وینزویلا کی اپوزیشن رہنما ماریا کورینا ماچادو کو جب جمعے کے روز نوبیل امن انعام ملنے کی اطلاع ملی تو وہ حیرت میں ڈوب گئیں۔

ماریا کورینا ماچادو کی میڈیا ٹیم کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو میں انہیں فون پر گفتگو کے دوران حیرت سے ’میں شاک میں ہوں‘ کہتے دیکھا جاسکتا ہے۔

یہ گفتگو ایڈمنڈو گونزالیز اوروریٹیا سے ہو رہی تھی، وہی سیاستدان جنہوں نے گزشتہ صدارتی انتخابات میں ماچادو کی نااہلی کے بعد اپوزیشن امیدوار کے طور پر ان کی جگہ لی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی خواہش پوری نہ ہوئی، امن کا نوبیل انعام 2025 وینزویلا کی ماریہ کورینا کو مل گیا

گونزالیز، جو تقریباً ایک سال سے جلاوطنی کی زندگی گزار رہے ہیں، نے جواب دیا کہ ’ہم خوشی کے شاک‘ میں ہیں۔

اس وقت وینزویلا میں گوشہ نشینی کی زندگی گزارنے والی 58 سالہ ماریا کورینا ماچادو نے کہا؛ ’یہ کیا ہے؟ مجھے یقین نہیں آ رہا!‘

نوبیل کمیٹی کے مطابق، ماچادو کو یہ اعزاز وینزویلا کے عوام کے جمہوری حقوق کے فروغ کے لیے ان کی انتھک جدوجہد اور آمریت سے جمہوریت تک ایک منصفانہ و پُرامن انتقال کی کوششوں پر دیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں:

ماریا کورینا ماچادو لاطینی امریکا میں جمہوری جدوجہد اور شہری جرات کی علامت سمجھی جاتی ہیں۔

وہ طویل عرصے سے نکولس مادورو کی آمرانہ حکومت کے خلاف مزاحمت کرتی آئی ہیں اور دھمکیوں، گرفتاریوں اور سیاسی انتقام کے باوجود ملک میں ہی رہ کر پُرامن مزاحمت اور آزاد انتخابات کی تحریک چلاتی رہی ہیں۔

نوبیل کمیٹی نے انہیں ایک ’اتحاد پیدا کرنے والی قوت‘ قرار دیا، جنہوں نے ماضی میں تقسیم شدہ اپوزیشن کو یکجا کیا اور مختلف سیاسی گروہوں کے درمیان تعاون کو فروغ دیا۔

مزید پڑھیں:

2024 کے متنازع صدارتی انتخابات کے دوران، جب انہیں امیدوار بننے سے روک دیا گیا، تو انہوں نے ایڈمنڈو گونزالیز اوروریٹیا کی حمایت کی اور شہری سطح پر ووٹوں کی گنتی، انتخابی نگرانی اور دھاندلی کے انکشافات کے لیے ایک وسیع مہم کی قیادت کی حالانکہ حکومت نے اختلاف رائے دبانے کی بھرپور کوشش کی۔

کمیٹی کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ماریا کورینا ماچادو نے ثابت کیا کہ جمہوریت کے آلات ہی امن کے آلات ہیں۔

’وہ ایک ایسے مستقبل کی امید ہیں جہاں شہریوں کے بنیادی حقوق محفوظ ہوں اور ان کی آواز سنی جائے۔‘

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

نوبیل امن انعام وینزویلا.