اسلام ٹائمز: حال ہی میں جمعیت علمائے اسلام کے قائد علامہ فضل الرحمٰن کا ایرانی سفیر سے ملنا تعلقات کے ایک نئے پہلو کی طرف اشارہ کر رہا ہے۔ پاکستان کی تکفیری قوتوں کو بھی چاہیے کہ وہ وقت کے اس بہتے ہوئے دھارے میں شامل ہو جائیں۔ آج جس قسم کی ہوا چل رہی ہے اس نے پاکستان کے دوستوں اور دشمنوں کے چہروں سے نقاب اتار پھینکا ہے۔ پاکستانی ریاست کو بھی چاہیے کہ وہ اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ایران سے غیر معمولی نوعیت کے تعلقات استوار کرے، تاکہ مشرق کے یہ دو ممالک مل کر کرہء ارض کی تقدیر بدل دیں اور ان کی آب و تاب سے مشرق کے افق پر ایک نیا سورج ابھرتا ہوا نظر آئے۔ تحریر: سید تنویر حیدر
اسرائیل کے قیام کے بعد سے، اسرائیل کے نصاب میں، اسرائیل کے سب سے بڑے جس دشمن کے بارے میں پڑھایا جاتا تھا وہ ”ملکِ پاکستان“ تھا۔ اس کی ایک وجہ اسرائیل اور پاکستان کا نظریاتی بنیادوں پر قیام اور دوسری وجہ اس نوزائیدہ مملکت پاکستان کا مشرق کے افق سے جنم لینا تھا۔ وہی مشرق جس کے بارے میں اقبال نے کہا تھا کہ:
کھول آنکھ زمیں دیکھ فلک دیکھ فضا دیکھ
مشرق سے ابھرتے ہوئے سورج کو ذرا دیکھ
aسرائیل اپنے لیے، مشرق سے ابھرتی ہوئی کسی زندہ قوت کے مقابلے میں بے جان عالم عرب سے کوئی خطرہ محسوس نہیں کرتا تھا۔ وہی عالم عرب جس کے بارے میں اقبال نے ہی کہا تھا کہ:
”عرب ز نغمہء شوقم ہنوز بی خبر یست“
گویا اہل عرب میں وہ ذوق ہی نہیں تھا جو شاعر مشرق کے انقلابی اور آفاقی کلام کو اپنے متخیلہ کی زینت بنا سکتا۔ اسرائیل کی پاکستان کے حوالے سے تشویش میں اس وقت اور اضافہ ہوا، جب پاکستان ایک ایٹمی قوت بن گیا۔ اگرچہ پاکستان نے یہ صلاحیت اپنے ازلی دشمن بھارت کے مقابلے میں ”نیوکلیئر ڈیٹرنس“ قائم کرنے کیلئے حاصل کی تھی، لیکن ایک اسلامی ملک کے ہاتھوں میں ایٹم بم کا محض آجانا ہی ”گریٹر اسرائیل“ کا خواب دیکھنے والے صیہونیوں کے خوابوں کے محل پر ایٹم بم گرنے کے مترادف تھا۔ وجہ یہ کہ اسرائیلی خوب جانتے تھے کہ جس ملک کے چند ہوا بازوں نے عرب اسرائیل جنگ میں اسرائیلی فضائیہ کو ناکوں چنے چبوائے تھے، اگر یہ ملک اسرائیل کے خلاف کچھ بڑا کرنے پر آمادہ ہو گیا تو اسرائیل کا کچھ نہیں بچے گا۔ پاکستان وہ ملک ہے جس کے ایک سابق آرمی چیف اسلم بیگ نے ایران کو، امریکا کو اس کے گھٹنوں پر لانے کا آسان حل یہ بتایا تھا کہ اسرائیل کو اپنے نشانے پر لے لیا جائے۔ گویا ہر پاکستانی کے دل میں بیت المقدس سے محبت اور غاصب صیہونی حکومت سے نفرت کا معیار بہت بلند ہے۔ اگرچہ امریکا کی آشیرباد سے پاکستانی پر مسلط حکمرانوں کی کوشش رہی ہے کہ وہ عرب حکمرانوں کی سنت پر عمل کرتے ہوئے اسرائیل سے اپنے تعلقات استوار کریں اور اس ضمن میں کئی کوششیں بھی کی گئی ہیں، لیکن حالات نے انہیں اس قسم کی کسی خواہش پر عمل درآمد نہیں کرنے دیا۔
