تحسین سکینہ کو عابدہ پروین کے پاؤں چھونے پر تنقید کا سامنا
اشاعت کی تاریخ: 20th, May 2025 GMT
معروف صوفی گلوکارہ تحسین سکینہ کو حال ہی میں عالمی شہرت یافتہ لیجنڈری گلوکارہ عابدہ پروین کے پاؤں چھونے پر سوشل میڈیا صارفین کی تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔عابدہ پروین پاکستان کی لیجنڈ صوفی گلوکارہ ہیں جنہیں ’سروں کی ملکہ‘ بھی کہا جاتا ہے۔ انہوں نے اپنی پوری زندگی صوفی موسیقی کے لیے وقف کر دی ہے۔ان کے مشہور کلام میں ’یار کو ہم نے جا بجا دیکھا‘، ’تو جھوم‘ اور ’من کن تو مولا‘ شامل ہیں۔ دنیا بھر میں اُن کے چاہنے والوں کی ایک بڑی تعداد موجود ہے جو ان کی روحانیت، سادگی اور فنی عظمت کو سراہتی ہے اور اکثر انہیں روحانی استاد بھی قرار دیا جاتا ہے۔تاہم حال ہی میں، سوشل میڈیا پر ایک وائرل ویڈیو میں گلوکارہ تحسین سکینہ کو عابدہ پروین سے عاجزی کے ساتھ پاؤں چھونے کی اجازت مانگتے دیکھا گیا۔ ویڈیو میں وہ کہتی ہیں کہ ’براہِ کرم مجھے صرف ایک بار اپنے پاؤں چھونے کی اجازت دے دیں، یہ میری عاجزانہ درخواست ہے۔‘اجازت ملنے پر تحسین سکینہ نے جھک کر عابدہ پروین کے پاؤں چھوئے، جس کے بعد عابدہ پروین نے انہیں گلے لگا کر دعائیں اور نیک تمنائیں دیں اور کہا کہ ’خوش رہو۔‘یہ واقعہ سوشل میڈیا پر خاصی توجہ حاصل کر چکا ہے، صارفین کو تحسین سکینہ کا یہ عمل پسند نہیں آرہا اور وہ اس پر ناپسندیدگی کا اظہار بھی کر رہے ہیں۔ایک صارف نے تبصرہ کیا کہ ’جھکنا صرف اللہ کے لیے ہے، انسان کے آگے جھکنا شرک کے زمرے میں آتا ہے۔ایک اور صارف نے لکھا کہ ’اس میں کوئی شک نہیں کہ عابدہ پروین ایک عظیم فنکارہ ہیں، لیکن پاؤں چھونے کا عمل کسی طور قابلِ قبول نہیں۔واضح رہے کہ تحسین سکینہ پاکستان کی ابھرتی ہوئی صوفی گلوکارہ ہیں جنہیں ان کی روح پرور آواز کی وجہ سے ’جونیئر عابدہ پروین‘ بھی کہا جاتا ہے۔ ان کے مشہور کلام میں جانم، ڈھولا، سخی لالن سرکار اور دیگر شامل ہیں۔
ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: عابدہ پروین تحسین سکینہ
پڑھیں:
صدرِ مملکت کا شمالی وزیرستان میں بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کی ہلاکت پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل میں بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد تنظیم “فتنۃ الخوارج” کے 30 شدت پسندوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی کو سراہا ہے اور افواجِ پاکستان کی بہادری، پیشہ ورانہ مہارت اور قومی خدمت کے جذبے پر خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ انٹیلیجنس پر مبنی اس مؤثر کارروائی میں دہشت گردوں کے نیٹ ورک کا قلع قمع کیا گیا، جو افواجِ پاکستان کی مضبوط حکمت عملی اور عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک دہشت گرد عناصر کا مکمل خاتمہ نہیں ہو جاتا، سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں بھرپور انداز میں جاری رہیں گی۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز کا بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیاں کرنا نہ صرف خوش آئند ہے بلکہ یہ ملک کی سالمیت اور امن کے لیے ایک مؤثر قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی قوم کا عزم غیر متزلزل ہے اور ریاست ہر قیمت پر ملک کے دفاع کو یقینی بنائے گی۔
صدر مملکت نے “فتنۃ الخوارج” جیسے دہشت گرد گروہوں کے مکمل خاتمے کے قومی عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم افواجِ پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے اور دہشت گردوں کے خلاف یہ جنگ ملک کی بقاء، سلامتی اور استحکام کے لیے ہے۔
Post Views: 2