مظفرآباد/ اسلام آباد (نامہ نگار/ خبرنگار خصوصی ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بھارت سے 1971 کی شکست کا بدلہ لے لیا۔ مودی سرکار اب پاکستان پر حملہ کرنے سے پہلے سو مرتبہ سوچے گی۔ پاکستان نے روایتی جنگ میں اپنی برتری ثابت کر دی۔ انشاء اللہ قیامت تک نیوکلیئر ہتھیاروں کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ یہ حالیہ تاریخ میں مختصر ترین جنگ تھی۔ آئندہ دشمن پاکستان کو کبھی میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں کرے گا۔ افواج پاکستان کے شہداء اور عوام نے اپنے خون سے نئی تاریخ رقم کر دی۔ وقت آ گیا ہے کہ قوم اتحاد و اتفاق سے معاشی طاقت بننے کا سفر بھی طے کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو معرکہ حق کے دوران آزاد کشمیر میں شہید ہونے والے شہریوں کے ورثاء میں امدادی رقوم کی تقسیم کی تقریب سے خطاب میں کیا۔ شہباز شریف نے  شہداء کے ورثاء میں امدادی چیک تقسیم کئے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ چند روز قبل پاکستان اور بھارت کے درمیان ایسی جنگ چھڑی جو خطرناک رخ اختیار کر سکتی تھی۔ جنگ کے نتائج بھیانک ہو سکتے تھے۔  پہلگام واقعہ افسوسناک تھا جس کی آڑ میں بھارت نے پاکستان پر بے بنیاد الزامات کی بوچھاڑ کر دی۔ پاکستان نے دنیا کو باور کرایا کہ بھارت کے الزامات بے بنیاد، جھوٹ پر مبنی اور سازش کا حصہ ہیں جو خطے کے امن کو تباہ و برباد کر سکتے ہیں۔  کاکول میں خطاب کے دوران میں نے اعلان کیا کہ پاکستان پہلگام واقعہ پر غیر جانبدارانہ عالمی تحقیقات کیلئے تیار ہے لیکن بھارت کو یہ بات ہضم نہ ہوئی اور اس نے ہماری پیشکش کو نظر انداز کرتے ہوئے پاکستان پر حملہ کر دیا۔  بھارت نے نہتے پاکستانیوں پر حملہ کیا۔ افواج پاکستان نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا لیکن ہماری مسلح افواج نے شہری آبادی کو نشانہ بنانے کی بجائے 6 بھارتی جہاز مار گرائے جن پر انہیں بہت ناز تھا اور الفتح میزائلوں سے بھارت کو چھٹی کا دودھ یاد دلا دیا۔ لیکن بھارت نے تواتر سے الزامات اور لگاتار حملے جاری رکھے۔ دنیا کے بے شمار ممالک پوری طرح یکسو تھے کہ پاکستان حق پر ہے اور اس نے جو عالمی تحقیقاتی کمیشن کی پیشکش کی ہے یہ اس کے ہاتھ صاف ہونے کا ثبوت ہے۔ بھارت کو گھمنڈ تھا کہ پوری دنیا کی طاقتیں اس کے ساتھ کھڑی ہو جائیں گی لیکن بھارت کے دوست ممالک نیوٹرل ہو گئے اور جو نیوٹرل تھے انہوں نے پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا اور ہمارے موقف کو جائز قرار دیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے جو 6 جہاز گرائے تھے اور بھارتی تنصیبات کو جو نقصان پہنچایا تھا وہ دفاع میں کیا تھا۔ 9 مئی کی رات ہم نے نپا تلا حملہ کرنے کا فیصلہ کیا اور 10 مئی کی صبح میری سپہ سالار سے بات ہوئی۔ انہوں نے بتایا کہ بھارت نے نورخان ایئربیس اور دیگر جگہوں پر میزائلوں سے حملہ کیا ہے۔ سپہ سالار کی آواز میں بلا کا اعتماد، جوش اور ولولہ تھا اور انہوں نے مجھے کہا کہ بھارت کو ایسا تھپڑ رسید کیا جائے جو قیامت تک اسے یاد رہے۔ اس کے نتیجہ میں پٹھان کوٹ سے لے کر ان کا کوئی بھی ایئربیس ہمارے شاہینوں کی پہنچ اور میزائلوں کی زد سے باہر نہیں تھا۔ صبح 9 بجے سپہ سالار کا دوبارہ فون آیا کہ انہیں پیغام دیا گیا ہے کہ بھارت سیز فائر یعنی گھٹنے ٹیکنے کیلئے  تیار ہے۔ 24 کروڑ عوام کی دعاؤں کی بدولت معرکہ حق میں عظیم فتح نصیب ہوئی۔ معرکہ حق میں پوری قوم افواج پاکستان کی پشت پر کھڑی رہی۔ مسلح افواج ملکی خود مختاری اور سالمیت کے تحفظ کیلئے پوری طرح تیار ہیں۔  اتحاد و اتفاق سے اب ملک کو معاشی طاقت بنانا ہے۔ یہ تاریخ کی مختصر ترین جنگ تھی جس میں سپہ سالار کی دلیرانہ اور دانشمندانہ قیادت اور اللہ پر بے پناہ توکل نے کامیابی عطا فرمائی۔  شبانہ روز محنت سے پاکستان کو معاشی طور پر مستحکم بنا رہے ہیں۔ اتحاد و اتفاق کے ساتھ آگے بڑھیں گے تاکہ دشمن  میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہ کر سکے۔  دن رات محنت کرکے قرضوں سے بھی چھٹکارا حاصل کریں گے۔ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا جو آج بھی اپنے حق کیلئے چٹان کی طرح کھڑے ہیں اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت ملنے تک پاکستان کشمیریوں کے ساتھ کھڑا رہے گا۔ مظفرآباد سے سرینگر کے عوام کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ وہ پاکستان کو کبھی پیچھے نہیں پائیں گے اور وہ دن ضرور آئے گا جب کشمیریوں کو ان کا حق ملے گا اور کشمیر پاکستان بنے گا۔ امدادی پیکج کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ  شہید شہریوں کے ورثاء کو ایک کروڑ روپے اور زخمیوں کو 10 لاکھ سے 20 لاکھ روپے کے چیک دیئے گئے ہیں اور باقی رہ جانے والے متاثرین کو جلد ادائیگی کر دی جائے گی۔ افواج پاکستان کے شہداء کے ورثاء کو رینک کے حساب سے ایک کروڑ روپے سے ایک کروڑ 80 لاکھ روپے تک کی ادائیگی کی جائے گی۔ شہداء کے ورثاء  کو گھر کی سہولت کیلئے عہدے کے حساب سے ایک کروڑ 90  لاکھ سے لے کر 4 کروڑ 20 لاکھ روپے دیئے جائیں گے۔ شہداء کی  مدت ریٹائرمنٹ تک ان کی مکمل تنخواہ بمعہ الائونسز جاری رہے گی۔ شہداء کے بچوں کو گریجویشن تک مفت تعلیم دی جائے گی۔ شہداء کی صاحبزادیوں کی شادی کیلئے 10 لاکھ روپے کی میرج گرانٹ دی جائے گی۔ افواج پاکستان کے زخمیوں  کو 20 سے 50 لاکھ روپے دیئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وطن کی خاطر قربانی دینے والے عظیم شہداء کے ورثاء اور غازیوں کی خدمت کرنا ہر  حکومت کا فرض ہے۔ علاوہ ازیں  شہباز شریف سے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے ملاقات کی جس میں صوبہ پنجاب سے متعلق امور، مجموعی و سیاسی صورتحال پر  تبادلہ خیال کیا گیا۔ دوسری جانب شہباز شریف نے کہا ہے کہ عالمی بینک نے پاکستان کی ترقی میں بطور ایک اہم شراکت دار کلیدی کردار ادا کیا۔ عالمی بینک کی جانب سے کنٹری پارٹنرشپ  جس کی بدولت پاکستان میں 20 ارب ڈالر سے زائد کی ترقیاتی سرمایہ کاری ہوگی، کیلئے عالمی بینک کے شکر گزار ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی بینک کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔  وزیراعظم نے وفد کا پاکستان میں خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ حکومت عالمی بینک کی ترقیاتی سرمایہ کاری کے ثمرات کے حصول کیلئے عملی اقدامات یقینی بنا رہی ہے۔ ایم ڈی ورلڈ بنک نے کہا پاکستان کی معاشی شعبے میں حالیہ کارکردگی اور استحکام مثالی ہے۔ پاکستان نے میکرو اکنامک استحکام  کیلئے مثبت اقدامات سے ناممکن کو ممکن کر دکھایا۔ پاکستان اور عالمی بینک کے مابین کنٹری پارٹنرشپ کے مثبت نتائج کیلئے تعاون جاری رکھنے کے خواہاں ہیں۔  وزیر اعظم کی قیادت و پاکستانی عوام کی ترقی کیلئے عزم، دیرپا و پائیدار ترقی کیلئے پالیسیوں کے تسلسل بالخصوص سیاسی سطح پر تمام سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لینا اور ملکی پائیدار ترقی کیلئے صحیح ترجیحات کا تعین عالمی بینک کیلئے دوسرے ممالک میں پارٹنرشپ فریم ورک کیلئے قابل تقلید مثال بن گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی شاندار اور موثر قیادت کی بدولت کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک کو دنیا میں پاکستان ماڈل کے نام سے منسوب کیا جا رہا ہے۔ مزید برآں شہباز شریف نے  توانائی کے شعبے  میں  اصلاحات کو حکومت کی اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ گیس کے شعبے میں مزید اصلاحات سے گردشی قرضے کے حجم کو بتدریج کم کرکے ختم کیا جائے۔  شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں گیس کی فراہمی و کھپت کے حوالے  سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیراعظم کو ملک میں گیس کی فراہمی و کھپت پر طویل مدتی جامع منصوبہ پیش کیا گیا۔  شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں بندرگاہوں پر جدید ٹیکنالوجی متعارف کی جا رہی ہے۔ ہم بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو  تمام سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔ شہباز شریف سے ہچیسن پورٹس کے سی ای او ایرک اپ  نے ملاقات کی۔ آئی ایم ایف وفد سے ملاقات میں شہباز شریف نے کہا ہے کہ میکرو اکنامک سطح پر اصلاحات کے ساتھ ساتھ ادارہ جاتی اصلاحات میں تیزی لانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ملاقات میں پاکستان میں جاری آئی ایم ایف کے پروگرام پر بات چیت کی گئی اور حکومت کی آئی ایم ایف پروگرام پر عملدرآمد کے حوالے سے معاشی اصلاحات اور مثبت نتائج پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے پاکستان معاشی استحکام کے بعد ترقی کی جانب گامزن ہے۔ حکومت کی اولین ترجیح ہے کہ میکرو اکنامک سطح پر اصلاحات کے ساتھ ساتھ ادارہ جاتی اصلاحات میں بھی تیزی لائی جائے۔ وفد نے اصلاحات اور معاشی استحکام و ترقی میں آئی ایم ایف کی جانب سے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

.