ہمارے حکمرانوں کے اسرائیل کے حوالے سے اس قسم کے خیرسگالی کے جذبات کے باوجود اسرائیل نے کئی بار انفرادی طور پر اور بھارت سے مل کر پاکستان کی ایٹمی تنصیبات کو عراق کی طرز پر نقصان پہنچانے کی کوشش کی لیکن وہ اس میں کامیاب نہیں ہو سکا۔ لمحہ موجود میں پاکستان و ہندوستان کے مابین بڑھتی ہوئی کشیدگی اور ممکنہ جنگ کی خبروں کے درمیان ایک بار پھر اسرائیل اپنا کوئی کردار ادا کرنے کیلئے تیار کھڑا ہے۔ آج کے منظرنامے میں اسرائیل جسے اپنا ”دشمن نمبر ون“ سمجھتا ہے وہ تو ایران ہی ہے۔ ایران بھی عالم مشرق کا وہ ملک ہے جو عملی میدان میں اسرائیل کے خلاف صف آراء ہے اور جس نے اسرائیل کے خلاف اپنے جہاد کے پہلے مرحلے میں اسرائیل کے اس حفاظتی حصار کو توڑ دیا ہے، جو اس نے اپنی حفاظت کی غرض سے اپنے اردگرد قائم کر رکھا تھا۔ اقبال نے تقریباً ایک صدی قبل اسی ایران کے حوالے سے اپنے ایک الہامی شعر میں کہ دیا تھا کہ:
تہران ہو گر عالم مشرق کا جنیوا
شاید کرہء ارض کی تقدیر بدل جائے
آج اسلامی جمہوری ایران کے ہاتھوں کرہء ارض کی تقدیر بدلنے کا کام شروع ہو چکا ہے۔ آج ایران نے دنیا کے نقشے پر اپنا ایک چھوٹا سا وجود رکھنے والے یمن کے ہاتھوں دنیا کی سب سے بڑی سپر پاور کی ”سونڈ“ میں دم کر رکھا ہے۔ اسرائیل اور اسرائیل کے خاتمے کیلئے ایران کے تشکیل کردہ محور مقاومت کے مابین لڑی جانے والی جنگ مرحلہ بہ مرحلہ شدت اختیار کر رہی ہے۔ اگر اس معرکے میں کسی کی کمی محسوس کی جا رہی ہے تو وہ پاکستان کی کمی ہے، جو لگتا ہے بھارت کی کسی بڑی شرارت سے پوری ہو جائے گی۔ یہ حقیقت ہے کہ بھارت کے ساتھ جنگوں میں پاکستان کے برے وقتوں کا ساتھی ہمیشہ ایران ہی رہا ہے۔ ان جنگوں میں ایران نے ہی پاکستان کو ”لاجسٹک سپورٹ“ دی تھی۔ ایران ان جنگوں میں پاکستان کو تیل اور دوسری ضروریات کی اشیاء فراہم کرتا رہا تھا۔ حتیٰ کہ اس وقت کی اخباری اطلاعات کے مطابق 65ء کی جنگ کے دوران پاکستانی زخمیوں کو خون دینے کیلئے تہران میں لائنیں لگ گئی تھیں۔ راجیو گاندھی کے دور میں جب پاکستان اور بھارت بالکل جنگ کے دھانے پر پہنچ چکے تھے، امام خمینیؒ کے اس بیان پر انڈیا حملے سے باز آیا تھا کہ ”کسی بھی اسلامی ملک پر حملہ ایران پر حملہ تصور ہوگا“۔
