قلات، محرم الحرام کے انتظامات سے متعلق اہم اجلاس، علامہ مقصود ڈومکی کی آنلائن شرکت
اشاعت کی تاریخ: 27th, June 2025 GMT
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ حکومت اور انتظامیہ پر لازم ہے کہ وہ عزاداران امام حسین (ع) کو سہولیات فراہم کرے اور امن و امان کے قیام کیلئے ہر ممکن اقدامات کرے۔ اسلام ٹائمز۔ محرم الحرام کی آمد کے پیش نظر ایام عزا کے دوران امن و امان اور سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنانے کے لئے کمشنر قلات ڈویژن شاہزیب کاکڑ کی زیر صدارت ایک اہم آن لائن اجلاس منعقد ہوا۔ جس کا مقصد عاشورا محرم، مجالس عزاء اور جلوس ہائے عزا کے دوران امن، تحفظ اور سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا تھا۔ اجلاس میں ڈی آئی جی خضدار عبدالحمید، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی، ایم ڈبلیو ایم ضلع حب کے صدر و بانی جلوس عاشورہ سید قربان علی رضوی، متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، ایس ایس پیز، پولیس افسران، بلدیاتی نمائندگان اور علماء کرام نے شرکت کیں۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ محرم الحرام حضرت امام حسین علیہ السلام کی عظیم قربانی اور معرکۂ حق و باطل کی یاد ہے۔ امت مسلمہ ماہ محرم الحرام کے دوران نواسہ رسول (ص) حضرت امام حسین علیہ السلام کا غم مناتی ہے۔ حکومت اور انتظامیہ پر لازم ہے کہ وہ عزاداران امام حسین علیہ السلام کو سہولیات فراہم کرے اور امن و امان کے قیام کے لئے ہر ممکن اقدامات کرے۔ ضلع حب کے مختلف مقامات اور خضدار میں مجالس عزاء اور جلوس عزاء منعقد ہوتے ہیں۔ ان مجالس عزاء اور جلوس ہائے عزاء کے دوران سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں۔
ایم ڈبلیو ایم حب کے ضلع صدر سید قربان علی رضوی نے حب شہر میں جلوس عاشورا کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ روایتی راستے، لائٹنگ، صفائی، پانی اور سکیورٹی جیسے امور پر خصوصی توجہ دی جائے۔ ماضی میں ضلعی انتظامیہ اور ایم ڈبلیو ایم کے باہمی تعاون سے بہترین مثال قائم ہوئی، جسے اس سال بھی جاری رکھا جائے۔ کمشنر قلات شاہزیب کاکڑ نے اجلاس کے شرکاء کو یقین دہانی کرائی کہ حکومت، عزاداران امام حسین علیہ السلام کو مکمل تحفظ فراہم کرے گی۔ پولیس، لیویز اور تمام متعلقہ ادارے جلوسوں اور مجالس کے تمام راستوں کا از سر نو جائزہ لیں، حساس مقامات پر اضافی نفری تعینات کی جائے اور سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے نگرانی کے مؤثر انتظامات کئے جائیں۔ ڈی آئی جی عبدالحمید نے کہا کہ پولیس فورس مکمل الرٹ ہے، اور ضلعی سطح پر سکیورٹی پلان کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ فوری رسپانس ٹیمیں کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لئے تیار ہیں۔ آخر میں یہ طے پایا کہ علماء کرام، سول انتظامیہ، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے آپس میں مکمل رابطہ و تعاون برقرار رکھیں گے، تاکہ محرم الحرام کے دوران امن، وحدت اور بھائی چارے کی فضا کو فروغ دیا جا سکے۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: امام حسین علیہ السلام محرم الحرام علامہ مقصود کے دوران کہا کہ
پڑھیں:
وزیراعظم اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کیلئے نیو یارک پہنچ گئے
وزیراعظم محمد شہباز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80ویں اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کے لیے نیو یارک پہنچ گئے۔ وزیراعظم اقوام متحدہ جنرل اسمبلی سے اپنے خطاب میں مسئلہ کشمیر اور فلسطین کے حوالے سے پاکستان کا مؤقف اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ اہم عالمی امور پر پاکستان کا نقطہ نظر پیش کریں گے۔ وزیراعظم اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر منعقد کی گئی اعلیٰ سطحی تقریبات میں شرکت کریں گے، جن میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اہم اجلاس، گلوبل ڈویلپمنٹ انیشیٹو (جی ڈی آئی) کی اعلیٰ سطحی میٹنگ اور موسمیاتی کارروائی سے متعلق خصوصی اعلیٰ سطحی تقریب شامل ہیں۔ وزیر اعظم امریکی صدر ٹرمپ کے ساتھ منتخب اسلامی رہنماؤں کی ملاقات میں بھی شرکت کریں گے تاکہ علاقائی اور بین الاقوامی امن و سلامتی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔ وزیراعظم اجلاس میں شریک عالمی رہنماؤں اور اقوام متحدہ کے اعلیٰ حکام کے ساتھ دوطرفہ ملاقاتیں کریں گے اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔ عالمی رہنماؤں کے اس سب سے بڑے سالانہ اجتماع میں وزیراعظم کی شرکت کثیرالجہتی اور اقوام متحدہ کے لیے پاکستان کے مضبوط عزم کو ظاہر کرے گی اور امن اور ترقی کے مشترکہ مقاصد کے لیے پاکستان کے دیرینہ تعاون کو اجاگر کرے گی۔