مسلسل کتنے دن تک بارشیں ہوں گی؟
اشاعت کی تاریخ: 25th, June 2025 GMT
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 جون2025ء) مسلسل کتنے دن تک بارشیں ہوں گی؟ رواں سال بارشوں کا اب تک کا سب سے تگڑا سلسلہ طوفانی بارشیں برسانے کیلئے تیار۔ تفصیلات کے مطابق مغرب کی سمت سے بادل برسانے والا سسٹم پاکستان میں داخل ہو گیا جس کے بعد پنجاب میں شدید بارشوں کا الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب بھر میں پری مون سون بارشوں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے جس سے گرمی اور شدید حبس سے پریشان شہریوں کو وقتی طور پر ریلیف ملا ہے تاہم حبس کی شدت نے درجہ حرارت میں کمی کے باوجود پسینے چھڑا دیئے ہیں۔
لاہور میں گزشتہ روز کم سے کم درجہ حرارت 28 اور زیادہ سے زیادہ 33 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ علاوہ ازیں بارش کے ساتھ ساتھ تیز ہوائیں چلنے کی پیشگوئی بھی کی گئی ہے۔(جاری ہے)
پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے 25 جون سے یکم جولائی تک تیز ہواؤں اور شدید بارشوں کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔ اس تناظر میں سیکرٹری ہاؤسنگ نورالاامین مینگل نے تمام ایم ڈیز واسا کو نکاسی آب کے انتظامات کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی ہے۔
ایم ڈی واسا لاہور غفران احمد نے بتایا کہ ممکنہ بارش کے پیش نظر آپریشن سٹاف کو الرٹ کر دیا گیا ہے اور بارش کے آغاز کے ساتھ ہی تمام فیلڈ عملہ موقع پر موجود ہوگا تاکہ نکاسی آب کے عمل کو بروقت اور مؤثر طریقے سے مکمل کیا جا سکے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور نشیبی علاقوں میں احتیاط برتیں، تاکہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے بچا جا سکے۔ .
ذریعہ
ذریعہ: UrduPoint
کلیدی لفظ: تلاش کیجئے بارش کے
پڑھیں:
مون سون کا طاقتورسپیل ، جھل تھل ایک ہوگیا،2 وکلاء کے چیمبر گرگئے
لاہور سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں ہونےوالی مون سون کی بارش نے جل تھل ایک کردیا۔لاہور میں مون سون کا سپیل زور شور سے جاری ہے اورعلی الصبح سے ہونے والی موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقے زیرآب آگئے ہیں۔واسا لاہور کی جانب سے اب تک ہونے والی بارش کا ریکارڈ جاری کردیاگیاہے جس کے مطابق جیل روڈمیں 28.5، ایئرپورٹ میں 263، ہیڈ آفس گلبرگ میں 52، لکشمی چوک میں 25، اپر مال کے علاقے میں 114.4، مغلپورہ میں 129، تاجپورہ میں 155، نشتر ٹاؤن میں 56.4، چوک ناخدا میں 62، پانی والا تالاب میں 27.2، فرخ آباد میں 23.4، گلشن راوی میں 18، اقبال ٹاؤن میں 54.2، سمن آبادمیں 32، جوہر ٹاؤن میں 81، ڈیفنس روڈ میں 45، شادی پورہ میں 132.4 ، سگیاں میں 22.2اور مناواں میں 106 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی،سب سے زیادہ 263 ملی میٹر بارش ائیر پورٹ پر ریکارڈ کی گئی ہے ۔لاہور میں ہونےوالی موسلادھار بارش سےسیشن کورٹ میں سینئر قانون دان پیر مسعود چشتی سمیت2 وکلاء کے چیمبر گرگئے،پیر مسعود چشتی کا چیمبر کافی عرصے سے خالی پڑاتھا،چیمبر کی چھت بارش کے پانی کا بوجھ برداشت نہ کر سکی اورگرگئی،شدید بارش کی وجہ سے ماتحت عدالتوں میں سائلین نہ پہنچ سکے۔ دوسری طرف آئی جی پنجاب نے پولیس کو حادثات اور ناگہانی صورتحال میں امدادی سرگرمیوں میں شرکت کی ہدایت کرتے ہوئے کہاہے کہ پولیس افسران اور اہلکار بارش سے متاثرہ علاقوں میں انتہائی مستعد ہو کر ڈیوٹی انجام دیں،سپروائزری پولیس افسران بارش زدہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں خود مانیٹر کریں، بارش کے مزید امکانات کے پیش نظر پولیس افسران اور اہلکار الرٹ رہیں،کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری ریسپانڈ کریں۔ملک کے دوسرے حصوں کی طرح ضلع خیبر کے باڑہ اور جمرود کے علاؤہ وادی تیراہ کے پہاڑوں پر بھی ہونے والی بارش سے موسم خوشگوارہوگیا لیکن ندی نالوں میں طغیانی اور دریائے باڑہ میں درمیانے درجے کا سیلاب ہے ،جولائی کے مہینے میں دسمبر جیسے سردی محسوس کی جارہی ہے،پہاڑی علاقوں میں بارش سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی ہے،ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو کی جانب سے حفاظتی انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں جبکہ ندی نالوں کے قریب جانے پر پابندی کی خلاف ورزی پر دوافرادکو گرفتار بھی کرلیاگیاہے۔