آج بھی کشمیر کے حوالے سے ایران کے جاندار موقف کی بنا پر انڈیا کے میڈیا نے ایران پر آگ برسانا شروع کر دی ہے۔ اسرائیل اور انڈیا کے مابین قربت نے ایران اور انڈیا کے مابین رقابت کو جنم دیا ہے، بلکہ اب یہ رقابت، رقابت سے زیادہ مخاصمت کی صورت اختیار کر چکی ہے۔ اس مخاصمت نے پاکستان اور ایران کی عوام کو ایک دوسرے کے مزید قریب کر دیا ہے۔ حال ہی میں جمعیت علمائے اسلام کے قائد علامہ فضل الرحمٰن کا ایرانی سفیر سے ملنا تعلقات کے ایک نئے پہلو کی طرف اشارہ کر رہا ہے۔ پاکستان کی تکفیری قوتوں کو بھی چاہیے کہ وہ وقت کے اس بہتے ہوئے دھارے میں شامل ہو جائیں۔ آج جس قسم کی ہوا چل رہی ہے اس نے پاکستان کے دوستوں اور دشمنوں کے چہروں سے نقاب اتار پھینکا ہے۔ پاکستانی ریاست کو بھی چاہیے کہ وہ اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ایران سے غیر معمولی نوعیت کے تعلقات استوار کرے، تاکہ مشرق کے یہ دو ممالک مل کر کرہء ارض کی تقدیر بدل دیں اور ان کی آب و تاب سے مشرق کے افق پر ایک نیا سورج ابھرتا ہوا نظر آئے۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: میں اسرائیل کے حوالے سے پاکستان کے پاکستان کی اسرائیل کے کے مابین ایران کے مشرق کے تھا کہ رہی ہے اور ان
پڑھیں:
بھارتی جنگی جنون اور ایٹمی پاکستان
اسلام ٹائمز: وزیر دفاع خواجہ آصف کی طرف سے پاکستان کا پانی روکنے کیلئے کسی بھی ڈھانچے کی تعمیر کو تباہ کرنے کا اعلان بھی قوم کے جذبات کی ترجمانی ہے۔ وزیراعظم کی طرف سے دوست ممالک کو اعتماد میں لینے کیلئے سفارتی رابطے بھی کامیابی کیساتھ جاری ہیں۔ افغانستان نے بھی پاکستان کا ساتھ دینے کا اعلان کیا ہے، جو کہ خوش آئند ہے۔ لیکن ساتھ کس حد تک دیتا ہے، یہ بعد کی بات ہے۔ ہم ان شاء اللہ توقع رکھتے ہیں کہ قوم کے تعاون کیساتھ افواج پاکستان یہ جنگ جیتیں گے اور اب تک کا ماحول بتا رہا ہے کہ پاکستان نفسیاتی حوالے سے اپنا ماحول بنانے اور اپنا کیس عالمی سطح پر لے جانے میں کامیاب ہوا ہے۔ تحریر: سید منیر حسین گیلانی
برصغیرمیں باہر سے آنیوالی قوتوں نے ایک لمبا عرصہ یہاں حکمرانی کی ہے۔ مختلف ادوار میں یہاں کے عوام مسلط حکومتوں کو گرا کر اپنے باسیوں کی حکومت کے قیام کی خواہش کا اظہار کرتے رہے۔ سوری، مغل، تغلق اور رنجیت سنگھ کی حکومتیں یہاں قائم رہیں، جبکہ آخر میں برطانوی سامراج، جس کا پوری دنیا میں طوطی بولتا تھا، نے بھی ظلم و ستم کے ذریعے لمبا عرصہ اپنا اقتدار برقرار رکھا۔ دوسری جنگ عظیم کے بعد برطانوی حکمران کمزور ہوئے تو برصغیر میں بھی ان کے خلاف آزادی کی تحریک شروع ہوئی۔ برطانوی حکومت نے آزادی برصغیر کی طرف پیش قدمی کرتے ہوئے خلفشار کو ختم کرنے کیلئے آمادگی کا اظہار کر دیا۔ اسی طرح ہندووں کے متعصبانہ اقدامات کی وجہ سے مسلمانوں کو اپنا وجود اور مذہب خطرے میں محسوس ہوا، تو ان کے اندر بھی ’لا الہ الا اللہ ‘ کی بنیاد پر ایک خود مختار مسلم مملکت کا جذبہ امڈ آیا، تو پاکستان 1947ء میں معرض وجود میں آگیا۔ اس کے سرحدی اور نظریاتی خطوط بھی واضح کر دیئے گئے۔
