بھارت میں عمران خان کے ایکس اکاؤنٹ کی بندش، پی ٹی آئی کا سخت ردعمل سامنے آگیا
اشاعت کی تاریخ: 5th, May 2025 GMT
اسلام آباد:
مودی سرکار کی جانب سے بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے ایکس اکاؤنٹ کی بندش کے معاملے پر پارٹی نے سخت ردعمل دیا ہے۔
ترجمان پاکستان تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ مودی کی ہندوتوا سرکار اپنی اصل میں بے ہودگی، شر اور سفاکیت کی جیتی جاگتی تصویر ہے۔ جنگی جنون اور فتنہ انگیزی پر آمادہ غاصب سرکار کے لیے حق اور امن کے لیے اٹھنے والی ہر معتبر آواز ناقابلِ برداشت اور اپنے مکروہ عزائم کی راہ میں رکاوٹ نظر آتی ہے۔
پی ٹی آئی ترجمان نے کہا کہ عمران خان کی اہلِ عالم میں ساکھ اور عالمی امن کے لیے علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر ان کا کردار بھارت کی متعصب اور شریر سرکار کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے۔
ترجمان نے کہا کہ پلوامہ کے بعد عمران خان کے مودی کو سکھائے گئے سبق کی بازگشت ہند کے ایوانوں میں ہمیشہ گونجتی رہے گی اور مودی کو کسی ایڈونچر سے باز رکھنے میں معاون ثابت ہوگی۔
بھارت اقدام پر ردعمل دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ عمران خان ناحق قید کے بجائے منصبِ قیادت پر ہوتے تو مودی کو زبانی بڑھکیں ہانکنے اور خطے کے امن کو خطرے میں ڈالنے کے خواب دیکھنے کی بھی جرات نہ ہوتی۔
ترجمان کے مطابق ہندوستان میں عمران خان کے ایکس اکاؤنٹ کی بندش سے مودی سرکار کا بدنما چہرہ چھپ سکے گا اور نہ ہند سرکار اپنے مکروہ عزائم کی تکمیل کی آسودگی کا کچھ سامان پا سکے گی۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: عمران خان کے
پڑھیں:
توشہ خانہ ریکارڈ، وزیراعظم اور اسحاق ڈار کے تحائف کی تفصیلات سامنے آگئیں
اسلام آباد(رضوان عباسی ): توشہ خانہ ریکارڈ میں وزیراعظم شہباز شریف اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار کو اپریل سے جون 2026 کے دوران مختلف غیر ملکی شخصیات اور وفود کی جانب سے ملنے والے سرکاری تحائف کی تفصیلات سامنے آ گئی ہیں۔
کابینہ ڈویژن کی دستاویزات کے مطابق اس عرصے میں موصول ہونے والے تمام سرکاری تحائف توشہ خانہ قواعد کے تحت کابینہ ڈویژن میں جمع کرا دیے گئے ہیں، جبکہ ان کی مالیت کے تعین (ویلیوایشن) کا عمل تاحال جاری ہے۔
دستاویزات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کو مختلف ممالک کے سربراہان، اعلیٰ حکام اور سرکاری وفود کی جانب سے متعدد یادگاری تحائف پیش کیے گئے۔ ان میں شوگر باؤل، گاڑی کا فریم شدہ ماڈل، شیلڈز، قیمتی قلم، کف لنکس، ٹائی، کافی کپ اور واٹر گلاس سیٹ، چائے کے کپ اور ساسرز، آرائشی واز، ایرانی فیروزہ اِنلے دستکاری پر مشتمل پانچ پیس سیٹ، روایتی چینی اسکرول پینٹنگ، چائنا اسپیس اسٹیشن کا ماڈل اور دیگر سووینئرز شامل ہیں۔
اسی طرح نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار کو بھی مختلف ممالک کی جانب سے متعدد سرکاری تحائف دیے گئے، جن میں مصری طرز کا مجسمہ، مسجد نبوی ﷺ کا ماڈل، کف لنکس اور دیگر یادگاری اشیا شامل ہیں۔
دستاویزات میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ڈپٹی چیف آف پروٹوکول محمد ارسلان میر کو ایک قیمتی ڈائمنڈ کلیکشن رسٹ واچ بطور سرکاری تحفہ موصول ہوئی، جس کی مالیت کا تعین بھی جاری ہے۔
کابینہ ڈویژن کے مطابق توشہ خانہ ریکارڈ میں شامل تمام تحائف متعلقہ قوانین اور قواعد کے مطابق وصول کیے گئے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ویلیوایشن مکمل ہونے کے بعد توشہ خانہ رولز کے مطابق آئندہ کارروائی کی جائے گی۔
سرکاری ذرائع کے مطابق تحائف کی مالیت کا تعین مکمل ہونے کے بعد قواعد کے مطابق یہ فیصلہ کیا جائے گا کہ متعلقہ حکام ان تحائف کو اپنے پاس رکھ سکتے ہیں یا انہیں سرکاری تحویل میں برقرار رکھا جائے گا۔