پرتگال اسکینڈل کی آزادانہ تحقیقات ہونی چاہئیں، مشیر اطلاعات وزیراعلیٰ کے پی
اشاعت کی تاریخ: 9th, August 2025 GMT
پشاور:
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ ایک ہزار ارب روپے سے زائد کے مالی اسکینڈل کا سراغ پرتگال میں لگ گیا لہٰذا اس اسکینڈل کی آزادانہ تحقیقات ہونی چاہئیں کیونکہ پنجاب کے عوام کے ٹیکسوں کا پیسہ پہلے لندن اور اب پرتگال بھی منتقل کیا جا رہا ہے جس سے اہم شخصیات نے جائیدادیں خریدی ہیں۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ پرتگال اسکینڈل کی آزادانہ تحقیقات ہونی چاہئیں، تحقیقات کے بعد پنجاب کے 10 کھرب روپے پرتگال میں ہی برآمد ہوں گے، جعلی حکومت نے صرف ڈھائی سال میں 78 سال کے کرپشن کے ریکارڈز توڑ دیے ہیں لیکن عوام کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ خواجہ آصف نے اپنے فرنٹ مین کو بچانے کے لیے استعفے کا شوشہ چھوڑا ہے، عوام کے ٹیکسوں کے پیسے باہر منتقل کرکے محلات بنائے گئے ہیں مگر ان کا پیٹ بھرنے کا نام نہیں لے رہا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کرپشن کے پیسوں کی وصولی کرکے خزانے میں جمع کیے تھے جبکہ شریف خاندان کی حکومت خزانے کو لوٹ کر کرپشن کے نئے ریکارڈ بنارہی ہے، جعلی حکومت کو عوام کی کوئی فکر نہیں ہے۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں جبکہ جعلی حکمران عیاشیوں میں مصروف ہیں۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: نے کہا
پڑھیں:
وفاقی حکومت دہشت گردی کے خلاف جنگ کی پالیسی پر نظرثانی کرے، بیرسٹر سیف
پشاور:وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر سیف نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کی پالیسی پر نظر ثانی کرے۔
مشیراطلاعات کے پی بیرسٹر سیف نے کہا کہ وفاقی حکومت کی غلط پالیسیوں کے باعث خیبر پختونخوا میں آئے روز جنازے اٹھ رہے ہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں معصوم شہری، بچے اور خواتین نشانہ بن رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی جیسے اہم مسئلے پر وفاقی حکومت کی سردمہری افسوس ناک اور قابل مذمت ہے، دہشت گردی کے خاتمے کے لیے افغانستان سے بات چیت ناگزیر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ و فاق نہ خود افغانستان سے بات چیت کر رہا ہے اور نہ خیبر پختونخوا حکومت کو بات کرنے دے رہا ہے، وزیر اعلیٰ علی امین خان گنڈاپور دہشت گردی کے خاتمے اور امن و امان کے قیام کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہے ہیں۔
مشیر اطلاعات نے کہا کہ وزیر اعلیٰ ہاؤس میں قبائلی جرگوں کا انعقاد کیا گیا ہے، وفاقی حکومت کو چاہیے کہ امن و امان کے قیام میں وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کا ساتھ دے۔
انہوں نے کہا کہ وفاق کی نااہل حکومت اس اہم مسئلے پر بھی سیاست کر رہی ہے اور وفاقی حکومت وزیر اعلیٰ علی امین خان گنڈاپور کی مخلصانہ کوششوں کو سیاست کی نذر کر رہی ہے۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ وفاقی حکومت نے افغانستان وفد بھیجنے کے حوالے سے ٹی او آرز پر بھی چپ سادھ لی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے وفاق کی سنجیدگی انتہائی ضروری ہے بصورت دیگر انسانی جانوں کے ضیاع کا سلسلہ اسی طرح جاری رہے گا۔