اداکار وجے کے باڈی گارڈ نے پرستار پر بندوق تان لی
اشاعت کی تاریخ: 7th, May 2025 GMT
جنوبی بھارت کی تامل فلموں کے معروف اداکار جوزف وجے چندرا شیکھر المعروف وجے کے سیکیورٹی اسٹاف نے تامل ناڈو کے مادو رائے ایئرپورٹ پر اس وقت ایک پرستار پر بندوق تان لی جب اس نے وجے کے قریب جانے کی کوشش کی۔
سوشل میڈیا پر اس صورتحال کو ڈراؤنا اور پریشان کن قرار دیا گیا۔
واضح رہے کہ اداکار اور تامل ناڈو کی علاقائی سیاسی جماعت تمیلاگا ویٹری کازاہغم کے سربراہ 51 سالہ وجے حال ہی میں زیر تکمیل فلم کوڈائیکنال کی شوٹنگ سے جب مادو رائے ایئرپورٹ پہنچے تو انھوں نے وہاں موجود لوگوں اور پرستاروں کی جانب دیکھ کر ہاتھ لہرایا۔
اس موقع پر ایک پرستار نے انکے قریب جانے کی کوشش کی، تو انکے باڈی گارڈ نے اپنی بندوق نکال کر اس پر تان لی اور اسے پکڑ کر پیچھے کیا، جس سے سوشل میڈیا صارفین صدمے کا شکار ہوئے اور اسے ڈراؤنا قرار دیا۔
تاہم مذکورہ بالا پرستار کا اس حوالے سے میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ اسے نہیں معلوم تھا کہ ان کے پاس بندوق ہے، انھوں نے یہ سیکیورٹی کی وجہ سے کیا ہوگا اور میں نہیں سمجھتا کہ انھوں نے کچھ غلط کیا۔
Post Views: 4.ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
اداکار انور علی کی طبیعت ناساز، لاہور کے نجی اسپتال میں داخل
معروف فلم، ٹی وی اور اسٹیج اداکار انور علی کی طبیعت شدید ناساز ہونے کے باعث انہیں لاہور کے ایک نجی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
71 سالہ اداکار کو فالج اور دل کے مسائل لاحق ہیں، جن کے باعث وہ گزشتہ کچھ مہینوں سے علیل تھے۔
ذرائع کے مطابق، انور علی کی حالت گزشتہ تین دنوں میں خراب ہوئی، جس کے بعد انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ اس وقت آئی سی یو میں زیر علاج ہیں۔
ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ انور علی کا علاج جاری ہے اور وہ اب روبصحت کی جانب بڑھ رہے ہیں۔
اداکار کے بیٹے نے میڈیا کو بتایا کہ انور علی گزشتہ کئی ماہ سے مختلف طبی مسائل کا سامنا کر رہے تھے، تاہم ان کی صحت کا حالیہ بگڑنا خاندان کے لیے تشویش کا باعث بنا ہے۔
انور علی کا شمار پاکستانی فلم اور تھیٹر کی دنیا کے بہترین کامیڈینز اور اداکاروں میں ہوتا ہے جنہوں نے اپنی انفرادیت اور مزاح کے ذریعے لاکھوں دل جیتے۔
اداکار انور علی کے مداح اور شوبز شخصیات ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں۔