امریکا سے معاہدہ، پاکستان کو جنوبی ایشیائی خطے میں سب سے کم ٹیرف ملا، بلال کیانی
اشاعت کی تاریخ: 7th, August 2025 GMT
بلال اظہر کیانی(فائل فوٹو)۔
وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ امریکا سے معاہدے کے بعد ہمیں 19فیصد ٹیرف ملا، یہ ساؤتھ ایشین ریجن میں سب سے کم ٹیرف ہے۔ اس سے یقیناً ہماری ایکسپورٹ میں اضافہ ہوگا۔
وزیر مملکت بلال اظہر کیانی کا کہنا تھا کہ ہماری سب سے زیادہ برآمدات امریکا کو کی جاتی ہیں۔ گزشتہ برس ہماری برآمدات 32 ارب ڈالر تھی، ان 32 ارب ڈالر میں سے امریکا کو چھ ارب ڈالر کی برآمدات کی گئیں۔
بلال اظہر کیانی نے کہا کہ ماضی میں جب سائفر لہرائے جا رہے تھے تو کوئی امریکا سے ایسی ڈیل کی توقع نہیں کر رہا تھا۔
انھوں نے کہا کہ اپوزیشن بھی ہمیں داد دے گی کہ تمام تر کوششوں کے باوجود امریکا سے ہمارے تجارتی تعلقات بہتر ہوئے، اپوزیشن چاہتی تھی کہ امریکا سے ہمارے تعلقات خراب ہوں اور ملک ڈیفالٹ کرے۔
.ذریعہ: Jang News
کلیدی لفظ: بلال اظہر کیانی امریکا سے
پڑھیں:
غربت کم کرنے کےلیے پاکستان کو ویلیو ایڈڈ مصنوعات کی برآمدات کو بڑھانا ہوگا، وزیر سرمایہ کاری
وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ قیصر احمد شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان کو ویلیو ایڈڈ مصنوعات کی برآمدات کو بڑھانا ہو گا، ویلیو ایڈڈ برآمدات سے غربت کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔
وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ نے ان خیالات کا اظہار پالیسی ادارہ برائے پائیدار ترقی (ایس ڈی پی آئی) کے زیر اہتمام 28 ویں پائیدار ترقی کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے ملک کو معاشی استحکام کی راہ پر گامزن کیا ہے اور وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں وفاقی حکومت نے گزشتہ بیس ماہ کے دوران معیشت سمیت مختلف شعبوں میں کئی نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کو پیداواری صلاحیت بڑھانے کی ضرورت ہے اور حکومت براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) کے فروغ کیلئے جامع حکمت عملی کے تحت کوشاں ہے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پاکستان میں گزشتہ مالی سال کے دوران 2.5 ارب ڈالر کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو چین کی ترقی سے سیکھنا چاہئیے۔ قیصر احمد شیخ نے کہا کہ چین کی ترقی میں جامع منصوبہ بندی نے بنیادی اور بڑا اہم کردار ادا کیا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارت کے ساتھ حالیہ تنازعہ کے بعد عالمی سطح پر پاکستان کے وقار میں اضافہ ہوا ہے۔
وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ نے کہا کہ ملک میں باہمی اعتماد معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے،منصوبہ بندی کمیشن پاکستان کی پائیداری ترقی کیلئے منصوبہ بندی تیار کر سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں غربت کی شرح کو کم کرنے کیلئے چین کے اقدامات اور تجربات سے استفادہ کیا جا سکتا ہے۔ وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ نے مزید کہا کہ ٹیکنالوجی پر مبنی اور ویلیو ایڈڈ برآمدات کے فروغ سے روزگار کی فراہمی کے مواقع میں خاطر خواہ اضافہ کیا جا سکتا ہے۔