جرات اور حکمت بھارت کیخلاف پاکستان کی کامیابی کا باعث بنی، صدر آصف زرداری
اشاعت کی تاریخ: 13th, August 2025 GMT
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ جرات، نظم اور حکمت بھارت کے خلاف ہماری کامیابی کا باعث بنی ہے۔
صدر مملکت نے پاکستان کی 78ویں سالگرہ کے موقع پر پیغام دیا اور اہل وطن کو یوم آزادی پر مبارک باد دی۔
انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمیں جرات، اتحاد اور قربانیوں کی یاد دلاتا ہے، آج ہم قائداعظم اور تحریک پاکستان کے تمام کارکنان کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔
آصف علی زرداری نے مزید کہا کہ اس سال ہم یومِ آزادی بڑے افتخار اور ایک تازہ اُمید کے ساتھ منا رہے ہیں، حال ہی میں قوم نے بیرونی جارحیت کے جواب میں اپنی طاقت، عزم اور اتحاد کا مظاہرہ کیا۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ معرکہ حق اور آپریشن بنیان مرصوص میں ہماری فتح تاریخ کا سنہرا باب ہے، معرکہ حق میں کامیابی غیر متزلزل عزم، بےمثال پیشہ ورانہ مہارت اور قومی اتحاد کا ثبوت ہے۔
صدر مملکت نے یہ بھی کہا کہ بھارت کی بلاجواز جارحیت کے جواب میں ہم نے تحمل، حکمت اور بھرپور قوت سے دفاع کیا، دنیا نے دیکھا، پاکستان امن چاہتا ہے مگر اپنی خودمختاری، سالمیت کے تحفظ کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ معرکہ حق میں فتح ہمارے عوام کے لیے نئے اعتماد کا ذریعہ بنی ہے، معرکہ حق میں کامیابی نے قوم کے حوصلے بلند کیے۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص نے اداروں پر اعتماد مزید مضبوط کیا، پاکستان کا عالمی مقام مزید مستحکم کیا، آج دنیا پاکستان کو ایسے ملک کے طور پر دیکھتی ہے جو امن کا خواہاں ہے مگر دباؤ کے آگے نہیں جھکتا۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہم متحد، یکسو اور مشترکہ مقصد کے لیے پرعزم ہوں تو ہر شعبے میں کامیابی حاصل کرسکتے ہیں، جذبے کو معاشی بحالی، تعلیمی اصلاحات، تکنیکی ترقی، اصلاحات اور ماحولیاتی تحفظ کی جانب لگانا ہوگا، نظم، جرات اورحکمت بھارت کے خلاف حالیہ کامیابی کا باعث بنی۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Jang News
کلیدی لفظ: معرکہ حق نے کہا کہا کہ
پڑھیں:
عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمت 100 ڈالر سے تجاوز، مزید اضافے کا خدشہ
اسلام آباد: مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمت میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جہاں برینٹ کروڈ پہلی بار 100 ڈالر فی بیرل کی سطح عبور کر گیا، جبکہ امریکی خام تیل بھی 90 ڈالر فی بیرل سے اوپر پہنچ گیا۔
تازہ عالمی مارکیٹ رپورٹس کے مطابق خطے میں جاری غیر یقینی صورتحال اور سپلائی میں ممکنہ رکاوٹوں کے خدشات نے خام تیل کی قیمتوں کو نئی بلند ترین سطح پر پہنچا دیا ہے۔
ماہرین توانائی کا کہنا ہے کہ اگر مشرق وسطیٰ کی صورتحال مزید کشیدہ ہوئی اور تیل کی ترسیل متاثر ہوئی تو برینٹ کروڈ کی قیمت 120 ڈالر فی بیرل تک پہنچ سکتی ہے۔
تیل کی قیمتیں کیوں بڑھ رہی ہیں؟
تجزیہ کاروں کے مطابق ایران سے تیل کی سپلائی متاثر ہونے کے خدشات، بحیرہ احمر میں حوثیوں کی جانب سے بحری سرگرمیوں میں رکاوٹ اور اہم تجارتی راستوں پر بڑھتے ہوئے خطرات نے عالمی توانائی مارکیٹ کو شدید دباؤ میں ڈال دیا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ایران کے اہم آئل ٹرمینل جزیرہ خارگ کو کسی بھی ممکنہ نقصان یا تیل کی صنعت میں ہڑتال کی صورت میں عالمی سطح پر سپلائی مزید متاثر ہو سکتی ہے، جس سے قیمتوں میں مزید تیزی آنے کا امکان ہے۔
پاکستان پر کیا اثر پڑ سکتا ہے؟
توانائی ماہرین کے مطابق اگر عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمت اسی رفتار سے بڑھتی رہی تو پاکستان میں بھی پیٹرول، ڈیزل اور دیگر پیٹرولیم مصنوعات مزید مہنگی ہونے کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ ٹرانسپورٹ، بجلی کی پیداوار، صنعتی لاگت اور مہنگائی پر بھی اس کے اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔
ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ عالمی تیل منڈی میں جاری غیر یقینی صورتحال برقرار رہی تو نہ صرف توانائی کی قیمتیں مزید بڑھ سکتی ہیں بلکہ عالمی معیشت اور سپلائی چین بھی شدید دباؤ کا شکار ہو سکتی ہے۔