ذریعہ: Nawaiwaqt

کلیدی لفظ: شہباز شریف نے کہا ہے کہ شہداء کے ورثاء افواج پاکستان پاکستان میں آئی ایم ایف عالمی بینک کہ پاکستان پاکستان نے لاکھ روپے سپہ سالار کرتے ہوئے نے کہا کہ کا اظہار حکومت کی ایک کروڑ بھارت کو بھارت نے انہوں نے کہ بھارت ترقی کی کی ترقی کے ساتھ جائے گی

پڑھیں:

بھارتی مکر وفریب عالمی سطح پر بے نقاب

بھارت بیک وقت کئی محاذوں پر شکست سے دوچار ہے۔ عسکری محاذ پر پاک افواج نے مودی سرکار کے سور مائوں کو جس طرح دھول چٹائی وہ اب تاریخ میں رقم ہو چکا ہے۔ جن رافیل طیاروں پر تکیہ تھا وہ میدان جنگ میں پتوں کی طرح ہوا دینے لگے۔ جس روسی میزائل ڈیفنس سسٹم پر بھارت ناز کر رہا تھا وہ پہلے ہی ہلے میں ڈھیر ہو گیا ۔ رہی بات اسرائیلی ڈرون کی تو انہیں پاکستان میں فوج اور عوام نے کھلونوں کی طرح برتتے ہوئے کسی پریشانی کے بغیر مار گرایا۔ بھارتی حزب اختلاف اب بی جے پی سرکار اور پردھان منتری نریندر مودی کے پیچھے ہاتھ دھو کر پڑی ہے۔ کئی چبھتے ہوئے سوال بلا بن کر بی جے پی کے نیتائوں کا پیچھا کر رہے ہیں۔ بھارتی میڈیا کی جگ ہنسائی دنیا بھر میں ہو چکی ۔سرکاری جھوٹ کو ہیجان کا تڑکا لگا کر بھارتی میڈیا نے جو مصالحے دار چاٹ تیار کی تھی وہ اب ہضم کرنا مشکل ہو رہا ہے۔ خبروں کے نام پر ایک سرکس ٹی وی اسکرینوں پر چلتا رہا ۔میڈیائی نوسر بازوں نے کراچی بندرگاہ تباہ کروا دی۔ لاہور کو کھنڈر بنا دیا۔ دارالحکومت میں بھارتی سینا کا قبضہ کروا دیا اور بلوچستان کو پاکستان سے علیحدہ کروا دیا۔ رات کی تاریکی میں جنگی جنون میں مبتلا بی جے پی کے حامی میڈیا کی جعلی رپورٹنگ پر فتح کا جشن مناتے رہے۔ صبح کا سورج طلوع ہوا تو مودی سرکار کی جگ ہنسائی اور بھارت کی شرمناک شکست کا نیا باب رقم ہوا ۔پاکستان پوری قوت اور استقامت سے میدان جنگ میں موجود تھا۔ قوم متحد اور جذبہ حب الوطنی سے سرشار تھی۔ پاکستان کا جوابی حملہ نہایت موثر، برق رفتار اور حیران کن تھا۔ فضائوں میں پاکستانی شاہینوں کا راج تھا اور سرحد پر بھارتی ایئر بیسس پاکستانی میزائلوں کی بوچھاڑ سے مفلوج ہو گئیں۔ پاک بحریہ کی مستعدی کی بدولت بھارتی بحریہ کو آگے بڑھنے کی جرات ہی نہ ہو سکی۔ بی جے پی سمیت مسلم دشمن بھارتی طبقات میں صف ماتم بچھی ہے۔ عسکری محاذ کی شکست کے ساتھ سفارتی محاذ پر بھی مکمل ناکامی نے مودی سرکار کے حواس معطل کر دیئے ہیں۔ گودی میڈیا کی جعلسازی نے بطور ریاست بھارت کی رہی سہی ساکھ ملیا میٹ کر دی ہے۔
