مودی حکومت نے مقبوضہ کشمیر میں گرفتاریوں کا سلسلہ تیز کر دیا ہے, حریت کانفرنس
اشاعت کی تاریخ: 30th, June 2025 GMT
حریت ترجمان کا کہنا ہے کہ نئی دہلی کے جابرانہ ہتھکنڈوں کے باوجود کشمیری عوام اقوام متحدہ کی طرف سے تسلیم شدہ اپنے حق خودارادیت کے حصول کے لیے پر عزم ہیں۔ اسلام ٹائمز۔ غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی زیرقیادت نئی دہلی کی مسلط کردہ انتظامیہ کی طرف سے کشمیری رہنمائوں اور کارکنوں کی مسلسل گرفتاریوں اور طویل نظربندیوں کی شدید مذمت کی ہے۔ ذرائع کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں گرفتاریوں کو کشمیریوں کی جائز جدوجہد آزادی کو دبانے کی دانستہ کوشش قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ 5اگست 2019ء سے مقبوضہ علاقے میں بھارت کی ظالمانہ کارروائیوں میں تیزی آئی ہے، ہزاروں کشمیری بغیر منصفانہ ٹرائل کے پبلک سیفٹی ایکٹ (PSA) اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام جیسے کالے قوانین کے تحت جیلوں میں بند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکام گرفتار نوجوانوں کو جھوٹے بیانات دینے پر مجبور کر رہے ہیں جس کا مقصد پرامن مزاحمتی تحریک کو بدنام کرنا ہے۔ ایڈووکیٹ منہاس نے کہا کہ آزادی پسند رہنمائوں اور کارکنوں کو من گھڑت الزامات کی بنیاد پر بار بار نشانہ بنایا جا رہا ہے جبکہ قیدیوں کو جیلوں میں غیر انسانی سلوک اور تشدد کا سامنا ہے اور انہیں بنیادی حقوق سے محروم رکھا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی دہلی کے جابرانہ ہتھکنڈوں کے باوجود کشمیری عوام اقوام متحدہ کی طرف سے تسلیم شدہ اپنے حق خودارادیت کے حصول کے لیے پر عزم ہیں۔ ترجمان نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں جنیوا کنونشنز اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی پر بھارت کو جوابدہ ٹھہرائے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: نے کہا کہ
پڑھیں:
اسحاق ڈار ایس سی او وزرائے خارجہ اجلاس کیلئے کرغزستان پہنچ گئے
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق نائب وزیراعظم ایس سی او وزرائے خارجہ کے غیر رسمی عشائیے میں شرکت کریں گے اور رکن ممالک کے اپنے ہم منصبوں سے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔ اسلام ٹائمز۔ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں شرکت کے لیے کرغزستان کے شہر چولپون آتا پہنچ گئے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق چولپون آتا پہنچنے پر کرغزستان کے نائب وزیر خارجہ کیرات تورسنکولوف نے نائب وزیراعظم کا استقبال کیا۔ اس موقع پر کرغزستان میں پاکستان کے سفیر التمش وزیر اور ایس سی او کے لیے قومی رابطہ کار ڈاکٹر محمد فیصل بھی موجود تھے۔ ترجمان نے بتایا کہ نائب وزیراعظم ایس سی او وزرائے خارجہ کے غیر رسمی عشائیے میں شرکت کریں گے اور رکن ممالک کے اپنے ہم منصبوں سے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق ملاقاتوں میں کل ہونے والے ایس سی او وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کے ایجنڈے پر بھی بات چیت کی جائے گی۔