لاہور سمیت پنجاب بھر میں آئندہ 5 روز تک موسلادھار بارش کا امکان
اشاعت کی تاریخ: 1st, July 2025 GMT
لاہور:
صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب بھر میں آئندہ پانچ روز تک موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور سمیت صوبے بھر میں پری مون سون بارشوں کا سسٹم ایک بار پھر داخل ہو گیا ہے، جس کے باعث کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔
اس سسٹم کے زیر اثر آئندہ 4سے 5 روز تک مزید بارشیں اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے جب کہ لاہور شہر میں آج شدید حبس کے ساتھ ساتھ بارش کی پیش گوئی بھی کی گئی ہے۔
موسمیاتی ماہرین کے مطابق لاہور میں درجہ حرارت کم سے کم 26 اور زیادہ سے زیادہ 32 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے، جس کے باعث موسم مرطوب اور غیر آرام دہ رہے گا۔
اُدھر شہر میں جاری ترقیاتی کاموں کے حوالے سے بھی خدشات بڑھنے لگے ہیں۔ لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام اور بلدیہ عظمیٰ کے تحت جاری ترقیاتی منصوبے 30 جون تک مکمل کیے جانے تھے جب کہ واسا کی جانب سے ان منصوبوں کو 31 جولائی تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
شہریوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ترقیاتی کام مقررہ وقت پر مکمل نہ ہوئے تو مون سون کی بارشوں کے دوران سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
ایم ڈی واسا کا کہنا ہے کہ بارشی پانی کی بروقت نکاسی کو یقینی بنانے کے لیے آپریشنل سٹاف کو فیلڈ میں تعینات کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
لاہور میں موسلادھار بارش سے موسم خوشگوار، بجلی کا ترسیلی نظام شدید متاثر
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے ملک کے مختلف علاقوں میں ممکنہ سیلاب کا الرٹ جاری کیا ہے، خیبرپختونخوا میں طوفانی بارشوں کا امکان ہے، گلگت بلتستان کے کچھ علاقوں میں پہاڑوں سے برف پگھلنے کے باعث سیلابی صورتحال کا خطرہ ہے۔ اسلام ٹائمز۔ لاہور اور گرد و نواح میں شدید طوفان و موسلادھار بارش سے گرمی اور حبس کا زور ٹوٹ گیا۔ صوبائی دارالحکومت لاہور کے علاقے لکشمی چوک، شملہ پہاڑی، ایبٹ روڈ، ڈیوس روڈ، مال روڈ، شادمان، گلبرگ، سکیم موڑ، مغلپورہ، دھرمپورہ، ایئرپورٹ، یتیم خانہ، علامہ اقبال ٹاؤن، وحدت روڈ، مسلم ٹاؤن اور شاہدرہ کے اطراف میں شدید بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ اس کے علاوہ مزنگ، چوبرجی، شام نگر، اسلامپورہ، بند روڈ، سول سیکرٹریٹ اور انارکلی کے اطراف میں بھی بادل برس پڑے۔
شہر میں تیز آندھی اور بارش سے بجلی کا ترسیلی نظام متاثر ہوگیا، لیسکو کے 178 فیڈرز ٹرپ کر گئے، اکثر علاقوں میں بجلی کی فراہمی بند ہوگئی۔ واضح رہے کہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے ملک کے مختلف علاقوں میں ممکنہ سیلاب کا الرٹ جاری کیا ہے، خیبرپختونخوا میں طوفانی بارشوں کا امکان ہے، گلگت بلتستان کے کچھ علاقوں میں پہاڑوں سے برف پگھلنے کے باعث سیلابی صورتحال کا خطرہ ہے۔ این ڈی ایم اے کے مطابق 26 سے 28 جون تک پنجاب، کے پی اور سندھ میں بارشوں سے 38 افراد جاں بحق جبکہ 43 زخمی ہوئے ہیں۔