مشرق وسطیٰ میں کشیدگی: پاکستان نے امریکا کے 2 اہم دورے ملتوی کردیے
اشاعت کی تاریخ: 15th, June 2025 GMT
پاکستان نے مشرقِ وسطیٰ میں جاری تنازع کے باعث امریکا کے دو اہم دورے ملتوی کردیے ہیں جن میں ایک نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ اسحٰق ڈار اور دوسرا تجارتی وفد کا دورہ امریکا شامل ہے۔
ڈان اخبار میں شائع خبر کے مطابق سرکاری ذرائع نے ڈان کو بتایا ہے کہ اسحٰق ڈار آئندہ ہفتے نیویارک میں فلسطینی ریاست کے قیام سے متعلق اقوامِ متحدہ کے ایک کانفرنس میں شرکت کے لیے روانہ ہونے والے تھے، لیکن جمعہ کو فرانس اور سعودی عرب، جو اس کانفرنس کے مشترکہ میزبان تھے، نے اقوامِ متحدہ سے درخواست کی کہ یہ اجلاس ملتوی کر دیا جائے۔
یہ درخواست اسرائیل کے ایران پر فضائی حملوں کے بعد کی گئی، پیرس میں گفتگو کرتے ہوئے فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے کہا کہ اسرائیل اور فلسطین کے لیے دو ریاستی حل کو آگے بڑھانے والی اس کانفرنس کو مؤخر کیا گیا ہے، لیکن یہ جلد منعقد کی جائے گی۔
صدر میکرون نے کہا کہ ’ہمیں سیکیورٹی اور لاجسٹک وجوہات کی بنا پر اس کانفرنس کو مؤخر کرنا پڑ رہا ہے، لیکن یہ جتنی جلد ممکن ہو، منعقد کی جائے گی‘۔
مشرقِ وسطیٰ کی بدلتی ہوئی صورتحال کی وجہ سے ایک اور مجوزہ دورہ بھی موخر ہو گیا ہے، اسلام آباد سے واشنگٹن جانے والے تجارتی وفد کو ٹیرف سے متعلق مذاکرات کرنا تھے۔
گزشتہ ہفتے ایک پریس بریفنگ میں، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا تھا کہ یہ تجارتی وفد اگلے ہفتے مذاکرات کے لیے پہنچے گا، تاہم اب یہ منصوبہ موخر کر دیا گیا ہے۔
ایک ذریعے نےنجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا’لیکن یہ دورہ ضرور ہوگا، ہم شیڈول پر کام کر رہے ہیں’۔
Post Views: 2.ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
حج 2026: اخراجات کی وصولی اگست کے پہلے ہفتے میں متوقع، کتنی رقم دینی ہوگی؟
اسلام آباد:حج 2026 کے لیے رجسٹرڈ پاکستانی عازمینِ حج سے واجبات کی وصولی اگست کے پہلے ہفتے میں شروع ہونے کا امکان ہے۔ وزارت مذہبی امور کے ذرائع کا کہنا ہے کہ رواں سال بھی حج اخراجات دو اقساط میں وصول کیے جائیں گے، جبکہ ادائیگی کا نظام ”پہلے آئیے، پہلے پائیے“ کی بنیاد پر ترتیب دیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق پہلی قسط اگست میں وصول کی جائے گی، جس کی متوقع رقم تقریباً پانچ لاکھ سے ساڑھے پانچ لاکھ روپے کے درمیان ہوگی۔ حج کوٹہ مکمل ہوتے ہی واجبات کی وصولی روک دی جائے گی، اور صرف وہی افراد اخراجات جمع کرانے کے اہل ہوں گے جنہوں نے پہلے ہی رجسٹریشن مکمل کروائی ہے۔
وزارتِ مذہبی امور کے منظور شدہ بینکوں میں حج واجبات جمع کرائے جا سکیں گے، اور دستیاب کوٹے کے مطابق جب مطلوبہ اخراجات جمع ہو جائیں گے تو مزید وصولی کو روک دیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق آئندہ سال کے لیے اب تک ساڑھے چار لاکھ سے زائد پاکستانیوں نے حج کے لیے رجسٹریشن کروا لی ہے۔ جبکہ پاکستان کو اس سال سرکاری اور نجی اسکیم کے تحت مجموعی طور پر ایک لاکھ 79 ہزار 210 افراد کا کوٹہ ملا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان، آبادی کے بڑھتے ہوئے تناسب کے پیش نظر سعودی عرب سے حج کوٹہ بڑھا کر دو لاکھ 30 ہزار کرنے کی درخواست کرنے کا خواہش مند ہے۔ اس حوالے سے حتمی فیصلہ سعودی حکام کی منظوری سے مشروط ہوگا۔