یہ اسلام کے نام اور نظریات پر مشتمل نئی مملکت ہے، جس کے سرحدی تحفظ کی ذمہ داری افواج پرعائد ہوتی ہے۔ جبکہ نظریاتی سرحدوں کی ذمہ داری دینی طبقے کی ہے۔ اس ذمہ داری کو پورا کرنے کیلئے 21 تا 24 جنوری 1951ء چار روزہ اجلاس میں سنی شیعہ اہل حدیث دیوبندی مکاتب فکر کے 31 علماء نے 22 نکات پر اتفاق کرکے اسلامی مملکت کے خدوخال پیش کردیئے۔ مگر ایک مملکت جو اسلام کے نام پر بنی سامراجی سازش کے تحت مختلف فرقوں میں تقسیم ہوگئی۔ خاص طور پر مارشل لاء حکومتوں کے دوران ہر مسلک نے مشترکہ میراث اسلام کی بجائے اپنے اپنے فرقے کا نقطہ نظر نمایاں کرنا شروع کر دیا اور نئی تشریحات میں اپنے علاوہ کسی کو مسلمان سمجھنے سے گریزاں ہونے لگے۔ جس کی وجہ سے معاشرے میں فرقہ واریت اور نفرت نے جگہ بنانا شروع کر دی۔ میری توجہ اس پر نہیں کہ مشرقی پاکستان الگ ہو کر بنگلہ دیش کیوں بن گیا اور باقی ماندہ ملک انتشار کی اماجگاہ کیوں بن گیا۔ مجھے ان دنوں کے حالات کی طرف زیادہ توجہ دینے کی ضرورت محسوس ہو رہی ہے کیونکہ افواج پاکستان اپنی ذمہ داری کو اپنے نوجوانوں کی شہادتوں کی صورت میں پیش کر رہی ہیں۔
ہمارا ازلی دشمن بھارت ہماری سرحدوں کو پامال کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔ الحمدللہ ! افواج پاکستان ہر قسم کی بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی اور آمادہ ہیں۔ یہ بھی ایک خوشگوار حقیقت ہے کہ جب بھی ملکی سلامتی پر کوئی مشکل آن پڑی تو مختلف فرقوں اور برادریوں میں تقسیم قوم ہندو سامراج کیخلاف یکجا ہوئی اور سیسہ پلائی دیوار بن گئی۔ آج ہم دیکھتے ہیں کہ تمام مکاتب فکر کے علماء، دانشور، صحافی، تاجر، صنعتکار اور سیاستدان یکسوئی کیساتھ افواج پاکستان کی پشت پر کھڑے ہیں۔ جب بھی کبھی بھارت نے پاکستان کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی تو عوام نے جذبہ حب الوطنی سے سرشار ہوکر اپنی فوج کے شانہ بشانہ جنگ میں حصہ لیا۔ مجھے وہ وقت یاد ہے کہ جب 1965ءکی جنگ شروع ہوئی تو پاکستانی عوام خصوصا ًزندہ دلان لاہور نے فوج کا بھرپور ساتھ دیا۔ ان دنوں میں نے عملی طور پر لاہور میں تنظیم شہری دفاع کے پلیٹ فارم سے اپنی استطاعت کے مطابق کردار ادا کیا۔ گارڈن ٹاؤن اور ماڈل ٹاؤن کا علاقہ میری ذمہ داری میں تھا۔ ہم نے جنگ میں ’’ایل‘‘ اور ’’ڈبلیو‘‘ شکل کی خندقیں بنائیں تاکہ کسی فضائی حملے کی صورت میں شہری محفوظ پناہ گاہ حاصل کر سکیں۔
