پی سی بی نے سابق کپتان سرفراز احمد کو نئی ذمہ داریاں دینے کا فیصلہ کرلیا
اشاعت کی تاریخ: 11th, June 2025 GMT
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی سلیکشن کمیٹی میں اہم تبدیلیاں کرتے ہوئے سابق ٹیسٹ کرکٹرز اظہر علی اور اسد شفیق کو ان کے عہدوں سے ہٹا دیا ہے۔ 2017 کی چیمپیئنز ٹرافی جیتنے والی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کو سلیکشن پینل میں شامل کرلیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کرکٹ تجزیہ کار سکندر بخت، جو پی سی بی کی پالیسیوں پر تنقید کے لیے معروف ہیں، کو بھی خاموشی سے کمیٹی کا حصہ بنا دیا گیا ہے۔ سکندر بخت کو لاہور طلب کیا گیا، جہاں وہ سلیکشن کمیٹی کے اجلاس میں شریک ہوئے، جبکہ انگلینڈ میں موجود سرفراز احمد ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔
اجلاس میں ہیڈ کوچ مائیک ہیسن، کپتان سلمان علی آغا، اور سلیکٹرز عاقب جاوید اور علیم ڈار بھی شریک تھے۔ اجلاس میں جولائی میں بنگلہ دیش کے خلاف ٹی20 سیریز اور امریکا میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ہونے والی آئندہ سیریز کے لیے اسکواڈز کو حتمی شکل دی گئی۔
اگرچہ پی سی بی نے تاحال سرفراز احمد اور سکندر بخت کی تقرریوں یا ذمہ داریوں کا باضابطہ اعلان نہیں کیا، مگر یہ دونوں مسلسل دوسرے اجلاس میں شریک ہوئے ہیں، جس سے ان کے کردار کی اہمیت کا اندازہ ہوتا ہے۔
مزید پڑھیں: سلیکشن کمیٹی اور مینٹورز کا اجلاس، چیئرمین پی سی بی نے کیا ہدایات دیں؟
ذرائع کے مطابق اسد شفیق اب کراچی ہائی پرفارمنس سینٹر میں اپنی ذمے داریوں اور ویمنز سلیکشن کمیٹی پر توجہ دے رہے ہیں، جبکہ اظہر علی کو یوتھ ڈویلپمنٹ پروگرامز کی ذمہ داری دی گئی ہے۔
پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ سرفراز احمد کی کرکٹنگ فہم، میدان میں تجربہ اور کھلاڑیوں میں احترام کے باعث بورڈ انہیں مزید ذمے داریاں دینے پر غور کر رہا ہے۔ سرفراز نے ریٹائرمنٹ کے بعد خود بھی پی سی بی کے ساتھ قریبی طور پر کام کرنے میں دلچسپی ظاہر کی تھی۔
سکندر بخت قریباً 2 دہائیوں بعد پی سی بی سے باضابطہ طور پر وابستہ ہوئے ہیں۔ وہ اس سے قبل 2003 میں بطور ٹیم اینالسٹ خدمات انجام دے چکے ہیں، اور انہیں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کے قریبی مشیر کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
مزید پڑھیں: قومی سلیکشن کمیٹی مکمل تبدیل ہونے سے متعلق خبریں، کون سے نئے نام شامل ہیں؟
پی سی بی حکام نے اس حوالے سے رابطے پر تصدیق کی ہے کہ تفصیلات دفاتر کے کھلنے کے بعد جاری کی جائیں گی، جبکہ چیئرمین محسن نقوی ہی اس حوالے سے ترجمان ہوں گے۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
پاکستان کرکٹ بورڈ پی سی بی چیئرمین محسن نقوی سرفراز احمد سکندر بخت، سلیکشن کمیٹی.ذریعہ: WE News
کلیدی لفظ: پاکستان کرکٹ بورڈ پی سی بی چیئرمین محسن نقوی سلیکشن کمیٹی سلیکشن کمیٹی اجلاس میں پی سی بی
پڑھیں:
اسحاق ڈار کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی بین الوزارتی کمیٹی کا اجلاس، سفارتی کارکردگی کا جائزہ
نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار کی زیرِ صدارت ایک اعلیٰ سطحی بین الوزارتی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں حکومت کی کارکردگی، خصوصاً بیرونِ ممالک پاکستانی مشنز کے امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
وزارتِ خارجہ کے ترجمان کے مطابق اجلاس میں کمیٹی نے اپنی رپورٹ پیش کی۔ نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ نے اس موقع پر پاکستان کے سفارتی کردار کو مزید مؤثر بنانے اور مشنز کی کارکردگی کو قومی حکمتِ عملی کے اہداف سے ہم آہنگ کرنے پر زور دیا۔
یہ بھی پڑھیے: پاکستان سعودی تعلقات نئے دور میں داخل، اسحاق ڈار کا ریاض میں سفارت خانۂ پاکستان کا دورہ
انہوں نے کہا کہ بیرونِ ملک پاکستانی اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے متعلقہ وزارتوں اور محکموں کے مابین ہم آہنگی اور اشتراکِ عمل کو مزید مضبوط کیا جائے گا۔
اجلاس میں وزیرِ پٹرولیم، وزیرِ مملکت برائے ریلوے، قومی اسمبلی کی خارجہ امور کمیٹی کے چیئرمین، معاونِ خصوصی طارق باجوہ، سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ، سیکرٹری کابینہ، سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے شرکت کی۔
اس کے علاوہ سیکرٹری تجارت، سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری ایچ آر اینڈ ڈی، سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن سمیت وزارتِ خزانہ، اطلاعات اور دیگر متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
اسحاق ڈار سفارتکاری نائب وزیراعظم