خیبر پختونخوا میں دہشتگردی کی روک تھام کیلئے پہلا پولیس اسنائپر اسکواڈ تیار
اشاعت کی تاریخ: 19th, October 2025 GMT
خیبر پختونخوا میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی کے خطرات سے نمٹنے اور سیکیورٹی کی مجموعی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے پولیس نے ایک اہم پیش رفت کرتے ہوئے پہلا اسنائپر اسکواڈ تشکیل دے دیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد حساس علاقوں میں دہشت گردوں کی کارروائیوں کو مؤثر انداز میں روکنا اور امن و امان کو یقینی بنانا ہے۔
سینٹرل پولیس آفس (سی پی او) پشاور کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق یہ اسنائپر اسکواڈ خاص طور پر دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے خطرات کے تناظر میں تشکیل دیا گیا ہے۔ اسکواڈ کو نہ صرف جدید اسلحے سے لیس کیا گیا ہے بلکہ ان اہلکاروں کو اعلیٰ سطح کی تربیت بھی فراہم کی گئی ہے تاکہ وہ کسی بھی ہنگامی صورتِ حال میں مؤثر کارروائی کر سکیں۔
ہر اسنائپر اسکواڈ میں 10 تربیت یافتہ اہلکار شامل ہوں گے، جنہیں پہاڑی علاقوں، سرحدی پٹیوں اور جنوبی اضلاع میں تعینات کیا جائے گا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ان اہلکاروں کو دور سے چھپے دشمن کو نشانہ بنانے کی مہارت دی گئی ہے، جو دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں انتہائی مؤثر ثابت ہوگی۔
ابتدائی طور پر یہ اسکواڈ خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع، ملاکنڈ ڈویژن اور حساس سرحدی علاقوں میں تعینات کیا جائے گا۔ مزید یہ کہ شدید سردی میں مؤثر کارروائی کے لیے اسکواڈ کو جدید تھرمل امیجنگ ڈیوائسز بھی فراہم کی جائیں گی۔ اس خصوصی اسکواڈ کے اہلکاروں نے تین ماہ پر مشتمل جدید ترین اسنائپر ٹریننگ مکمل کی ہے، جو ایلیٹ فورس کی نگرانی میں دی گئی۔ یہ اقدام صوبے میں سیکیورٹی کی نئی حکمت عملی کا حصہ ہے، جس کا مقصد دیرپا امن قائم کرنا اور عوام کو تحفظ فراہم کرنا ہے۔
.
ذریعہ: Al Qamar Online
کلیدی لفظ: اسنائپر اسکواڈ
پڑھیں:
خیبر پختونخوا پولیس کو صرف کے پی میں ڈیوٹی کی ہدایت
خیبر پختونخوا پولیس صرف اپنے صوبے کے اندر فرائض سرانجام دے، ڈی آئی جی سیکیورٹی خیبر پختونخوا شاکر حسین داوڑ نے خیبرپختونخوا کے پولیس افسران کو مراسلہ لکھ دیا۔
خط میں لکھا کہ کے پی پولیس فورس کا کوئی بھی اہلکار سیاسی سرگرمیوں میں حصہ نہ لے۔
تمام نگران افسران کو ہدایات پر سختی سے عمل درآمد کی ہدایت بھی دے دی گئی۔