مستقبل کی کسی بھی پاکستانی جارحیت کا جواب بھارتی بحریہ دے گی، راج ناتھ سنگھ
اشاعت کی تاریخ: 30th, May 2025 GMT
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 30 مئی 2025ء) بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے خبردار کیا ہے کہ اگر آئندہ پاکستان کی جانب سے کوئی جارحیت یا ''غیر اخلاقی‘‘ اقدام کیا گیا تو بھارت اس کا جواب اپنی بحریہ کی طاقت سے دے گا۔ ان کا یہ بیان بھارت اور پاکستان کے درمیان حالیہ کشیدگی اور کئی دہائیوں کی شدید ترین جھڑپوں کے بعد سامنے آیا ہے۔
راج ناتھ سنگھ نے آج جمعہ 30 مئی کو مغربی بھارتی ریاست گوا کے ساحل کے قریب موجود طیارہ بردار بحری جہاز آئی این ایس وکرانت پر خطاب کرتے ہوئے کہا، ''اگر پاکستان نے کوئی شیطانی یا غیر اخلاقی حرکت کی تو اس بار اُسے بھارتی بحریہ کی طاقت اور غصے کا سامنا کرنا پڑے گا۔‘‘
بھارت اور پاکستان کے درمیان رواں ماہ چار روزہ لڑائی کے بعد جنگ بندی ہوئی تھی، جس میں لڑاکا طیارے، میزائل، ڈرون اور توپ خانے کا استعمال کیا گیا۔
(جاری ہے)
پاکستانی فوج کے ترجمان نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو 12 مئی کو جاری کردہ اپنے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی خودمختاری یا علاقائی سالمیت کو اگر چیلنج کیا گیا تو اُس کا ''جامع اور فیصلہ کن جواب‘‘ دیا جائے گا۔ نئی دہلی اور اسلام آباد کے مابین لڑائی کی وجہ 22 اپریل کو بھارتی زیر انتظام کشمیر کے علاقے پہلگام میں ہونے والا ایک حملہ بنا جس میں 26 سیاح ہلاک ہوئے۔
بھارت نے اس حملے کا الزام پاکستان کے حمایت یافتہ ''دہشت گردوں‘‘ پر لگایا، جبکہ اسلام آباد نے اس الزام کو مسترد کیا۔10 مئی کو جنگ بندی کا اعلان ہوا، اور ایک اعلیٰ پاکستانی فوجی اہلکار نے روئٹرز کو بتایا کہ دونوں ممالک اپنی سرحدی افواج کو دوبارہ اپنی ابتدائی پوزیشنز پر واپس لانے کے قریب ہیں۔ بھارتی بحریہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے 22 اپریل کے حملے کے 96 گھنٹوں کے اندر اندر اپنا کیریئر بیٹل گروپ، آبدوزیں اور دیگر فضائی اثاثے شمالی بحیرہ عرب میں تعینات کر دیے تھے۔
راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف کی گئی کارروائی کو 'آپریشن سندور‘ کا نام دیا گیا ہے، جو ان کے مطابق ''روکا ضرور گیا ہے، مگر ختم نہیں ہوا۔‘‘
انہوں نے مزید کہا، ''ہم نے اپنی فوجی کارروائیاں اپنے فیصلے سے روکی ہیں۔ ہماری افواج نے تو ابھی اپنی اصل طاقت دکھانا شروع بھی نہیں کی تھی۔‘‘ یہ بیان ایسے وقت پر سامنے آیا ہے جب دونوں ممالک جنگ بندی کے باوجود سفارتی تناؤ کا شکار ہیں اور بین الاقوامی برادری صورت حال کو بغور دیکھ رہی ہے۔
شکور رحیم
ادارت: افسر اعوان
.ذریعہ: UrduPoint
کلیدی لفظ: تلاش کیجئے راج ناتھ سنگھ پاکستان کے
پڑھیں:
سعودی بحریہ کے سربراہ کا دورۂ پاکستان، پاک بحریہ کے ساتھ تعاون بڑھانے پر اتفاق
رائل سعودی نیول فورسز کے سربراہ وائس ایڈمرل عبدالرحمٰن الغریبی نے نیول ہیڈکوارٹرز راولپنڈی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف سے ملاقات کی۔
اس موقع پر سعودی بحریہ کے سربراہ کو پاک بحریہ کے چاک و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔
ملاقات کے دوران فریقین کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی سکیورٹی صورتحال اور دو طرفہ بحری تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے خطے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے پاک بحریہ کے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پٹرولز کے ذریعے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔
وائس ایڈمرل الغریبی نے خطے میں بحری سکیورٹی اور استحکام کے حوالے سے پاک بحریہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے پاکستان نیول اکیڈمی میں سعودی کیڈٹس کو دی جانے والی معیاری تربیت پر بھی اعتماد کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعلقات کو مزید وسعت دینے اور تعاون کے دائرہ کار کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
سعودی بحریہ کے سربراہ کے حالیہ دورے سے نہ صرف دوطرفہ بحری تعلقات میں اضافہ ہوگا بلکہ دونوں برادر ممالک کی مسلح افواج کے درمیان اشتراک اور ہم آہنگی کو بھی نئی بلندیوں تک پہنچانے میں مدد ملے گی۔