میں پہلے وارڈن، پھر ہیڈ وارڈن اور ڈویژنل ہیڈ وارڈن میاں اسحاق نرسری والے کیساتھ ڈپٹی ڈویژنل ہیڈ وارڈن بھی مقرر ہوا۔ اس دوران بھارتی جہازوں نے گولہ باری کی تو کلمہ چوک کے پاس بڑا گولہ بھی گرایا گیا، جبکہ کوٹ لکھپت ریلوے اسٹیشن کو بھی نشانہ بنایا گیا لیکن سول ڈیفنس کے جوانوں نے جواں مردی کیساتھ عوام کو ذہنی طور پر خوفزدہ ہونے سے بچایا اور قومی تحفظ میں اپنا حصہ ڈالتے رہے۔ اسی طرح افواج پاکستان کے جوان جہاں بارڈر پر جنگ لڑتے تھے تو لاہور کے جوان گوداموں سے اسلحہ نکال کر آرمی کے ٹرکوں میں لوڈ کر کے فوج کے مددگار بنتے رہے۔ بھارتی فوج نے شکرگڑھ کے علاقے میں آگے بڑھنے کی کوشش کی تو بارڈر کے دونوں اطراف بڑی جنگ ہوئی۔ اس میں ہمارے فوجی جوانوں نے سینے پر بم باندھ کربھارتی ٹینکوں کے آگے لیٹ کر انہیں تباہ کیا اور حملے کو روکا۔ پھر قصور کی طرف دریائے ستلج کے کنارے انڈیا کا بڑا رقبہ جو کہ کھیم کرن تک پھیلا ہوا تھا پاکستان نے اپنے قبضے میں لے لیا۔ میں بذات خود سول ڈیفنس کے نوجوانوں کو لے کر کھیم کرن تک پہنچا۔ ظاہر ہے جنگوں میں تباہی ہوتی ہے اور وہ ہم نے اپنی آنکھوں سے یہ دیکھی بھی ہے۔ لیکن ہم خود قوم کو کتنا بچا سکتے ہیں مد نظر رہنا چاہیے۔
مجھے خوشی ہوئی کہ وزیر داخلہ محسن نقوی سول ڈیفنس کے مرکز میں انتظامیہ کو کچھ احکامات جاری کرتے ہوئے ٹی وی پر دکھائی دیئے۔ اس واقعہ کو دیکھ کر 82 سال کا بزرگ منیرحسین گیلانی، دفاع وطن کیلئے آج بھی اسی جذبہ کے ساتھ تیار ہے۔ میں کوئی بڑی بات نہ کہتے ہوئے عاجزی سے عرض کرنا چاہتا ہوں کہ اپنی عمر، قد اور بڑھاپے کی صورت میں ہمہ وقت تیار آمادہ ہوں۔ میں شکر گزار ہوں تمام مکاتب فکر کے علماء اور سیاسی جماعتوں کے رہنماوں کا کہ وہ انڈیا کی دہشتگردی کا مقابلہ کرنے کیلئے آمادہ اور یکسو ہیں اور قوم میں جذبہ حب الوطنی پیدا کر رہے ہیں۔ ہم سمجھتے ہیں کہ مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں دہشتگردی کے واقعہ کو بنیاد بنا کر گجرات کے قصائی نریندر مودی اپنی بری خصلت سے باز نہیں آ رہا، حالانکہ اب تک انڈیا کو کوئی بھی ثبوت پاکستان کیخلاف دہشتگردی کے واقعہ میں شمولیت کا پیش نہیں کر سکا، جبکہ دوسری طرف ایران اور سعودی عرب نے دونوں ممالک کے درمیان ثالثی کروانے کی پیش بھی کی ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے بھی اچھے جذبات کا اظہار کیا ہے لیکن سب سے بڑی بات چین کی طرف سے دوستی کے عزم کا اظہار ہے، کہ اس نے دوٹوک الفاظ میں کہہ دیا ہے کہ وہ پاکستان کیساتھ کھڑا ہے۔ بھارتی میڈیا کا کردار انتہائی بھیانک ہے جو جنگ کا ماحول بنانے کیلئے حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کر رہا ہے۔ اسی طرح سے کشمیری عوام کا ردعمل جب بھارتی میڈیا لینا شروع کرتا ہے، تو اپنے مطلب کی بات نہ پا کر مایوس ہو جاتا ہے۔
وزیر دفاع خواجہ آصف کی طرف سے پاکستان کا پانی روکنے کیلئے کسی بھی ڈھانچے کی تعمیر کو تباہ کرنے کا اعلان بھی قوم کے جذبات کی ترجمانی ہے۔ وزیراعظم کی طرف سے دوست ممالک کو اعتماد میں لینے کیلئے سفارتی رابطے بھی کامیابی کیساتھ جاری ہیں۔ افغانستان نے بھی پاکستان کا ساتھ دینے کا اعلان کیا ہے جوکہ خوش آئند ہے۔ لیکن ساتھ کس حدتک دیتا ہے یہ بعد کی بات ہے۔ ہم ان شاءاللہ توقع رکھتے ہیں کہ قوم کے تعاون کیساتھ افواج پاکستان یہ جنگ جیتیں گے اور اب تک کا ماحول بتا رہا ہے کہ پاکستان نفسیاتی حوالے سے اپنا ماحول بنانے اور اپنا کیس عالمی سطح پر لے جانے میں کامیاب ہوا ہے۔ ہماری دعائیں اپنی افواج کیساتھ ہیں۔ ایک بات واضح کرنا چاہتے ہیں کہ ہم جنگ نہیں چاہتے، جنگ کبھی بھی مسائل کا حل نہیں ہوتا اور نہ ہی یہ کسی صورت ہونی چاہیے لیکن ایٹمی قوت کو جب للکاریں گے اور جھوٹے الزامات لگائے گئے تو ایٹمی ہتھیار ہم نے بھی کوئی شوکیس میں سجانے کیلئے نہیں، بلکہ اپنے دفاع کیلئے رکھے ہیں۔ جب کبھی اپنے وطن کی سالمیت اور وجود کو خطرہ ہوا تو ہم یقیناً اپنے ایٹمی اثاثے استعمال کریں گے۔
یہاں مجھے بہت یاد آرہے ہیں ذوالفقارعلی بھٹو شہید، جنہوں نے ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھی، بے نظیر بھٹو شہید جنہوں نے میزائل سسٹم کو مضبوط کیا اور سب سے بڑھ کر محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیرخان رحمتہ اللہ علیہ کہ جنہوں نے اس وقت کے وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر مبشر حسن مرحوم کے توسط سے وزیراعظم ذوالفقارعلی بھٹو سے ملاقات کی اور انہیں بتایا کہ وہ کس طریقے سے ایٹم بم بنا سکتے ہیں۔ جب ایٹم بم پاکستان نے بنایا تو اس میں بہت تسلسل اور رازداری رہی، چاہے پاکستان میں مختلف حکومتیں آئیں لیکن ہر حکومت نے ایٹمی پروگرا م کو جاری رکھا۔ اللہ تعالیٰ ان تمام شخصیات کو جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے کہ جن کے مخلصانہ کردار کی وجہ سے آج ہم فخر کیساتھ سر اٹھا کر چل سکتے ہیں کہ ہم ایک ناقابل تسخیر پاکستان کے باسی ہیں۔