عالمی میڈیا پر بھارت کی فیک نیوز فیکٹریوں کا چرچہ ہے ۔ نیویارک ٹائمز کی حالیہ رپورٹ کا عنوان ہی بھارتی جال سازی کا بھانڈا پھوڑنے کے لیے کافی ہے” How the Indian media amplified falsehood in the drumbeat of war” یعنی جنگ کے ہنگامے میں کس طرح بھارتی میڈیا نے جھوٹ کا پرچار کیا۔ بھارت کی بزدل اور پیشہ وارانہ مہارت سے عاری فوج کی فتح کی جھوٹی داستانیں گھڑی گئیں۔ سندھ کے صوبائی دارالحکومت میں بندرگاہ کی تباہی سے لے کر پاکستان کے دو لڑاکا طیارے مار گرانے کی جھوٹی خبروں سے بھارتی عوام اور عالمی برادری کی آنکھوں میں دھول جھونکی ۔سوشل میڈیا پر تو جعلسازی کی انتہا کر دی گئی۔ ویڈیوز، میمز اور مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ مواد کے ذریعے اپنی شکست کو فتح بنا کر پیش کیا۔ حد تو یہ تھی کہ معروف میڈیا ہاس انڈیا ٹوڈے نے بھی پاکستانی طیاروں کے مار گرائے جانے کی جھوٹی خبر نشر کر دی۔ عالمی میڈیا پر تنقید اور جگ ہنسائی کے بعد سینئر صحافی راجدیپ دیسائی کو معذرت کرنی پڑی۔ صحافتی اصولوں کے مطابق حقائق کی جانچ پڑتال کرنے والی ویب سائٹ آلٹ نیوز کو جھوٹی خبریں بے نقاب کرنے کی پاداش میں مقدمات درج کر کے ہراساں کیا گیا۔ یہ ناقابل تردید حقیقت ہے کہ 11 برس کے دور اقتدار میں مودی سرکار نے بھارت میں آزادی اظہار رائے کا بھی گلا گھونٹا اور صحافتی اقدار کو بھی پامال کیا ہے۔ بھارت کی مشکوک حرکات کا ایک اور ثبوت دہشت گرد احسان اللہ احسان کی صورت بے نقاب ہوا ہے۔ پاکستانی اداروں کی حراست سے فرار ہونے والا خارجی احسان بدنام دہشت گرد گروہ کا ترجمان رہا ہے ۔گزشتہ کئی برسوں سے اس دہشت گرد کی تحریریں سنڈے گارڈین نامی شمارے میں شائع ہو رہی ہیں۔ کیا یہ سب بھارتی ایجنسیوں کی مرضی کے بغیر ممکن ہے؟ اس دہشت گرد کی حالیہ تحریر میں پاکستان پر دو مزید فالس فلیگ آپریشنز اور بھارت پر حملوں کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ ظاہر ہے یہ تحریر بھارتی ریاستی اداروں کی ایما پر لکھی گئی ہے۔ لگتا ہے کہ مودی سرکار اندرونی اور بیرونی محاذ پر ذلت کے بعد اپنی ساکھ بحال کرنے کے لیے پاکستان کے لیے نئے جال بن رہا ہے۔ جعلی خبروں اور پروپیگنڈے کے ہتھیار سے لیس بھارت پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے لیے دہشت گردوں کو بے دریغ استعمال کر رہا ہے۔

متعلقہ مضامین

  • ہم نے الفتح مزائلوں سے بھارت کو چھٹی کا دودھ یاد دلایا( وزیر اعظم)
  • بھارت کو چھٹی کا دودھ یاد دلادیا، مودی اب کسی حملے سے پہلے 100بار سوچے گا، وزیر اعظم شہباز شریف
  • مودی اب کسی حملے سے پہلے 100 بار سوچے گا، وزیراعظم شہباز شریف
  • مودی اب پاکستان پر حملے سے پہلے100 بار سوچے گا، وزیراعظم
  • ہمارا جواب منہ توڑ، مودی سرکار پاکستان پر دوبارہ حملے کے لیے سو بار سوچے گی، وزیراعظم
  • 4 دنوں میں بھارت کو جو سبق سکھایا گیا اس سے 1971 کی شکست کا بدلہ لے لیا ، وزیراعظم شہباز شریف
  • پاکستان نے بھارت سے 1971 کی شکست کا بدلہ لے لیا، وزیراعظم شہباز شریف
  • مودی سرکار پاکستان پر دوبارہ حملے کے لیے سو بار سوچے گی، وزیراعظم
  • بھارتی مکر وفریب عالمی سطح پر بے نقاب