ایم کیو ایم کی رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر نکہت شکیل آن لائن فراڈ کا شکار، واٹس ایپ ہیک کر کے رقم بٹور لی گئی
اشاعت کی تاریخ: 22nd, October 2025 GMT
ایم کیو ایم پاکستان کی رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر نکہت شکیل بھی آن لائن فراڈ کا نشانہ بن گئیں، جہاں ایک نوسرباز نے ان کا واٹس ایپ اکاؤنٹ ہیک کر کے ان کے قریبی رشتہ داروں اور دوستوں سے پیسے ہتھیا لیے۔
ڈاکٹر نکہت شکیل کے مطابق، انہیں ایک کال موصول ہوئی جس میں خود کو پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (PMDC) کا نمائندہ ظاہر کیا گیا۔ کالر نے یہ کہہ کر انہیں دھوکا دیا کہ ادارے کی کچھ اہم دستاویزات کا پارسل ان تک پہنچایا جانا ہے، جس کے لیے ایک کوڈ شیئر کرنے کا کہا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ جیسے ہی انہوں نے وہ کوڈ شیئر کیا، ان کا واٹس ایپ اکاؤنٹ ہیک کر لیا گیا، اور پھر ہیکر نے ان کے کانٹیکٹس سے رابطہ کر کے مالی مدد مانگی۔
ڈاکٹر نکہت شکیل نے بتایا کہ جن دوستوں اور عزیزوں نے اس مطالبے پر براہِ راست ان سے تصدیق کی، وہ تو محفوظ رہے، مگر کچھ افراد نے بنا تحقیق کیے رقم بھیج دی۔ ان کا کہنا تھا کہ نوسرباز کو پی ایم ڈی سی سے متعلق اتنی مخصوص معلومات ہونا بذاتِ خود ایک سنگین سوال ہے، جس کی مکمل چھان بین ہونی چاہیے۔
یہ واقعہ نہ صرف سائبر سیکیورٹی کے بڑھتے ہوئے خطرات کو اجاگر کرتا ہے، بلکہ اس بات کی بھی یاد دہانی ہے کہ نجی معلومات یا کوڈز کبھی کسی کے ساتھ شیئر نہ کیے جائیں، چاہے بات جتنی بھی مستند لگے۔
ذریعہ
ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
تیزی سے بڑھتی آبادی ملک کیلئے سب سے بڑا چیلنج ہے: وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے تیزی سے بڑھتی آبادی کو ملک کے لیے چیلنج قرار دے دیا۔وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت ملک میں بہبود آبادی کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم نے نیشنل پاپولیشن کونسل کا اجلاس جلد از جلد بلانے کی ہدایت کی۔شہباز شریف نے کہا کہ تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی ملک کے لیے سب سے بڑا چیلنج ہے، آبادی پر قابو پانے کیلئے اقدامات اور بہبود آبادی کو قومی فریضہ سمجھا جانا چاہیے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آبادی میں توازن ہی پائیدار قومی ترقی کی ضمانت ہے، آبادی کی منصوبہ بندی کو قومی ترقی اور معاشی استحکام سے ہم آہنگ کرنے کی ضرورت ہے، بہبود آبادی اقدامات سے متعلق صوبوں کے ساتھ روابط اور ہم آہنگی مزید بہتر بنائی جائے، بڑھتی ہوئی آبادی پر قابو پانے کے مؤثر عوامی آگہی مہم کا کلیدی کردار ہے۔