Jasarat News:
2025-10-21@00:14:49 GMT

شہباز شریف، ٹرمپ، عاصم منیر: تعریفیں ہی تعریفیں

اشاعت کی تاریخ: 20th, October 2025 GMT

data-id="863a0a8" data-element_type="widget" data-widget_type="theme-post-content.default">

251021-03-8

 

احمد حسن

بچپن سے ایک لفظ پڑھتے اور سنتے آرہے ہیں ’’قحط الرجال‘‘ یعنی اعلیٰ انسانی شخصیات کی کمی اور معمولی لوگوں کا اعلیٰ مناصب پر فائز ہو جانا، اب احساس ہوتا ہے کہ واقعی ہم قحط الرجال کے دور میں جی رہے ہیں، دنیا کے سب سے ترقی یافتہ اور جمہوری ملک امریکا کے سب سے بڑے منصب پر فائز شخص ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر ایک اے آئی ویڈیو جاری کی ہے جس میں وہ طیارہ اُڑاتے ہوئے احتجاجی مظاہرین پر کچرا پھینکتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں، 21 سیکنڈز کی وائرل ویڈیو میں ٹرمپ نے بادشاہوں جیسا تاج بھی پہنا ہوا ہے، اس ویڈیو سے ثابت ہوتا ہے کہ ٹرمپ امریکا کے صدر ہونے کے باوجود ذہنی سطح کے اعتبار سے شمالی کوریا کے سفاک آمر کم جونگ سے زیادہ بلند نہیں ہیں، یاد رہے کچھ عرصے قبل اسی ڈکٹیٹر کے حکم پر شمالی کوریا سے کچرے سے بھرے ہوئے بڑے سائز کے غبارے جنوبی کوریا کی جانب چھوڑے گئے تھے اور یہ بیہودہ، بچکانہ عمل بار بار دہرایا گیا تھا۔

واضح رہے کہ صدر ٹرمپ کی پالیسیوں کے خلاف امریکا بھر میں بڑے پیمانے پر احتجاج کیا جا رہا ہے صرف ایک روز امریکا کے ڈھائی ہزار سے زیادہ مقامات پر احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں اور دھرنے دیے گئے شرکا نے ٹرمپ کے خلاف نو کنگ کے نعرے بلند کیے، دوسرے روز 50 ریاستوں میں ’’نو کنگز‘‘ کے عنوان سے مظاہرے کیے گئے، مظاہرین نے الزام عائد کیا کہ ٹرمپ حکومت جارحانہ اور آمرانہ ہو چکی ہے، امریکی عوام خاص طور پر امیگریشن تعلیم اور سیکورٹی سے متعلق صدر ٹرمپ کی پالیسیوں پر احتجاج کر رہے ہیں، مظاہرین نے الزام لگایا ہے کہ تارکین وطن کے خلاف کارروائیاں اور فوجی تعیناتیاں احتجاج کو ہوا دے رہی ہیں، صدر ٹرمپ نے احتجاج پر کان دھرنے اور مسائل حل کرنے کے بجائے تیسری دنیا کے حکمرانوں کی طرح مظاہروں کو مسترد کرتے ہوئے انہیں امریکا مخالف قرار دے دیا ہے۔

