ایران کی فتح امت مسلمہ کیلئے فخر اور امید کی علامت ہے، سید حسن موسوی
اشاعت کی تاریخ: 26th, June 2025 GMT
انجمنِ شرعی شیعیان کے صدر نے کہا کہ یہ عظیم کامیابی نہ صرف ایران کی عسکری قوت اور حکیمانہ حکمت عملی کا مظہر ہے، بلکہ پوری امتِ مسلمہ کیلئے فخر، استقامت اور امید کا نشان بھی ہے۔ اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر انجمنِ شرعی شیعیان کے صدر مولانا آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے ایک پیغام میں اسلامی جمہوریہ ایران کی قیادت، افواج اور بیدار ملت کو اسرائیل کے ساتھ حالیہ جنگ میں حاصل ہونے والی شاندار فتح پر دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اسلامی جمہوریہ ایران کی قیادت ولی امر مسلمین آیت اللہ العظمٰی سید علی حسینی خامنہ ای اور بیدار ملت کو غاصب اسرائیل، امریکہ اور عالمی استکبار کے ساتھ حالیہ جنگ میں حاصل ہونے والی شاندار فتح پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہیہ عظیم کامیابی نہ صرف ایران کی عسکری قوت اور حکیمانہ حکمت عملی کا مظہر ہے، بلکہ پوری امتِ مسلمہ کے لئے فخر، استقامت اور امید کا نشان بھی ہے۔ ایران نے اس جنگ میں صرف اپنا دفاع ہی نہیں کیا، بلکہ مظلوم اقوام کی ترجمانی کرتے ہوئے عالمی استکبار کے خلاف ایک روشن مثال قائم کی ہے۔ آغا سید حسن موسوی الصفوی نے مزید کہا کہ ایران کی یہ استقامت حق و انصاف کے علمبرداروں کے لئے ایک حوصلہ افزاء پیغام ہے اور پوری دنیا کے مظلومین کے لئے ایک نئی امید کی کرن ہے۔ آخر میں آغا سید حسن نے بارگاہِ رب العزت میں دعا کی کہ خداوند متعال ایران کو مزید کامیابیوں سے نوازے اور امتِ اسلامیہ کو ظلم و استکبار کے خلاف متحد، بیدار اور ثابت قدم رکھے۔
ذریعہ
ذریعہ: Islam Times
پڑھیں:
ضم اضلاع کیلئے ٹیکس استثنیٰ بحال کریں: گورنر خیبر پی کے کا وزیراعظم کو خط
پشاور (بیورو رپورٹ) گورنر خیبرپی کے فیصل کریم کنڈی نے وزیراعظم پاکستان سے ضم قبائلی اضلاع کیلئے وفاقی ٹیکس استثنیٰ بحالی کی درخواست کردی۔ وزیراعظم کو بھیجے گئے خط میں گورنر نے مطالبہ کیا کہ ضم شدہ اضلاع اور پاٹا کے لیے وفاقی ٹیکس استثنیٰ میں توسیع کرتے ہوئے انضمام کے وقت قبائلی عوام سے کیے گئے وعدوں کی پاسداری کی جائے۔ ضم قبائلی اضلاع اور پاٹا میں انکم ٹیکس، سیلز ٹیکس اور دیگر وفاقی محصولات کے نفاذ پر نظرثانی کی جائے۔ وفاقی ٹیکسوں کے خاتمے کے بغیر قبائلی عوام کو مکمل ٹیکس ریلیف فراہم نہیں کیا جا سکتا۔ صوبائی حکومت پہلے ہی ضم شدہ اضلاع اور پاٹا پر عائد تمام صوبائی ٹیکس ختم کر چکی ہے، تاہم وفاقی ٹیکس برقرار رہنے سے عوام کو مکمل ریلیف نہیں مل رہا۔ دریں اثناء گورنر فیصل کریم کنڈی سے پاکستان کونسل آف سائنٹیفک اینڈ انڈسٹریل ریسرچ (پی سی ایس آئی آر) پشاور کے ڈائریکٹر جنرل انجینئر سہیل امیر مروت نے گورنر ہاؤس پشاور میں ملاقات کی۔ ادارے کی تحقیق و ترقی (ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ)، جاری پی ایس ڈی پی منصوبوں، ادارے کی تحقیقی صلاحیتوں اور استعداد سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