتے ہوئے ٹریفک مسائل پر قابو پانے کے لئے رکشہ چلانے کے اوقات کار اور مخصوص رنگ متعین کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق شہر کی سڑکوں پر 80 ہزار سے زائد رکشے مقررہ اوقات کار کے تحت چلائے جائیں گے۔ پولیس ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ 16,371 رجسٹرڈ رکشوں کو 24 گھنٹے چلنے کی اجازت دی جائے گی اور ان رکشوں کو سبز رنگ دیا جائے گا۔
30 ہزار غیر رجسٹرڈ رکشوں کو سرخ رنگ دیا جائے گا اور انہیں صبح 6 بجے سے دوپہر 2 بجے تک چلنے کی اجازت ہوگی۔ اسی طرح زرد رنگ والے مزید 30 ہزار غیر رجسٹرڈ رکشے دوپہر 2 بجے سے رات 12 بجے تک چل سکیں گے۔
حکام کا کہنا ہے کہ غیر رجسٹرڈ رکشوں کو مخصوص اوقات کار میں چلانے کے اقدام سے ٹریفک کے مسائل میں خاطر خواہ کمی آئے گی۔
ذرائع کے مطابق ٹریفک پولیس کی تجاویز پر صوبائی حکومت کی جانب سے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی تھی جس نے اس منصوبے کی منظوری دی۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے نہ صرف ٹریفک کی روانی میں بہتری آئے گی بلکہ شہر کی سڑکوں پر نظم و ضبط بھی قائم ہوگا۔
.ذریعہ: Daily Ausaf
پڑھیں:
رواں سال خونیں ٹریفک حادثات میں اب تک 298 شہری جاں بحق ہوئے
کراچی(نیوز ڈیسک)کراچی میں خونیں ٹریفک حادثات میں رواں سال جاں بحق ہونے والے شہریوں کی تعداد 298 تک پہنچ گئی، ہیوی وہیکلز سے کچل کر خواتین اور بچوں سمیت 95 افراد جاں بحق ہوئے۔
نجی چینل کے مطابق کراچی میں خونی ٹریفک حادثات تھنے کا نام ہی نہیں لے رہے، اعدادوشمار کے مطابق رواں سال تین ماہ اور 27 روز میں ٹریفک حادثات میں جاں بحق ہونے والے شہریوں کی تعداد 298 تک پہنچ گئی۔
اس عرصے کے دوران ٹریفک کے حادثات میں زندگی سے محروم ہوجانے والوں میں 27 خواتین، 40 بچے اور بچیاں اور 231 مرد شامل ہیں۔
اعدادوشمار کے مطابق ان خونی ٹریفک حادثات میں خواتین اور بچوں سمیت95 شہری ہیوی وہیکلز کےپہیوں تلے کچل جاں بحق ہوگئے، ان میں ڈمپر سے18، ٹریلر سے 39، واٹر ٹینکر سے 22، مزدا سے 6 اور بس تلے کچل کر 10 شہری لقمہ اجل بنے۔
خونی ٹریفک حادثات میں شدید زخمی ہو نے والوں کی تعداد 4130 ہے، زخمیوں میں 590 خواتین، 212 بچے اور 3328 مرد شامل تھے۔