کراچی، سندھ پولیس کی نمبر پلیٹ والی موٹر سائیکل پر سوار ڈاکوؤں کی فائرنگ سے نوجوان زخمی
اشاعت کی تاریخ: 30th, June 2025 GMT
شہر قائد کے علاقے کریم آباد فرنیچر مارکیٹ کے قریب ایک ڈکیتی کی واردات کے دوران فائرنگ سے ایک نوجوان زخمی ہوگیا۔عینی شاہدین کے مطابق موٹرسائیکل پر سوار دو ملزمان نے دو شہریوں کو واردات کا نشانہ بنایا اور موبائل فون چھیننے کی کوشش کی۔عینی شاہدین کے مطابق ملزمان نے جب حمزہ نامی نوجوان سے موبائل فون چھیننے کی کوشش کی تو نوجوان نے مزاحمت کی، جس پر ڈاکوؤں نے اس پر دو سے تین گولیاں چلائیں۔ فائرنگ سے حمزہ زخمی ہوگیا جبکہ اس کا دوست محفوظ رہا۔واقعہ کے بعد ملزمان زخمی نوجوان کو چھوڑ کر لیاقت آباد فلائی اوور کی طرف فرار ہوگئے۔ پولیس نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کردیے ہیں۔عینی شاہد کے مطابق ملزمان کی موٹرسائیکل پر سندھ پولیس کی نمبر پلیٹ لگی ہوئی تھی۔ایس ایچ او عزیز آباد کا کہنا ہے کہ پولیس نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
کراچی: زیادتی کی شکار غیرملکی خاتون نے ملزم کو معاف کردیا
کراچی کے علاقے ڈیفنس میں زیادتی کا شکار غیر ملکی خاتون نے ملزم کو معاف کردیا۔ جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی ملزم کے جسمانی ریمانڈ میں چار روز کی توسیع کردی۔
کراچی میں درخشاں تھانے کی حدود میں امریکی خاتون سے زیادتی کے مقدمے کی سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں ہوئی پولیس نے گرفتار ملزم جیسپر عرف آدی محمود کو عدالت میں پیش کیا۔
متاثرہ خاتون نے عدالت میں زیر دفعہ 164 کا بیان ریکارڈ کروایا، متاثرہ خاتون نے ملزم کو معاف کرنے کا بیان دیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمہ میں ملوث ملزم آدی محمود کو گرفتار کرلیا ہے، ملزم تھانا درخشاں میں گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے صفائی کا کام کر رہا تھا۔
خاتون نے بیان میں کہا کہ پولیس افسر نے اس کا دستخط شدہ بیان جلادیا، پولیس افسر نے کہا کہ مقدمہ درج کروائیں ورنہ ہمارے لیے مشکل ہوجائے گی۔
متاثرہ خاتون نے کہا کہ ملزم کی زندگی خراب نہیں کرنا چاہتی۔
عدالت نے متاثرہ خاتون کا بیان کیس کا حصہ بنادیا جبکہ عدالت نے ملزم جیسپر کے جسمانی ریمانڈ میں چار روز کی توسیع کردی۔
عدالت نے تفتیشی افسر کو ملزم کی عمر کے تعین سے متعلق رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