حکومت پاکستان کی جانب سے جب پہلی مرتبہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو امن کے نوبل انعام کے لیے نامزد کیا گیا تھا اس وقت بھی پاکستان سمیت دنیا بھر کے سلیم الطبع لوگوں کو حیرت ہوئی تھی کہ فلسطین میں تاریخ کے بدترین قتل عام میں اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے شریک مجرم کے لیے امن انعام کی سفارش کرنا شیطان کو پارسا کا لقب دینے کے مترادف ہے اس پر ملک کے طول و عرض سے اس نامزدگی کو واپس لینے کے مطالبے کیے گئے تھے لیکن قربان جائیے ہمارے وزیراعظم شہباز شریف کے انہوں نے نوبل امن انعام کا اعلان ہونے کے باوجود ایک بار پھر عالمی فورم پر ببانگ دہل کہا کہ وہ اب بھی صدر ٹرمپ ہی کو اس انعام کا مستحق سمجھتے ہیں، اس موقع پر انہوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کی مزید خوبیاں بھی گنوائیں اور انہیں دعاؤں سے نوازا، وزیراعظم نے ڈونلڈ ٹرمپ کو مین آف پیس اور امن کا حقیقی علمبردار قرار دیا انہوں نے بتایا کہ امریکی صدر کی بدولت جنوبی ایشیا میں امن قائم ہوا صدر ٹرمپ نے دنیا میں امن کے لیے دن رات کام کیا ان کی خدمات قابل ستائش ہیں، یہ باتیں سن کر پاکستانی قوم کا سر شرم سے جھک گیا، بڑے بڑے سنجیدہ اور غیر جانبدار صحافی، دانشور، سیاست دان بھی شہباز شریف کی اس تقریر کو چاپلوسی اور خوشامد کہے بغیر نہ رہ سکے، یہ وہ موقع تھا کہ شریف فیملی کے مصاحبین خاص وفاقی وزیر اطلاعت و نشریات عطا اللہ تارڑ، پنجاب کی وزیر اطلاعات اور نشریات عظمیٰ بخاری نے بھی ہاتھ کھڑے کرلیے، وزیراعظم کی مدافعت نہیں کی اور خاموشی ہی میں عافیت سمجھی۔ شرم الشیخ کانفرنس میں وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی صدر ٹرمپ کی تعریف و توصیف کی جبکہ خود ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان کے آرمی چیف فیلڈ مارشل حافظ سید عاصم منیر کی تعریف کی اور کہا کہ وہ میرے پسندیدہ فیلڈ مارشل ہیں وہ یہاں موجود نہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے جہانیاں میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خوب تعریف کی اور کہا کہ ان کی کار کردگی بہترین ہے، مریم نواز پورے پنجاب کی خدمت کر رہی ہیں، ٹرانسپورٹ کا جال بچھایا جا رہا ہے، صحت تعلیم اور مواصلات کے شعبوں میں بھی خدمات فراہم کی جا رہی ہیں جو قابل تعریف ہیں، شہباز شریف مریم نواز شریف کی تعریف کر رہے ہیں۔ مریم نواز شریف مسلم لیگ کے سربراہ نواز شریف کی تعریفیں کرتی ہیں اور نواز شریف وزیراعظم شہباز شریف پر تعریف کے ڈونگرے برساتے رہتے ہیں، شریف فیملی نہ ہوئی ہاکی کے میدان میں کلیم اللہ اور سمیع اللہ کی جوڑی ہو گئی مرحوم عمر شریف ہاکی میچ کی کمنٹری کی اسٹیج پر نقل کرتے ہوئے کہتے تھے بال کلیم اللہ کے پاس ہے، انہوں نے پاس دیا، سمیع اللہ گیند کو لے کر آگے بڑھے، انہوں نے گیند کلیم اللہ کی جانب اچھالی اور کریم اللہ نے گول کر دیا۔

وزیراعظم نے اس موقع پر بتایا کہ ان کی حکومت نے کامیابیوں کی تاریخ رقم کی ہے، معیشت درست سمت میں ہے، واضح رہے کہ پاکستان کا آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدہ ہو گیا ہے بورڈ کی منظوری کے بعد پاکستان کو ایک ارب 20 کروڑ ڈالر ملیں گے، دنیا میں کسی کو خوش رہنا سیکھنا ہو تو پاکستانی حکمرانوں سے سیکھے وہ اس بات کی بھی خوشیاں مناتے ہیں کہ ہم اتنا قرضہ حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں اور اسے اپنی عظیم کامیابی قرار دیتے ہیں حالانکہ ملکی معاشی حالت اتنی خراب ہے کہ پرانے قرضوں کی قسط ادا کرنے کے لیے پاکستان کو نئے قرضے لینے پڑ رہے ہیں آئندہ دو ماہ میں ملک کو قرضوں کی بھاری قسطیں ادا کرنی ہیں وفاقی ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق مہنگائی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح بڑھ کر 4 اعشاریہ 57 فی صد ہو گئی ہے، ٹماٹر، پیاز، آٹا، لہسن آلو، بناسپتی گھی، جلانے کی لکڑی، ایل پی جی وغیرہ کے نرخ بڑھ گئے ہیں ایک اور سرکاری رپورٹ کے مطابق مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران 71 برآمدی شعبوں میں سے 30 شعبوں کی برآمدات میں کمی واقع ہوئی ہے جس کے باعث برآمدات کی مجموعی نمو گھٹ گئی اور تجارتی خسارہ بڑھ گیا ہے، زیورات قالین، فرنیچر، کیمیکلز، فارماسیوٹیکلز، پلاسٹک، چاول، سبزی، تمباکو بیجوں کے تیل، کاٹن، کپڑے خام پٹرول، ٹرانسپورٹ الات اور دستکاری سمیت متعدد صنعتی شعبوں کی ایکسپورٹ میں ریکارڈ کمی ہوئی ہے۔

 

احمد حسن.

