پاک بھارت کشیدگی، وزیر اطلاعات اور ڈی جی آئی ایس پی آر سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کو بریفنگ دیں گے
اشاعت کی تاریخ: 3rd, May 2025 GMT
اسلام آباد:
پاک بھارت کشیدگی اور موجودہ صورت حال کے پیش نظر سیاسی جماعتوں کے سرکردہ رہنماؤں کو قومی سلامتی کی صورت حال سے متعلق بریفنگ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور ڈی جی آئی ایس پی آر جنرل احمد شریف کل (اتوار) کو تمام سیاسی جماعتوں کے سرکردہ راہنماؤں کو موجودہ قومی سلامتی کی صورتحال پر اہم بیک گراؤنڈ بریفنگ دیں گے۔
یہ بریفنگ پاکستان اور بھارت کے درمیان موجودہ قومی سلامتی کی کی صورتحال اور اس کے مضمرات کے حوالے سے ہو گی۔ اعلامیے کے مطابق شرکاء کو افواج پاکستان کی دفاعی تیاریوں، سفارتی اقدامات اور ریاستی مؤقف سے آگاہ کیا جائے گا۔
موجودہ صورتحال میں یہ بریفنگ قومی یکجہتی اور اتحاد واتفاق کی اعلی مثال ہے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
وزیر اطلاعات اور ڈی جی آئی ایس پی آر سیاسی رہنماؤں کو بریفنگ دیں گے
وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ اور ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) انٹر سروسز پبلک ریلیشن (آئی ایس پی آر) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کل سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کو بریفنگ دیں گے۔
وزارت اطلاعات کے مطابق سیاسی رہنماؤں کو دفاعی تیاریوں، سفارتی اقدامات اور ریاستی مؤقف سے آگاہ کیا جائے گا۔
دوسری جانب وزارت اطلاعات کا کہنا ہے کہ پاکستانی اور بین الاقوامی میڈیا کو آج اور کل لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کا دورہ کروایا جائے گا، دورے کا مقصد بھارت کے خیالی دہشت گردی کے کیمپس کے من گھڑت پروپیگنڈے کو بے نقاب کرنا ہے۔
وزارت اطلاعات کا کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے ایل او سی پر دہشت گردوں کے مبینہ ٹھکانوں کا من گھڑت پروپیگنڈا کیا جاتا رہا ہے، میڈیا کو ان مقامات پر لے جایا جائے گا جن کا جھوٹا پروپیگنڈا بھارت کرتا ہے۔
پاکستانی اور بین الاقوامی میڈیا کو حقائق سے آگاہ کیا جائے گا، پاکستان پوری دنیا میں کسی بھی طرح کی دہشت گردی کی حمایت نہیں کرتا، پاکستان کسی بھی طرح کے دہشت گردانہ اقدامات کی حمایت نہیں کرتا۔
وزارت اطلاعات و نشریات کا کہنا ہے کہ پاکستان پر بھارت کی جانب سے کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