سندھ بلڈنگ، صدر ٹاؤن میں غیر قانونی بلند عمارتوں کی تعمیر، حکام ملوث
اشاعت کی تاریخ: 25th, September 2025 GMT
ڈائریکٹر راشد ناریجو سمیت افسران کے گٹھ جوڑ کے سنگین الزامات ، تعمیراتی قوانین پامال
پلاٹ نمبر TL21/1صدرمیں بلند عمارت تعمیر ،شہریوں کی سلامتی کو خطرہ، تحقیقات کا مطالبہ
شہر کے تاریخی اور گنجان آباد علاقے صدر ٹاؤن میں غیر قانونی طور پر بلند عمارتیں تعمیر کرنے کا بڑا اسکینڈل سامنے آیا ہے جس میں ڈائریکٹر راشد ناریجو کی زیر قیادت اداروں کے افسران سے گٹھ جوڑ کرنے اور تعمیراتی قوانین کو مسلسل نظر انداز کرنے کے سنگین الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ذرائع سے حاصل ہونے والی معلومات کے مطابق صدر ٹاؤن کے لیے مخصوص بلڈنگ قوانین کے تحت عمارتوں کی اونچائی اور فلور ایریا ریٹیو (FAR)پر واضح پابندیاں عائد ہیں،لیکن ڈائریکٹر راشد ناریجو کمپنی نے ان قوانین کی صریح خلاف ورزی کرتے ہوئے منظور شدہ منصوبوں سے کہیں زیادہ بلند اور وسیع عمارتیں تعمیر کی چھوٹ دے رکھی ہے ۔مقامی رہائشیوں اور مبصرین کا دعویٰ ہے کہ یہ غیر قانونی تعمیراتی کام سرکاری افسران کی ملی بھگت کے بغیر ممکن نہیں تھا۔ اطلاعات کے مطابق ناریجو کمپنی نے پلاٹ نمبر TL21/1 بلڈر سے متعلقہ محکموں کے افسران کو مالی مراعات فراہم کروا کے غیر قانونی تعمیراتی کاموں پر Approve کی مہریں لگوا لی ہیں۔ مقامی رہائشیوں نے اس عمل پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ غیر محفوظ عمارتیں نہ صرف زلزلے جیسے واقعات میں بڑے حادثات کا سبب بن سکتی ہیں، بلکہ پہلے ہی سڑکوں پر ٹریفک اور پارکنگ کے مسائل میں اضافہ کر رہی ہیں۔اس معاملے پر متعلقہ بلدیاتی اداروں کے عہدیداروں کی طرف سے کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا گیا ہے ۔ تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ معاملہ اعلیٰ حکام کی نظر میں ہے اور جلد ہی اس کی تحقیقات کا آغاز متوقع ہے ۔شہریوں اور سماجی کارکنوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اس اسکینڈل کی فوری طور پر شفاف تحقیقات کی جائیں اور قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے تمام افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے ۔یہ واقعہ شہر کے تاریخی علاقوں میں غیر قانونی تعمیرات کے بڑھتے ہوئے رجحان پر سوالیہ نشان ہے ، جہاں ترقی کے نام پر قوانین اور عوامی سلامتی کو مسلسل نظر انداز کیا جا رہا ہے ۔
ذریعہ: Juraat
پڑھیں:
بلدیہ ٹاؤن میں تیز رفتار سائیکل موٹرسائیکل سوار پر الٹ گئی، زد میں آکر 2 نوجوان بھائی جاں بحق
بلدیہ حب ریور روڈ شارجہ مارکیٹ کے قریب تیز رفتار مسافر کوچ ڈرائیور سے بے قابو ہو کر الٹ گئی جس کی زد میں آکر موٹر سایئکل پر سوار 2 سگے بھائی جاں بحق جبکہ والدہ زخمی ہوگئی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق شارجہ مارکیٹ کے قریب تیز رفتار مسافر کوچ الٹنے کے حادثے میں کوچ میں سوار خاتون سمیت 11 مسافر بھی زخمی ہوئے، حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور فلاحی ادارے کے رضا کار موقع پر پہنچ گئی اور متوفین کی لاشوں اور زخمیوں کو سول اسپتال منقتل کیا۔
حادثے کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی تاہم پولیس نے موقع پر پہنچ کر صورتحال پر قابو پالیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق مسافر کوچ الٹنے کے نتیجے میں جاں بحق 2 سگے بھائیوں کی شناخت 17 سالہ علی شاہ اور 15 سالہ دانیال ولد جاوید کے نام سے کی گئی۔
حادثے میں جاں بحق سگے بھائیوں کی زخمی والدہ سائرہ نے ایکسپریس کو بتایا کہ وہ بچوں کے ہمراہ موٹر سائیکل پر بلدیہ نیول کالونی جا رہی تھی کہ کوچ الٹنے کے نتیجے میں موٹر سائیکل اس کی زد میں آگئی جس کے باعث ان کا ہاتھ بھی ٹوٹ گیا جبکہ دونوں بیٹے زندگی کی بازی ہار گئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی متوفین بھائیوں کا والد جاوید بھی اسپتال پہنچ گیا جہاں جوان بیٹوں کی موت پر کئی رقت انگیز مناظر دیکھنے میں آئے۔
مسافر کوچ الٹنے کے نتیجے میں زخمی ہونے والوں کی شناخت 55 سالہ عاشق خان ، 28 سالہ سعید احمد ، 32 سالہ شعیب ، 38 سالہ عبدالباسل ، 55 سالہ محمد کمال ، 45 سالہ سلیم ، 55 سالہ زینت ، 55 عقیل ، 35 سالہ مسافر خان اور 35 سالہ مقصود کے نام سے کی گئی جبکہ ایک 30 سالہ زخمی کی شناخت نہیں ہو سکی ۔
ایس ایچ او سعید آباد پرویز سولنگی نے بتایا کہ فوری طور پر مسافر کوچ کے ڈرائیور کا معلوم نہیں ہوسکا کہ وہ زخمی ہے یا موقع سے فرار ہوگیا ہے اس حوالے سے پولیس معلومات حاصل کر رہی ہے۔