پولینڈ کے ساتھ سیاسی و معاشی تعلقات مزید مضبوط بنانے کے خواہاں ہیں، صدر مملکت
اشاعت کی تاریخ: 24th, October 2025 GMT
اسلام آباد:
صدرمملکت آصف علی زرداری نے پولینڈ کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان پولینڈ کے ساتھ سیاسی و معاشی تعلقات مزید مضبوب بنانے کا خواہاں ہے۔
پولینڈ کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ رادوسواف شکورسکی نے صدر مملکت آصف علی زرداری سے ایوان صدر میں ملاقات کی، پولینڈ کے سفیر میچی پسارسکی اور وزارت داخلہ و انتظامیہ کے انڈر سیکریٹری میچی دشچک بھی وفد میں شامل تھے جبکہ پاکستان کی طرف سے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار، سینیٹر شیری رحمان، سینیٹر سلیم مانڈوی والا اور سیکریٹری خارجہ بھی شریک تھے۔
ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے تعلیم، دفاع اور عوامی تبادلے کے فروغ پر بھی تبادلہ خیال کیا، صدر آصف علی زرداری نے یورپی یونین میں جی ایس پی پلس پر پاکستان کی حمایت پر پولینڈ کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر دو طرفہ طور پر پاکستان اور پولینڈ کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
صدر مملکت نے پولینڈ کے ساتھ دیرینہ تعلقات کو باہمی احترام اور تعاون پر مبنی قرار دیتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان سیاسی، معاشی اور ثقافتی روابط مزید فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان اور پولینڈ کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔
صدرمملکت نے پولینڈ کی کمپنیوں کو خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کی دعوت دی اور خطے میں امن، استحکام اور معاشی رابطوں کے فروغ میں پاکستان کے کردار کو اجاگر کیا۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: آصف علی زرداری پولینڈ کے ساتھ
پڑھیں:
کرپشن اداروں کو کمزور اور عوام کے اعتماد کو متاثر کرتی ہے: صدر مملکت
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بین الاقوامی یومِ انسدادِ بدعنوانی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بدعنوانی کے خلاف جدوجہد پوری قوم کی مشترکہ ذمہ داری ہے کیونکہ کرپشن اداروں کو کمزور اور عوام کے اعتماد کو متاثر کرتی ہے۔صدر مملکت نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ نے 2003ء میں انسدادِ بدعنوانی کا دن مقرر کیا جس کا مقصد معاشروں کو شفافیت اور قانون کی بالادستی کی طرف لے جانا ہے، کرپشن ترقی کی رفتار کو سست اور قانون کی حکمرانی کو کمزور کرتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے وقت کے ساتھ اپنے احتسابی نظام کو بہتر بنایا ہے، اختیارات کے غلط استعمال اور مالی بے ضابطگیوں کے متعدد کیسز میں رقوم واپس لی گئیں جبکہ متاثرہ شہریوں اور اداروں کو ریلیف اور اثاثے واپس کیے گئے۔صدر مملکت نے کہا ہے کہ احتسابی اداروں کو سیاسی وابستگیوں سے بالاتر رہ کر کام کرنا ہوگا کیونکہ شفاف طریقہ کار اور قانون کی عملداری ہی اداروں کی ساکھ کو مضبوط بناتی ہے۔آصف علی زرداری نے مزید کہا ہے کہ عوام کا اعتماد شفافیت اور پیشہ ورانہ معیار سے ہی بڑھتا ہے، تمام شہریوں کو ایمانداری اور اچھی حکمرانی کے عزم کو مضبوط کرنا چاہیے کیونکہ دیانت داری اداروں کو مضبوط اور قومی استحکام میں مدد دیتی ہے۔صدر مملکت نے اپنے پیغام میں شفافیت اور احتساب کے لیے کام کرنے والی تنظیموں کی کامیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا ہے۔