سمبڑیال: پی پی 52 ضمنی الیکشن، (ن) لیگ کی حنا ارشد کامیاب، الیکشن کمشنر نے دھاندلی کے الزامات مسترد کر دیئے
اشاعت کی تاریخ: 2nd, June 2025 GMT
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 52 سیالکوٹ سمبڑیال کے ضمنی الیکشن میں پولنگ کا آغاز صبح 8 بجے ہوا، شام 5 بجے تک جاری رہی۔تمام 185 پولنگ سٹیشنوں کے غیرحتمی اور غیر سرکاری نتیجے کے مطابق ن لیگ کی حنا ارشد وڑائچ 78419 ووٹ لے کر کامیاب رہیں۔ پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار فاخر نشاط گھمن ٰ40037 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔ اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ دھاندلی کے لیے کل رات سے ہی آر او آفس کے باہر کنٹینرز کی دیواریں بنا دی گئی تھیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ سمبڑیال میں ہر جگہ پولنگ سٹیشنز سے ہمارے نمائندوں کو نکالا گیا، پی ٹی آئی کے پولنگ ایجنٹوں کو مارا گیا اور تشدد کیا گیا، پولنگ سٹیشن میں ن لیگ والے رہے، ہمارے ایجنٹس کو اندر جانے نہیں دیا جا رہا۔ چیف الیکشن کمشنر مدت مکمل ہونے کے باوجود بیٹھے ہیں تو کیا کر رہے ہیں؟ جو ہیلپ لائنز ان لوگوں نے بنائی ہیں وہ کل سے مصروف رکھی گئی ہیں، صبح سے کسی بھی سٹیشن پر کوئی چیک اینڈ بیلنس پالیسی نظر نہیں آئی۔ الیکشن کمشنر نے پی پی 52 سیالکوٹ میں ضمنی انتخاب کے دوران پیپلز پارٹی کے امیدوار کی جانب سے ویڈیو پیغام کے ذریعے لگائے گئے الزامات کا نوٹس لے لیا۔ متعلقہ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر کو حقائق دریافت کر کے رپورٹ جمع کروانے کے احکامات جاری کر دئیے۔ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر کے مطابق پیپلز پارٹی کے امیدوار کی جانب سے کوئی شکایت درج نہیں کروائی گئی۔ پیپلز پارٹی کے امیدوار نے الزامات سے متعلق کوئی شواہد بھی پیش نہیں کئے۔ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر کے مطابق امیدوار کی جانب سے الزامات بے بنیاد ہیں۔ پیپلز پارٹی پنجاب کے جنرل سیکرٹری حسن مرتضیٰ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن سرکاری مشینری کے بغیر کبھی الیکشن نہیں جیت سکتی۔ مسلم لیگ ن کے پاس کوئی ایجنڈا ہے اور نہ ہی کوئی حکمت عملی، مسلم لیگ ن والے فارم 47 تیار کرنے کے ماسٹر ہیں۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے سیالکوٹ میں کارکنوں سے خطاب میں کہا ہے کہ پنجاب بھر سے انتخابی مہم میں حصہ ڈالنے والوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ یہ جیت ان تمام کارکنوں کے نام جنہوںنے گلی محلے میں الیکشن مہم چلائی۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور ان کی پوری ٹیم مبارکباد کی حقدار ہے۔ اسی طرح الیکشن لڑتے رہے تو کوئی طاقت ہمیں ہرا نہیں سکتی۔ بھارت سے فتح حاصل کی‘ جیت میں اس کا بہت بڑا ہاتھ ہے۔اس موقع پر کارکنوں نے جشن بھی منایا۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: پیپلز پارٹی
پڑھیں:
الیکشن کمیشن نے عوامی راج پارٹی کے انٹرا پارٹی انتخاب کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا
اسلام آباد:الیکشن کمیشن نے عوامی راج پارٹی کے انٹرا پارٹی انتخاب کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا۔
الیکشن کمیشن میں عوامی راج پارٹی کے انٹرا پارٹی انتخابات سے متعلق کیس کی سماعت دو رکنی کمیشن نے ممبر سندھ کی سربراہی میں کی۔
سماعت کے دوران الیکشن کمیشن حکام نے بتایا کہ عوامی راج پارٹی کے صدر جمشید دستی نے استعفیٰ دیا ہے تاہم پارٹی کی جانب سے اس استعفیٰ کی تصدیق نہیں کی جارہی۔ حکام نے مزید کہا کہ عوامی راج پارٹی کے سیکرٹری جنرل نے بھی اس معاملے پر کوئی جواب نہیں دیا۔
اس موقع پر ممبر کے پی جسٹس (ر) اکرام اللہ خان نے ریمارکس دیے کہ جمشید دستی نے تو پی ٹی آئی کے ٹکٹ سے الیکشن لڑا، وہ دو پارٹیوں کے رکن کس طرح رہ سکتے ہیں؟۔
بعد ازاں الیکشن کمیشن نے عوامی راج پارٹی کے انٹرا پارٹی انتخابات کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا۔