بھارتی حمایت یافتہ نیٹ ورکس کیخلاف فیصلہ کن اقدامات ناگزیر: کور کمانڈرز کانفرنس
اشاعت کی تاریخ: 11th, July 2025 GMT
راولپنڈی (خبر نگار خصوصی) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی زیر صدارت جی ایچ کیو میں 271 ویں کور کمانڈرز کانفرنس کا انعقاد، آئی ایس پی آرکے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی زیر صدارت کور کمانڈر کانفرنس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پاکستانی عوام کی سلامتی اور تحفظ پاک افواج کی اولین ترجیح ہے اور شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ بھارتی سرپرستی اور حمایت یافتہ نیٹ ورکس کے خلاف ہر سطح پر فیصلہ کن اور ہمہ گیر اقدامات ناگزیر ہیں۔ بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد نیٹ ورکس کے خلاف حالیہ کامیابیوں کا جائزہ لیتے ہوئے فورم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہمارے شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا اور پاکستانی عوام کی سلامتی اور تحفظ پاک افواج کی اولین ترجیح ہے۔ بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے ایجنٹوں کے حالیہ دہشت گرد حملوں میں شہید ہونے والوں کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔ اس بات پر زور دیا گیا کہ پہلگام واقعے کے بعد براہ راست جارحیت میں شکست کے بعد بھارت اب اپنے مذموم عزائم کو فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان جیسے ایجنٹوں کے ذریعے آگے بڑھا رہا ہے۔ کور کمانڈرز کانفرنس کے دوران فیلڈ مارشل نے ایران، ترکیہ، آذربائیجان، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے حالیہ دوروں سمیت پاکستان کی فعال اور کامیاب سفارتی کوششوں کی تفصیل بتائی، کور کمانڈر کانفرنس میں فیلڈ مارشل کے امریکا کے تاریخی اور منفرد دورے پر بھی بریفنگ دی گئی۔ جہاں اعلیٰ ترین قیادت سے ملاقاتوں کا موقع ملا اور پاکستان کے دو طرفہ، علاقائی اور بین الاقوامی امور پرمؤقف کو براہ راست پیش کیا گیا۔ کور کمانڈرز کانفرنس میں موجودہ داخلی و خارجی سکیورٹی صورتحال کا جامع جائزہ لیا۔ خاص طور پر مشرق وسطیٰ اور ایران میں حالیہ پیش رفت اور طاقت کے استعمال کو بطور پالیسی ٹول اختیار کرنے کے بڑھتے رجحان پر غور کیا، جس کے پیش نظر خود انحصاری کی صلاحیتوں کی مسلسل ترقی، قومی اتحاد اور عزم کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ بھارتی فوج کے بے بنیاد الزامات پر نوٹس لیتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ واضح دو طرفہ فوجی محاذ آرائی میں تیسرے فریق کو شامل کرنا بلاک سیاست کی ایک غیر سنجیدہ کوشش ہے جس کا مقصد بھارت کو خود ساختہ سکیورٹی فراہم کرنے والا کردار ظاہر کر کے اس خطے میں فوائد سمیٹنا ہے۔ دنیا بھارتی بالادستی کی خواہشات اور ہندوتوا انتہا پسندی سے واضح طور پر بدظن ہو رہی ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس میں میں پاکستان آرمی کی جاری کوششوں پر بھی بریفنگ دی گئی، جس میں بدلتے ہوئے خطرات اور جنگ کی نوعیت کے مطابق فوری طور پر ڈھلنے کی حکمت عملی شامل ہے۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان نیوی اور پاکستان ایئر فورس کی قیادت کو بھی تینوں افواج کے باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر سراہا۔ کورکمانڈرز کانفرنس کے اختتام پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے مسلح افواج کی خطرات سے نمٹنے کے لیے آپریشنل تیاریوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کور کمانڈرز کانفرنس کانفرنس میں
پڑھیں:
’مضبوط رہیں‘، ریپر طلحہ انجم کا بھارتی طلبا کے ساتھ اظہارِ یکجہتی
پاکستان کے معروف ریپر اور گلوکار طلحہ انجم نے نئی دہلی میں تعلیمی نظام کے خلاف احتجاج کرنے والے بھارتی طلبا سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے ان کے حوصلے اور ثابت قدمی کو سراہا ہے۔ انہوں نے طلبا پر ہونے والی پولیس کارروائی کے بعد ایک پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے غصے اور احساسات کو بخوبی سمجھتے ہیں۔
طلحہ انجم نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر بھارتی طلبا کے احتجاج کی ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں مظاہرین پر آنسو گیس اور لاٹھی چارج ہوتے دکھایا گیا۔ ویڈیو کے ساتھ انہوں نے لکھا کہ ’بھارت کے طلبا مظاہرین کے نام، مجھے آپ کی ثابت قدمی کا بے حد احترام ہے، میں آپ کی مایوسی اور غصے کو سمجھ سکتا ہوں، اور یہ بھی جانتا ہوں کہ آپ کے ساتھ کیا کیا جا رہا ہے، مضبوط رہیں۔‘
طلحہ انجم پاکستان کے سب سے زیادہ سنے جانے والے موسیقاروں میں شمار ہوتے ہیں اور اسٹریمنگ پلیٹ فارم اسپاٹیفائی پر ان کی مقبولیت کئی ریکارڈ قائم کر چکی ہے۔ بھارت میں بھی ان کے مداحوں کی بڑی تعداد موجود ہے۔ گزشتہ برس نیپال میں ایک کنسرٹ کے دوران ایک مداح کی جانب سے بھارتی پرچم پیش کیے جانے پر وہ خبروں میں آئے تھے، بعد ازاں انہوں نے پاکستان میں اس معاملے پر وضاحت بھی کی تھی۔
سماجی اور انسانی مسائل پر کھل کر مؤقف اختیار کرنے والے طلحہ انجم اس سے قبل بھی کئی معاملات پر آواز بلند کر چکے ہیں۔ اپریل میں صومالیہ کے ساحل کے قریب قزاقوں کے قبضے میں جانے والے پاکستانی ملاحوں کی رہائی کے لیے انہوں نے حکومت سے مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا تھا اور وزارتِ خارجہ سے متاثرہ خاندانوں کے لیے مستقل ہیلپ لائن قائم کرنے کی اپیل بھی کی تھی۔
دوسری جانب بھارت میں تعلیمی امتحانات کے مبینہ پیپر لیکس کے خلاف احتجاج کا سلسلہ گزشتہ ماہ سے جاری ہے۔ کاکروچ جنتا پارٹی (CJP) کے پلیٹ فارم سے ہونے والے اس دھرنے میں طلبہ وزیرِ تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفے اور تعلیمی نظام میں اصلاحات کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ حالیہ دنوں پارلیمنٹ کی جانب مارچ کی کوشش کے دوران پولیس نے مظاہرین کو روکنے کے لیے طاقت کا استعمال کیا، جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے۔