کراچی: غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث 3 ملزمان گرفتار
اشاعت کی تاریخ: 3rd, October 2025 GMT
کراچی:
ایف آئی اے کراچی زون نے ڈی جی ایف آئی اے کی ہدایت پر حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث افراد کے خلاف بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ایف آئی اے اسٹیٹ بینک سرکل اور کمرشل بینکنگ سرکل کی جانب سے کراچی کے علاقوں صدر اور آرم باغ میں کی گئی کارروائیوں کے دوران ملزمان وقاص چندا، سجاد حسین اور عثمان آفریدی کو حراست میں لیا گیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے 4 کروڑ 35 لاکھ روپے اور 2 ہزار سعودی ریال برآمد ہوئے۔ ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا کہ ملزمان طویل عرصے سے حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج کے کاروبار میں ملوث تھے۔
کارروائی کے دوران ملزمان سے موبائل فونز، غیر قانونی کرنسی ایکسچینج سے متعلق دستاویزات اور دیگر شواہد بھی برآمد کرلیے گئے۔ ایف آئی اے ترجمان کے مطابق ملزمان برآمد شدہ کرنسی کے حوالے سے حکام کو مطمئن نہ کر سکے۔
ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کردی گئی ہے جبکہ ان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: غیر قانونی کرنسی ایکسچینج ایف آئی اے
پڑھیں:
کراچی، قیوم آباد قبرستان کے قریب پولیس مقابلہ، زخمی سمیت دو ملزمان گرفتار
کراچی:شہر قائد میں ڈیفنس پولیس نے قیوم آباد بی ایریا قبرستان کے قریب موٹرسائیکل سوار مشتبہ ملزمان کے ساتھ مبینہ مقابلہ کیا، جس میں زخمی سمیت دو ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پولیس نے مشتبہ ملزمان کو رکنے کا اشارہ کیا تاہم ملزمان نے رکنے کی بجائے پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کر دی۔
پولیس کی جوابی کارروائی کے نتیجے میں دو ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا جن میں ایک زخمی ہو گیا۔
زخمی ملزم کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ملزمان کے قبضے سے ایک 30 بور پستول، ایک موٹر سائیکل اور تین موبائل فون برآمد ہوئے ہیں۔
موقع سے ایک ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ہے جس کی گرفتاری کے لیے پولیس کی جانب سے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ ملزمان کے خلاف مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