کراچی: ملبے سے مزید لاشیں نکال لی گئیں، ہلاکتیں 23 ہو گئیں
اشاعت کی تاریخ: 6th, July 2025 GMT
کراچی (سٹاف رپورٹر) شہر قائد میں لیاری عمارت سانحے میں جاں بحق افراد کی تعداد بڑھ کر 23 ہو گئی ہے۔ منہدم عمارت کے ملبے سے مزید 11 لاشیں نکال لی گئیں ہیں جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 21 ہوگئی ، منہدم عمارت کے ملبے تلے ابھی تک کئی افراد دبے ہوئے ہیں، ریسکیو 1122کے مطابق ہفتہ کو ملبے سے مزید 11 لاشیں نکالی گئی ہیں۔ ڈی سی سائوتھ جاوید نبی کھوسو نے بتایا کہ ملبہ ہٹاتے ہوئے احتیاط کو ملحوظ خاطر رکھا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ منہدم بلڈنگ کے اطراف بھی متعدد مخدوش عمارتیں موجود ہیں، جنھیں خالی کرا لیا گیا ہے، زخمی ہونے والے 8افراد ہسپتال میں زیر علاج ہیں، جب کہ امدادی کارروائیوں کو 24گھنٹے سے زائد کا وقت گزر چکا ہے اور آپریشن مکمل کرنے کے لیے مزید 8گھنٹے سے زائد کا وقت درکار ہوگا۔ ملبے میں مزید 6سے 7افراد دبے ہونے کا خدشہ ہے۔ علاوہ ازیں ملبے تلے دبنے والوں میں ایک نو بیاہتا جوڑا بھی شامل ہے۔ مکینوں کے مطابق ملبے تلے دبے اس جوڑے میں شوہر کا نام نیرول جبکہ بیوی کا نام منیشا ہے۔ یہ نوجوان جوڑا محض پانچ ماہ قبل ہی رشتہ ازدواج میں منسلک ہوا تھا۔ عمارت کے ملبے سے مزید افراد کے نکالے جانے کی امید ہے، جبکہ زخمیوں کو قریبی ہسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے۔ ریسکیو حکام نے عمارت کے ملبے سے تین ماہ کی ایک بچی کو زندہ نکالا تھا، لیکن تاحال بچی کے ماں باپ کو نہیں نکالا جا سکا۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
کراچی، پوش علاقے کی پارکنگ میں کھڑی گاڑی سے مرد و خاتون کی لاشیں برآمد
کراچی:کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس سی ویو کے قریب واقع ایک رہائشی عمارت کی پارکنگ میں کھڑی گاڑی سے ایک مرد اور ایک خاتون کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی درخشاں تھانے کی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور فوری طور پر کرائم سین یونٹ کو طلب کر کے شواہد اکھٹے کیے گئے۔
پولیس کے مطابق لاشیں سی ویو اپارٹمنٹ کے بلاک 28 کی پارکنگ میں کھڑی سفید رنگ کی پراڈو گاڑی سے ملی ہیں۔
ایس ایچ او درخشاں شاہد تاج کے مطابق مرد کی شناخت شہباز ملک کے نام سے ہوئی ہے جبکہ خاتون کی شناخت کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
ابتدائی طور پر دونوں کی موت کی وجوہات معلوم نہیں ہو سکیں تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ تمام پہلوؤں سے تفتیش کی جا رہی ہے۔