روس کی جنگ میں ثالثی اور ایرانی افزودہ یورینیم کو اپنے ملک میں محفوظ رکھنے کی پیشکش
اشاعت کی تاریخ: 17th, June 2025 GMT
روس نے ایک بار پھر کہا ہے کہ ایران کے امریکا ساتھ جوہری معاہدے پر تنازع اور اسرائیل کے ساتھ جاری جنگ میں ثالثی کا کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے ایک بیان میں کہا کہ ایران کے افزودہ یورینیم کو روس میں محفوظ رکھنے کی پیشکش بھی برقرار ہے۔
دمتری پیسکوف کا مزید کہنا تھا کہ یہ پیشکش اب بھی موجود ہے اور جنگ کے باوجود بالکل بھی غیر متعلق نہیں ہوئی البتہ صورت حال قدرے پیچیدہ ہوچکی ہے۔
یہ خبر پڑھیں : ایرانی حکومت کو گرانے کی کوشش بڑی غلطی ہوگی؛ فرانس
انھوں نے مزید کہا کہ تنازع کی اصل وجوہات کے خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدام کرنے کو تیار ہیں لیکن فوجی کارروائیاں اس بحران کو شدید ترین سطح پر پہنچا رہی ہیں۔
یاد رہے کہ امریکی صدر نے بھی اتوار کے روز امید ظاہر کی تھی کہ مشرق وسطیٰ میں جلد امن قائم ہو جائے گا جس کے لیے روسی صدر پوٹن مدد کر سکتے ہیں۔
ایک صحافی نے دمتری پیسکوف کی اسرائیلی وزیراعظم کے اس بیان کی جانب دلائی جس میں نیتن یاہو نے ایران میں حکومت کو تبدیل کرنے کا عندیہ دیا تھا۔
یہ خبر بھی پڑھیں : ایرانی حملے؛ موت سے خوفزدہ اسرائیلی کشتیوں کے ذریعے ملک سے بھاگ رہے ہیں
تو کریملن کے ترجمان نے کہا کہ ہم ایسے تمام اقدامات کی مذمت کرتے ہیں جو خطرناک کشیدگی کا سبب بنیں۔ اسرائیلی حملوں نے ایرانی معاشرے کو متحد کردیا ہے۔
واضح رہے کہ فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے بھی ایران میں رجیم چینج کے اسرائیلی بیان کی مذمت کرتے ہوئے اسے اسٹریٹجک غلطی قرار دیا۔
.
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
ریکوڈک منصوبے کے لیے پاکستان کو 5 ارب ڈالر کی غیرملکی سرمایہ کاری کی پیشکش
اسلام آباد:بلوچستان کے ضلع چاغی میں واقع ریکوڈک سونے اور تانبے کے منصوبے کے لیے پاکستان کو عالمی مالیاتی اداروں اور کثیرالملکی ڈونرز کی جانب سے 5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی پیشکش موصول ہوئی ہے، جو کہ منصوبے کی کل مالی ضروریات یعنی 3 ارب ڈالر سے کہیں زیادہ ہے۔
ذرائع نے ایکسپریس ٹریبیون کو بتایا کہ مالی معاونت کی پیشکش کرنیوالے اداروں میں ایشیائی ترقیاتی بینک (ADB)، اسلامی ترقیاتی بینک (IDB)، انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن (IFC)، یو ایس ایکزم بینک، جرمنی اور ڈنمارک کے ادارے شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق منصوبے کا مالی بندوبست حتمی مراحل میں ہے جبکہ پیٹرولیم کے وفاقی وزیر علی پرویز ملک، اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل کی مدد سے منصوبے کو تیزی سے آگے بڑھانے میں کلیدی کردار اداکر رہے ہیں۔
یو ایس ایکزم بینک نے منصوبے کے لیے بغیرکسی حدکے مالی تعاون فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ منصوبہ بین الاقوامی برادری کی خصوصی توجہ کا مرکز بن چکا ہے۔
حال ہی میں وزارت پیٹرولیم نے یو ایس سفارتخانے اور امریکی سرمایہ کاروں کے ساتھ ویبینارکا انعقادکیا، جس کا مقصد پاکستان کے معدنی شعبے میں امریکی سرمایہ کاری کو فروغ دینا تھا۔ ویبینار کی میزبانی او جی ڈی سی ایل نے کی، جو کہ اس منصوبے کی سرکاری شراکت دار کمپنی ہے۔
پاکستان معدنی وسائل سے مالا مال ہے اور ملک بھر میں 92 مختلف اقسام کے معدنی ذخائر موجود ہیں جن میں سے 52 تجارتی طور پر استعمال ہو رہے ہیں۔
ریکوڈک منصوبہ دنیاکے سب سے بڑے غیر دریافت شدہ تانبے اور سونے کے ذخائر میں سے ایک ہے، جسے کینیڈا کی کمپنی بیریک گولڈ کے اشتراک سے بحال کیاگیا ہے۔ منصوبے سے 2028 تک پیداوار شروع ہونے کی توقع ہے، جس پر ابتدائی طور پر 5.5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی جارہی ہے۔
بیریک گولڈکے سی ای او مارک بریسٹو کے مطابق منصوبہ آئندہ 37 برسوں میں تقریباً 74 ارب ڈالر کا منافع دے سکتا ہے۔ یہ منصوبہ سالانہ 2.8 ارب ڈالر کی برآمدات، ہزاروں روزگار کے مواقع اور بلوچستان کی معیشت میں انقلابی تبدیلی کا سبب بنے گا۔
سعودی عرب کی مائننگ کمپنی "منارہ منرلز" نے منصوبے میں 15 فیصد شراکت داری حاصل کرنے کے لیے 1 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی دلچسپی ظاہر کی ہے، جس کی منظوری وفاقی کابینہ پہلے ہی دے چکی ہے۔ریکوڈک سے کان کنی کا سامان کراچی تک لانے اور برآمدکرنے کے لیے پاکستان ریلوے کے تعاون سے نئی ریلوے لائن بچھانے کا منصوبہ بھی شامل ہے۔