’پاکستان میں جو محبت اور خلوص ملا ہمشہ یاد رہے گا‘: ایرانی صدر کی ایاز صادق سے گفتگو
اشاعت کی تاریخ: 3rd, August 2025 GMT
ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان اور اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق—فائل فوٹوز
اسپیکر قومی اسمبلی ایازصادق نے ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی۔
اس موقع پر رکنِ قومی اسمبلی سید نوید قمر بھی موجود تھے، ملاقات میں پاک ایران پارلیمانی تعاون، خطے کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی گئی۔
اسپیکر قومی اسمبلی ایازصادق نے ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے دورۂ پاکستان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا پاکستان اور ایران بھائی چارے، تاریخ وثقافت اور ہمسائیگی کے لازوال رشتوں میں بندھے ہیں، پاکستان ایران کے ساتھ اپنے تاریخی برادرانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان ایران کی خود مختاری اور سالمیت کی مکمل حمایت کرتا ہے، صدر پزشکیان کا دورہ دو طرفہ تعلقات کو وسعت دینے میں سنگِ میل ثابت ہو گا۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے آپریشن ’بنیان مرصوص‘ پر ایران کی حمایت پر اظہارِ تشکر کیا، اور کہا کہ دونوں ممالک کے اعلیٰ سطح کے رابطے علاقائی استحکام کے لیے خوش آئند ہیں، مشرقِ وسطیٰ میں پائیدار امن خطے کی خوشحالی کے لیے ناگزیر ہے۔
اسپیکر ایاز صادق نے کہا کہ ایران پر اسرائیلی حملہ عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے، پاکستان مذاکرات کے ذریعے عالمی تنازعات کے حل کا حامی ہے، پاکستان کی پارلیمان نے ایران پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف متفقہ قرار داد منظور کی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے عوام یک جان دو قالب کی مانند ہیں، ایران اور پاکستان کے درمیان ہونے والے مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط خوش آئند ہیں۔
اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ پارلیمانی واقتصادی رابطوں کو بڑھانے پر اتفاق کیا۔
اسپیکر ایاز صادق نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اور فلسطین کو حل کیے بغیر دنیا میں امن قائم نہیں ہو سکتا، غزہ اور کشمیر میں جاری انسانیت سوز مظالم کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔
انہوں نے کہا کہ غزہ میں جاری اسرائیلی مظالم پر عالمی برادری کی خاموشی لمحۂ فکریہ ہے، پاکستان کی پارلیمان اور عوام فلسطینی اور کشمیری عوام کی غیرمتزلزل حمایت جاری رکھیں گے۔
ایرانی صدر نے پرتپاک استقبال اور میزبانی پر حکومت پاکستان اور عوام کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان میں جو محبت اور خلوص ملا ہمشہ یاد رہے گا، پاکستان نے مشکل وقت میں ساتھ دے کر اخوت کی بہترین مثال قائم کی، پاکستان کے واضح مؤقف نے ایرانی قوم کے دل جیت لیے ہیں۔
ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے اسرائیلی جارحیت کے دوران پاکستان کی حمایت پر اظہارِ تشکر کیا اور کہا کہ ایران پاکستان کی حمایت کو کبھی فراموش نہیں کرے گا، ایران اور پاکستان کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات قائم ہیں۔
.ذریعہ: Jang News
کلیدی لفظ: ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان اسپیکر قومی اسمبلی پاکستان کی ایاز صادق نے کہا کہ نے ایران
پڑھیں:
ایرانی صدر کے دورہ پاکستان کے موقع پر وزیراعظم ہاؤس میں ڈیجیٹل اسکرینز نصب
ایرانی صدر کے دورۂ پاکستان کے موقع پر وزیراعظم ہاؤس میں ڈیجیٹل اسکرینز نصب کر دی گئی۔
ایران کے صدر ڈاکٹر سید مسعود پزشیکان کے سرکاری دورۂ پاکستان کے موقع پر وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں خصوصی طور پر جدید ڈیجیٹل اسکرینز نصب کر دی گئی ہیں۔
ایرانی صدر نے جب وزیراعظم ہاوس میں یادگاری پودا لگا یا تو ان کے پیچھے بڑی سکرین وزیر اعظم شہباز ایرانی صدر اور ایران کے روحانی پیشوا علی خامنائی اور صدر اصف علی زرداری کی تصاویر لگائی گئی تھیں جن پر پاک ایران دوستی کی عبارت نمایاں تھی۔
سرکاری ذرائع کے مطابق ان اسکرینز کا مقصد معزز مہمان کو پاکستان کی معاشی، تجارتی، ثقافتی اور دفاعی شعبوں میں پیش رفت سے بصری انداز میں آگاہ کرنا تھا۔
دورے کے دوران وفود کو ملٹی میڈیا بریفنگز کے ذریعے پاک ایران تعلقات، مشترکہ منصوبوں، اور علاقائی تعاون پر تفصیلی معلومات فراہم کی جاتی ہیں۔
یہ اسکرینز نہ صرف مہمانوں کے لیے معلوماتی ثابت ہوئیں بلکہ پاکستان کے مثبت تشخص اور سفارتی روایات کے فروغ کی ایک جدید علامت کے طور پر پیش کرتی ہیں۔