اسلام آباد: ڈپلومیٹک انکلیو میں جدید پیڈل ٹینس کورٹ اور فٹنس ایرینا کا افتتاح
اشاعت کی تاریخ: 25th, October 2025 GMT
اسلام آباد: وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے ڈپلومیٹک انکلیو میں جدید پیڈل ٹینس کورٹ اور فٹنس ایرینا کا افتتاح کردیا، جسے دارالحکومت میں کھیل اور تفریحی سرگرمیوں کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
افتتاحی تقریب میں وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانی چوہدری سالک حسین، سینیٹر فیصل سلیم، چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا اور قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر بھی شریک ہوئیں۔
تقریب کے دوران وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے امریکی سفیر، چوہدری سالک حسین اور چیئرمین سی ڈی اے کے ہمراہ پیڈل ٹینس کھیل کر افتتاحی سرگرمی میں عملی طور پر حصہ لیا۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ ڈپلومیٹک کمیونٹی کے لیے صحت مند اور معیاری تفریحی سہولتیں فراہم کرنے کی ایک اہم کڑی ہے۔ کھیل اور صحت مند سرگرمیوں کو فروغ دینا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، کیونکہ یہ نہ صرف جسمانی تندرستی بلکہ سفارتی تعلقات میں مثبت فضا پیدا کرنے کا ذریعہ بھی ہیں۔
محسن نقوی نے بتایا کہ ڈپلومیٹک انکلیو کی تزئین و آرائش کا عمل شروع کر دیا گیا ہے، جو جلد مکمل کر لیا جائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ڈپلومیٹک کمیونٹی کو تمام ممکنہ سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ اسلام آباد میں ان کا قیام زیادہ آرام دہ، خوشگوار اور محفوظ بنایا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم اسلام آباد کو عالمی معیار کا دارالحکومت بنانے کے لیے پرعزم ہیں اور اس مقصد کے لیے شہری سہولتوں کے ساتھ ساتھ تفریحی اور ثقافتی سرگرمیوں کو بھی فروغ دیا جا رہا ہے۔
وفاقی وزیر نے پاکستان کی مہمان نوازی اور خوش اخلاقی کو ملک کی پہچان قرار دیتے ہوئے کہا کہ کھیل، ثقافت اور میل جول کے ایسے مواقع عوام اور سفارتی برادری کے درمیان دوستانہ تعلقات کو مضبوط بناتے ہیں۔
تقریب میں چیئرمین سی ڈی اے، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے جنہوں نے حکومت کے اس اقدام کو شہر کی سافٹ امیج پالیسی کے لیے حوصلہ افزا قرار دیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ حکومت دارالحکومت میں ایسے منصوبوں کے ذریعے سفارتی حلقوں کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم بنانا چاہتی ہے، کیونکہ کھیل اور ثقافت وہ زبان ہیں جو دنیا کے ہر کونے میں سمجھی جاتی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ اسلام آباد نہ صرف پاکستان کا انتظامی مرکز ہے بلکہ اسے دنیا کے بہترین دارالحکومتوں کی صف میں شامل کرنا حکومت کا واضح ہدف ہے۔
.ذریعہ: Al Qamar Online
کلیدی لفظ: محسن نقوی نے اسلام آباد انہوں نے کہا کہ کے لیے
پڑھیں:
عمران خان کا ایکس اکاؤنٹ بند کرنے کی درخواست 4 نومبر کو سماعت کیلئے مقرر
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کا ایکس اکاؤنٹ بند کرنے کی درخواست کی سماعت 4 نومبر کو ہوگئی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے رجسٹرار آفس نے اس حوالے سے کاز لسٹ جاری کر دی ہے جس کے مطابق جسٹس ارباب محمد طاہر 4 نومبر کو کیس کی سماعت کریں گے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی کو نوٹس جاری کر دیا۔ عدالت نے نیشنل سائبر کرائم ایجنسی اور جیل سپرنٹنڈنٹ سمیت دیگر فریقین سے بھی جواب طلب کیا ہے۔ درخواست گزار غلام مرتضیٰ نے اپنے وکیل بیرسٹر ظفر اللہ کے ذریعے درخواست دائر کی۔ درخواست میں پی ٹی آئی کے بانی کے غیر قانونی اور بدنیتی پر مبنی ٹویٹس کو ہٹانے اور بلاک کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔ درخواست میں عمران خان کی قید کے دوران ایکس اکاؤنٹ سے انتشاری پوسٹس پھیلانے سے روکنے کی بھی استدعا کی گئی ہے۔