ذریعہ: Jasarat News

کلیدی لفظ: وزیراعظم شہباز شریف ڈونلڈ ٹرمپ مریم نواز نواز شریف انہوں نے کی تعریف رہے ہیں ٹرمپ کی کے لیے

پڑھیں:

وزیراعظم شہباز شریف کا دیوالی پر پیغام:ہندو برادری کو خوشیوں کی مبارکباد

data-id="863a0a8" data-element_type="widget" data-widget_type="theme-post-content.default">

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے دیوالی کے موقع پر پاکستان اور دنیا بھر میں بسنے والی ہندو برادری کو تہوار کی خوشیوں پر مبارکباد دیتے ہوئے امن، رواداری اور اتحاد کا پیغام دیا ہے۔

انہوں نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ دیوالی روشنی کی تاریکی پر اور امید کی مایوسی پر فتح کی علامت ہے۔ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ اجتماعی خوشیوں، مثبت سوچ اور باہمی احترام کے ذریعے ہم اپنے معاشرے کو زیادہ مضبوط اور پرامن بنا سکتے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنے معاشرتی تنوع پر فخر کرتی ہے، کیونکہ یہی تنوع ہمارے قومی دھارے کو وسعت دیتا ہے اور مختلف برادریوں کے درمیان بھائی چارے اور یکجہتی کو فروغ دیتا ہے۔

انہوں نے اس موقع پر پاکستان میں ہندو برادری کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہندو پاکستانی شہریوں نے ملک کے سماجی، اقتصادی اور سیاسی شعبوں میں اہم کردار ادا کیا ہے، جو ہماری قومی ترقی میں بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں عقائد کا تنوع اتحاد اور ہم آہنگی کا حقیقی ذریعہ ہے اور حکومت ہر شہری کو ان کے مذہب یا عقیدے سے قطع نظر برابر کے حقوق دینے کے عزم پر قائم ہے۔ قائداعظم محمد علی جناح کا وژن ایک ایسے پاکستان کا تھا جہاں تمام مذاہب کے پیروکاروں کو بلاامتیاز مساوی مواقع حاصل ہوں اور آج حکومت اسی نظریے پر کاربند ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ انہیں یہ دیکھ کر خوشی ہوتی ہے کہ پاکستان میں ہندو اور دیگر اقلیتی برادریاں اپنے مسلمان بھائیوں کے شانہ بشانہ ملک کی ترقی اور استحکام کے لیے کام کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ باہمی احترام اور اتحاد ہی پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔

اپنے پیغام کے اختتام پر وزیراعظم نے دعا کی کہ دیوالی کا یہ تہوار سب کے لیے امن، خوشحالی اور محبت کا پیغام لائے اور ملک میں مذہبی ہم آہنگی اور بھائی چارے کے بندھن کو مزید مضبوط بنائے۔ انہوں نے تمام ہندو برادری کو نیک تمناؤں کے ساتھ مبارک باد پیش کی۔

متعلقہ مضامین

  • وزیراعظم شہباز شریف آئندہ ہفتے سعودی عرب کا دورہ کریں گے
  • پاکستان کے عوام نے اقلیت کیخلاف ظلم کو ہمیشہ ناپسند کیا، وزیراعظم شہباز شریف
  • گزشتہ دور میں ٹرمپ مودی کے قریب تھے اب عاصم منیر کے گرویدہ ہیں، سی این این
  • گزشتہ دور حکومت میں ٹرمپ مودی کے قریب تھے اب وہ عاصم منیر کے گرویدہ ہیں، سی این این
  • وزیراعظم شہباز شریف کا دیوالی کے موقع پر ہندوبرادری کے لئے خصوصی پیغام
  • وزیراعظم شہباز شریف کی دنیا بھر میں ہندو برادری کو دیوالی کی مبارکباد؛ خصوصی پیغام
  • وزیراعظم شہباز شریف کا دیوالی پر پیغام:ہندو برادری کو خوشیوں کی مبارکباد
  • وزیر اعظم شہباز شریف کی جاتی امراء آمد، نواز شریف سے ملاقات
  • غزہ میں جنگ بندی بڑی انسانی خدمت، پاکستان کو اس میں اپنا کردار ادا کرنے پر فخر ہے؛ وزیراعظم