’’نازیبا مواد دیکھنے کا الزام‘‘؛ برازیل کے قبیلے نے نیویارک ٹائمز پر ہتک عزت کا مقدمہ کردیا
اشاعت کی تاریخ: 24th, May 2025 GMT
برازیل کے دور دراز ایمیزون جنگلات میں بسنے والے ایک مقامی قبیلے ماروبو نے امریکی اخبار دی نیویارک ٹائمز پر ہتکِ عزت کا مقدمہ دائر کردیا ہے۔
قبیلے کا مؤقف ہے کہ اخبار نے اپنی ایک رپورٹ میں انہیں بے بنیاد طور پر ’’فحش مواد کے عادی‘‘ قرار دے کر ان کی عزت اور تہذیب کو مجروح کیا ہے۔
ماروبو قبیلہ، جو کہ جاواری وادی کے جنگلات میں آباد ہے اور تقریباً دو ہزار افراد پر مشتمل ہے، اب دی نیویارک ٹائمز سے 180 ملین ڈالر (تقریباً 15 سو کروڑ روپے) کا ہرجانہ طلب کر رہا ہے۔ قبیلے کا کہنا ہے کہ اخبار نے انٹرنیٹ تک رسائی حاصل کرنے کے بعد قبیلے کے نوجوانوں کی تصویر اس طرح پیش کی جیسے وہ اخلاقی طور پر گِر چکے ہوں۔
بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق، ماروبو قبیلے کا دعویٰ ہے کہ اس رپورٹ میں انہیں ایسے افراد کے طور پر دکھایا گیا جیسے وہ ٹیکنالوجی کے استعمال کے اہل ہی نہیں، اور ان کے نوجوانوں کو فحش مواد کا شوقین بنا کر پیش کیا گیا۔ مقدمے میں کہا گیا ہے کہ یہ صرف ثقافتی تجزیہ نہیں بلکہ ایک پوری قوم کی کردار کشی اور سماجی حیثیت پر حملہ ہے، گویا وہ جدید دنیا میں جینے کے قابل نہیں۔
قبیلے نے صرف نیویارک ٹائمز ہی نہیں بلکہ ٹی ایم زی (TMZ) اور یاہو (Yahoo) جیسے دیگر بین الاقوامی میڈیا اداروں کو بھی کٹہرے میں کھڑا کیا ہے۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے قبیلے کی ثقافت کا مذاق اڑایا اور نوجوانوں کے بارے میں گمراہ کن اور شرمناک باتیں پھیلائیں، جس سے قبیلے کی عالمی ساکھ کو شدید نقصان پہنچا۔
نیویارک ٹائمز کی اصل خبر میں کہا گیا تھا کہ اسٹارلنک انٹرنیٹ کی فراہمی کے نو ماہ بعد قبیلے کے نوجوان فون پر زیادہ وقت صرف کر رہے ہیں، جن میں سوشل میڈیا، پرتشدد ویڈیو گیمز اور فحش مواد دیکھنا شامل ہیں۔ رپورٹ میں یہ بھی ذکر تھا کہ ایک قبائلی رہنما فحش مواد کے پھیلاؤ پر خاصے پریشان تھے اور نوجوانوں میں جارحانہ رویوں کی شکایت بھی سامنے آئی۔
البتہ بعد ازاں نیویارک ٹائمز نے اپنی ابتدائی رپورٹ پر نظر ثانی کرتے ہوئے ایک وضاحتی مضمون بھی شائع کیا جس کا عنوان تھا: ’’نہیں، ایمیزون کے دور دراز قبیلے کو فحش مواد کی لت نہیں لگی۔‘‘
قبیلے کے وکلاء کا کہنا ہے کہ ان خبروں کے نتیجے میں نہ صرف ان کے افراد کی زندگی متاثر ہوئی بلکہ ان کے ثقافتی اور سماجی منصوبے بھی تباہی کا شکار ہوگئے۔ دی گارڈین کے مطابق، دنیا بھر میں سو سے زائد ویب سائٹس نے اس موضوع پر مبالغہ آمیز یا گمراہ کن سرخیاں شائع کیں، جنہوں نے ماروبو قبیلے کی ساکھ کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچایا۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: نیویارک ٹائمز فحش مواد
پڑھیں:
نیویارک میراتھون 2025 کا سنسنی خیز اختتام
کینیا کے بینسن کپروٹو نے 2 گھنٹے 8 منٹ 9 سیکنڈ میں نیویارک میراتھون 2025 جیت لی۔
نیویارک میراتھون 2025 کا اختتام نہایت سنسنی خیز رہا، کینیا کے کپروٹو نے 2 گھنٹے 8 منٹ 9 سیکنڈ میں فنش لائن عبور کی جبکہ الیگزینڈر موٹیسو ایک سیکنڈ سے بھی کم فرق سے رنر اپ رہے۔
خواتین کی دوڑ کینیا کی ہیلن اوبیری نے 2 گھنٹے 19 منٹ 51 سیکنڈ میں جیت کر ریکارڈ بنایا، خاتون شیرون لوکیڈی 16 سیکنڈ کے فرق سے دوسری پوزیشن پر رہیں۔
مردوں کی وہیل چیئر ریس میں سوئٹزرلینڈ کے مارسل ہوگ کامیاب قرار پائے، خواتین کی وہیل چیئر ریس امریکی سوسانہ سکارونی نے جیت لی۔
واضح رہے کہ 50 ہزار سے زائد رنرز نے 42 کلومیٹر طویل ریس میں حصہ لیا، نیویارک میراتھون میں 20 سے زائد پاکستانی رنرز نے شرکت کی۔
سارہ طہور نے3 گھنٹے 34 منٹ میں ریس مکمل کرکے سکس اسٹار فنشر کا اعزاز حاصل کیا۔
اوورسیز پاکستانی عائشہ قمر نے 3 گھنٹے 16 منٹ میں میراتھون مکمل کی۔