ایرانی حملہ: مشکل گھڑی میں قطر کی حکومت اور عوام سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، وزیراعظم
اشاعت کی تاریخ: 24th, June 2025 GMT
قطر پر ایرانی حملے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے قطری اور سعودی عرب کے سفرا سے ہنگامی ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیر اعظم نے رات گئے قطری سفیر سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور سفیر علی مبارک سے حملے کے بعد کی صورت حال پر گفتگو کی۔
ٹیلیفونک رابطے کے دوران وزیراعظم نے قطر میں امریکی فوجی اڈے پر ایرانی میزائل حملوں کی خبروں پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم نے اس مشکل گھڑی میں قطر کی حکومت اور عوام سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور امن کی بحالی کے لیے ہر ممکن کوشش کی جانی چاہیے۔
قطری سفیر نے اس افسوسناک واقعے کے فوراً بعد وزیراعظم کی جانب سے رابطہ کرنے اور قطر کی قیادت اور عوام کے ساتھ یکجہتی کے اظہار پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی سے بھی ہنگامی رابطہ کیا اور مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام کیلئے ہر ممکن سفارتی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیراعظم نے سعودی قیادت کے ساتھ قریبی رابطے جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا جس پر سعودی سفیر نے خطے کے امن کیلئے پاکستان کے کردار کی تعریف اور مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا۔
وزیراعظم نے خطے میں امن کیلئے پاکستان، سعودی عرب اور قطر کے قریبی تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: کا اظہار
پڑھیں:
پاکستان اور سعودی عرب کا دفاعی معاہدہ خوش آئند اور وقت کی اہم ضرورت ہے: امیرِ قطر
دوحہ میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی کے درمیان ہونے والی ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور علاقائی تعاون پر اہم گفتگو ہوئی۔ امیرِ قطر نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان عرب دفاعی معاہدے کو خوش آئند اور بروقت اقدام قرار دیا۔
ملاقات میں بلاول بھٹو زرداری اور پاکستانی سفیر بھی شریک تھے۔ صدر زرداری نے امیرِ قطر کو حکومت اور عوامِ پاکستان کی جانب سے نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا۔
قطری ایوانِ امارت سے جاری اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماؤں نے برادرانہ اور تاریخی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ صدر زرداری نے قطر کی جانب سے افغان امن مذاکرات کی میزبانی اور افغانستان سے متعلق مثبت کردار کو سراہا، جب کہ امیرِ قطر نے امید ظاہر کی کہ پاکستان خطے کے موجودہ چیلنجز پر قابو پا کر استحکام کی راہ پر گامزن رہے گا۔
صدر زرداری نے دفاع، دفاعی پیداوار، زراعت اور غذائی تحفظ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی تجویز پیش کی جس پر امیرِ قطر نے اتفاق کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو فوری رابطے کی ہدایت کی۔
امیرِ قطر نے پاکستانی کمیونٹی کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے ان کی تعداد میں اضافے کی خواہش ظاہر کی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک منفرد حیثیت رکھتا ہے جو چین، مغرب اور خلیجی ممالک کے ساتھ متوازن تعلقات رکھتا ہے، اور قطر کو پاکستان کی کامیابیوں پر فخر ہے۔
اعلامیے کے مطابق صدر زرداری نے امیرِ قطر کو دورۂ پاکستان کی دعوت دی جسے انہوں نے قبول کرتے ہوئے آئندہ سال کے اوائل میں پاکستان آنے کا اعلان کیا۔