پاکستانی ٹیسٹ ٹیم کی مسلسل ناقص کارکردگی پر قومی ٹیم کے کپتان شان مسعود کو قیادت سے ہٹائے جانے کا امکان ہے۔

قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کی مسلسل خراب کارکردگی کے بعد کپتان شان مسعود کی قیادت پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) ان کی جگہ نئے کپتان کے انتخاب پر سنجیدگی سے غور کر رہا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ موجودہ نائب کپتان سعود شکیل کو ٹیم کی قیادت سونپنے کی تیاری مکمل کی جا چکی ہے اور اس سلسلے میں باضابطہ اعلان جلد متوقع ہے جبکہ قیادت میں تبدیلی کا فیصلہ حتمی مراحل میں داخل ہو چکا ہے۔

یہ پیشرفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب حال ہی میں یہ خبریں منظر عام پر آئیں کہ سابق کپتان مصباح الحق کو ٹیسٹ ٹیم کا نیا ہیڈ کوچ بنانے کی تجویز زیر غور ہے تاہم پی سی بی کی جانب سے اس کی تاحال تصدیق نہیں کی گئی۔

شان مسعود کو نومبر 2023 میں ٹیسٹ ٹیم کی باگ ڈور سونپی گئی تھی مگر ان کے دورِ قیادت میں پاکستان کو مطلوبہ کامیابیاں حاصل نہیں ہو سکیں۔ ان کی قیادت میں کھیلے گئے 12 ٹیسٹ میچز میں پاکستان نے صرف 3 میں فتح حاصل کی جبکہ 9 میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ خاص طور پر ہوم گراؤنڈ پر بنگلادیش کے خلاف تاریخی شکست نے صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا دیا۔

ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2023-25 میں بھی قومی ٹیم کی کارکردگی مایوس کن رہی، جہاں پاکستان نویں پوزیشن پر موجود ہے۔ سلیکشن کمیٹی اور ٹیم انتظامیہ شان مسعود کی حکمت عملی اور میدان میں فیصلوں سے غیر مطمئن نظر آتی ہے، جس کے باعث قیادت کی تبدیلی اب ناگزیر دکھائی دے رہی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی اس معاملے پر جلد باضابطہ اعلان کرے گا، جس کے بعد ٹیسٹ کرکٹ میں قیادت کا نیا باب شروع ہونے کا امکان ہے۔

.

ذریعہ: Daily Ausaf

کلیدی لفظ: ٹیسٹ ٹیم ٹیم کی

پڑھیں:

78 ویں یومِ آزادی پر سیاسی و حکومتی قیادت کا قوم کے نام پیغام، اتحاد، قربانی اور ترقی کے عزم کا اعادہ

پاکستان کے 78 ویں یومِ آزادی کے موقع پر ملک کی اعلیٰ سیاسی و عدالتی قیادت اور حکومتی شخصیات نے قوم کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے وطنِ عزیز کے تحفظ، ترقی اور جمہوریت کے استحکام کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

چیف جسٹس آف پاکستان نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ یومِ آزادی محض ایک تاریخی واقعہ نہیں بلکہ یہ اجتماعی ذمہ داریوں کے اعادے کا دن ہے۔ ہمیں ایسا معاشرہ بنانا ہے جہاں انصاف کی موجودگی ہر فرد روزمرہ زندگی میں محسوس کرے۔

یومِ آزادی محض ایک تاریخی واقعہ نہیں بلکہ یہ اجتماعی ذمہ داریوں کے اعادے کا دن ہے۔ ہمیں ایسا معاشرہ بنانا ہے جہاں انصاف کی موجودگی ہر فرد روزمرہ زندگی میں محسوس کرے۔

انہوں نے کہا کہ آئین عوام کی امنگوں کا ترجمان اور بنیادی حقوق کی ضمانت ہے، جسے تمام اداروں کو دیانتداری اور غیر جانبداری سے برقرار رکھنا ہوگا۔

وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی خالد حسین مگسی نے یومِ آزادی پر تمام پاکستانیوں اور اوورسیز کمیونٹی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ دن شکر، فخر اور قربانیوں کی یاد دہانی ہے۔ ہماری مسلح افواج نے ہر محاذ پر ملک کا وقار بلند رکھا۔ ‘آپریشن بنیان مرصوص’ قومی سلامتی کی نئی مثال ہے۔

سینئر وزیر سندھ شرجیل انعام میمن نے یوم آزادی کے موقع پر قوم سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا یہ دن ہماری جدوجہد، قربانیوں اور اتحاد کی علامت ہے۔ ‘بنیان مرصوص’ اور ‘معرکہِ حق’ کی کامیابیاں بتاتی ہیں کہ ہماری افواج ہر محاذ پر قوم کے ساتھ کھڑی ہیں۔

انہوں نے جمہوری رہنماؤں اور شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ترقی جمہوری اداروں کی مضبوطی سے جڑی ہے۔

صوبائی وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے اپنے پیغام میں کہا کہ 14 اگست کا دن قربانیوں اور انتھک جدوجہد کی یاد دلاتا ہے۔ پولیس، رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ یکجہتی اور حب الوطنی کے جذبے سے ملک کو پرامن اور خوشحال بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

رہنما پیپلز پارٹی شازیہ مری نے اپنے پیغام میں کہا کہ قائداعظمؒ اور تحریکِ آزادی کے کارکنان کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔ معرکہ حق کی کامیابی نے جشنِ آزادی کی خوشی کو دوگنا کر دیا ہے۔

انہوں نے مسلح افواج، شہداء اور غازیوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کشمیری عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان کے دفاع و ترقی کیلئے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں، اور آج کے دن اختلافات سے بالاتر ہو کر انصاف، مساوات اور خدمتِ خلق پر متحد ہونا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے پوری قوم، خصوصاً صوبے کے عوام کو 78ویں یومِ آزادی کی دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ جشنِ پاکستان صرف خوشی کا دن نہیں، بلکہ قربانیوں، نظریات اور عہد کی تجدید کا دن ہے۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ پاکستان کا قیام برصغیر کے مسلمانوں کی طویل جدوجہد اور بے مثال قربانیوں کا نتیجہ ہے۔ ہمیں اپنے اسلاف کے نظریات پر کاربند رہ کر وطن عزیز کو ایک عظیم فلاحی ریاست بنانا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم آزادی کی 78ویں سالگرہ کے ساتھ ساتھ ‘معرکہ حق – آپریشن بنیان مرصوص’ کی فتح کا جشن بھی منا رہے ہیں، جس نے یومِ آزادی کی خوشیوں کو دوبالا کر دیا ہے۔ یہ کامیابی ہمارے شہداء کی قربانیوں کا نتیجہ ہے، جنہیں پوری قوم خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے۔

 

متعلقہ مضامین

  • صدر آصف زرداری کو سعودی قیادت کا خط، 78 ویں یوم آزادی کی مبارکباد
  • آج کا دن صرف جشن منانے کا نہیں ذمہ داریوں کا احساس بھی دلاتا ہے، شاہد آفریدی
  • 78 ویں یومِ آزادی پر سیاسی و حکومتی قیادت کا قوم کے نام پیغام، اتحاد، قربانی اور ترقی کے عزم کا اعادہ
  • اطہر مسعود نے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنجاب آرٹس کونسل کا چارج سنبھال لیا
  • پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی اجلاس میں ممبران نے قیادت کو آڑے ہاتھوں لے لیا
  • سونے کی قیمت میں کمی ریکارڈ، فی تولہ کتنے کا ہوگیا؟
  • سعودی عرب میں ملازمت کے خواہشمند پاکستانیوں کے لیے خوشخبری
  • سعودی عرب میں بلیو کالر ملازمتوں کے خواہش مند پاکستانیوں کیلیے بڑی خبر
  • جولائی 2025 کیلئے آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ کا اعلان
  • پرو ہاکی لیگ میں شرکت سے پاکستان کی عالمی رینکنگ میں اضافہ ہوگا، سابق قومی کپتان