موبائل کمپنی نوکیا کا مکمل ٹرانسپیرنٹ فون؟ وائرل ویڈیو کی حقیقت جانیے
اشاعت کی تاریخ: 19th, May 2025 GMT
سوشل میڈیا پر ان دنوں ایک ویڈیو نے خوب ہلچل مچائی ہوئی ہے، جس میں ایک خاتون کو ایک نہایت منفرد، شفاف موبائل فون استعمال کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
دیکھنے والوں کو پہلی نظر میں یہ فون شیشے سے بنا ہوا محسوس ہوتا ہے، جیسے کسی سائنس فکشن فلم سے آیا ہو۔ چونکہ اس فون پر "Nokia" لکھا نظر آتا ہے، اس لیے لوگوں نے فوری طور پر اندازہ لگایا کہ شاید نوکیا نے کوئی نیا اور انقلابی ’’ٹرانسپیرنٹ فون‘‘ متعارف کرا دیا ہے۔ بعض افراد نے تو اس کی قیمت بھی خود سے لگالی .
تاہم، حقیقت اس قیاس آرائی سے خاصی مختلف نکلی۔
نوکیا یا HMD گلوبل کی جانب سے اس نوعیت کے کسی فون کا کوئی اعلان یا تصدیق سامنے نہیں آئی۔ بلکہ نوکیا کے حالیہ ماڈلز جیسے کہ Nokia 235 4G، Nokia 2660 Flip، اور Nokia 3210 (2024) ، جو 1999 کے کلاسک فون کا نیا انداز ہے، یہ سب فونز جدید سہولیات جیسے 4G، بلوٹوتھ اور طویل بیٹری لائف تو رکھتے ہیں، لیکن شفاف یا کرسٹل نما ڈیزائن ان میں سے کسی کا بھی حصہ نہیں۔
حقیقت کا پردہ خود اس ویڈیو کی خالق خاتون نے ایک وضاحتی ویڈیو کے ذریعے چاک کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ویڈیو میں نظر آنے والا فون دراصل کوئی اصل فون نہیں، بلکہ ’’میٹافون‘‘ نامی ایک تجرباتی ماڈل ہے۔ یہ ایک آئی فون کی شکل کا ایکریلیک (Acrylic) سے تیار کردہ آلہ ہے، جس کا مقصد اصل فون کا صرف ’’احساس‘‘ دینا ہے، بغیر کسی اسکرین، ایپ یا سگنل کے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ تجربہ ان کے ایک دوست کا تخلیقی منصوبہ تھا، جو یہ جانچنا چاہتے تھے کہ اگر ہم سب اس قدر فون کے عادی ہو چکے ہیں تو کیا صرف ایک فون کی شکل و صورت، بغیر فنکشن کے، ہمیں وہی جذباتی تسکین دے سکتی ہے؟ اور کیا اس سے موبائل کی لت کم ہو سکتی ہے؟
خاتون نے مزید بتایا کہ یہ میٹافون دراصل ایک علامتی چیز ہے، جو اس احساس کو اجاگر کرتا ہے کہ ہم جن آلات کے ذریعے جڑنے کی کوشش کرتے ہیں، وہی ہمیں ایک دوسرے سے دور کرتے جا رہے ہیں۔ ان کے مطابق، وہ اکثر ٹیکنالوجی کے منفی سماجی اثرات پر تبصرہ کرتی رہتی ہیں، اور ’’میٹافون‘‘ اسی نقطۂ نظر سے ایک فنکارانہ اظہار تھا، جو اب دنیا بھر کے صارفین کی توجہ کا مرکز بن چکا ہے۔
گویا، نوکیا کا شفاف فون فی الحال حقیقت نہیں، بلکہ ایک تخلیقی تجربہ ہے، اور سوشل میڈیا کی دنیا میں اس قسم کی بصری فریب کاری اب کوئی نئی بات نہیں۔
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
مون سون میں سفید جوتوں کی حفاظت کیسے کریں؟ جانیے
data-id="863a0a8" data-element_type="widget" data-widget_type="theme-post-content.default">
فیشن صرف لباس تک محدود نہیں ہوتا بلکہ یہ انسان کی شخصیت، انفرادیت اور تخلیقی صلاحیتوں کے اظہار کا ایک اہم ذریعہ بھی ہے۔
ایسے کئی فیشن آئٹمز ہیں جو وقت یا موقع کی پابندی سے آزاد ہوتے ہیں، اور ان میں سفید جوتے سرفہرست ہیں۔ چاہے وہ چمڑے کے ہوں، کینوس کے یا میش میٹیریل سے بنے ہوں، سفید جوتے ہر الماری کا لازمی جزو سمجھے جاتے ہیں۔ تاہم، مون سون کے موسم میں ان کی صفائی اور چمک کو برقرار رکھنا ایک چیلنج بن جاتا ہے کیونکہ بارش، کیچڑ اور مٹی کے داغ ان کی خوبصورتی کو متاثر کرتے ہیں۔
اسی مسئلے کے حل کے لیے ایک آسان اور مؤثر ‘ڈو اِٹ یورسیلف’ (DIY) گائیڈ تیار کی گئی ہے جس میں گھریلو اشیاء کی مدد سے سفید جوتے صاف کرنے کے طریقے بیان کیے گئے ہیں۔ سب سے پہلے ضروری ہے کہ جوتے کے میٹیریل کی شناخت کی جائے تاکہ اس کے مطابق صفائی کا درست طریقہ اختیار کیا جا سکے اور کسی ممکنہ نقصان سے بچا جا سکے۔
اگر جوتے میش میٹیریل کے ہوں تو نیم گرم پانی میں چند قطرے برتن دھونے والا مائع شامل کر کے نرم برش یا پرانے ٹوتھ برش کی مدد سے جوتے آہستہ آہستہ صاف کیے جا سکتے ہیں۔ کینوس جوتوں کے لیے سفید ٹوتھ پیسٹ انتہائی مؤثر ہے؛ برش سے نرمی سے رگڑنے پر داغ صاف ہو جاتے ہیں۔ چمڑے کے جوتوں کی چمک بحال کرنے کے لیے سفید باڈی لوشن کا استعمال کریں؛ نرم کپڑے پر تھوڑی مقدار میں لوشن لگا کر جوتوں پر ہلکے ہاتھ سے پونچھیں، جوتے نئے جیسے دکھائی دیں گے۔
مزید یہ کہ کچھ جوتے ایسی بھی نوعیت کے ہوتے ہیں جنہیں واشنگ مشین میں دھونا ممکن ہوتا ہے، بشرطیکہ ان پر دی گئی ہدایات ایسا کرنے کی اجازت دیتی ہوں۔ ایسی صورت میں مناسب سیٹنگ اور ہلکے ڈٹرجنٹ کا استعمال کرتے ہوئے مشین سے صفائی کی جا سکتی ہے۔ اگر کسی قسم کا خدشہ ہو تو بہتر یہی ہے کہ کسی ماہر کلینر سے مشورہ کیا جائے۔
ان سادہ اور آزمودہ طریقوں کو اپناتے ہوئے آپ نہ صرف بارش کے دنوں میں اپنے سفید جوتوں کی خوبصورتی کو برقرار رکھ سکتے ہیں بلکہ اپنے انداز میں بھی پُر اعتماد انداز سے جلوہ گر ہو سکتے ہیں۔