غزہ پر حملوں سے قبل اسرائیل نے امریکا کو آگاہ کردیا تھا، اسرائیلی میڈیا کا انکشاف
اشاعت کی تاریخ: 29th, October 2025 GMT
تل ابیب: اسرائیلی میڈیا نے انکشاف کیا ہے کہ اسرائیل نے غزہ پر تازہ فضائی حملوں سے قبل امریکی انتظامیہ کو اپنے اقدامات کے بارے میں مطلع کر دیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق، اسرائیلی حکومت نے حملوں سے پہلے واشنگٹن کو اپنے منصوبے سے آگاہ کیا، تاہم امریکی حکام کی جانب سے اس اطلاع کی تاحال نہ تصدیق کی گئی ہے اور نہ تردید۔
اسرائیلی وزیرِ اعظم کے احکامات پر صیہونی فوج نے غزہ کے مختلف علاقوں پر شدید بمباری کی، جس دوران ایک میزائل الشفاء اسپتال کے پیچھے جا گرا۔ حملے کے نتیجے میں اسپتال کے مریضوں اور طبی عملے میں شدید خوف و ہراس اور افراتفری پھیل گئی۔
عرب میڈیا کے مطابق، اسرائیلی حملوں میں 20 فلسطینی شہید ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق، 10 اکتوبر کو جنگ بندی کے بعد سے اسرائیل 125 بار معاہدے کی خلاف ورزیاں کر چکا ہے جن میں 94 فلسطینی اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔
واضح رہے کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کا معاہدہ 10 اکتوبر کو طے پایا تھا، جس پر 13 اکتوبر کو مصر کے شہر شرم الشیخ میں امریکا، قطر، ترکیہ اور مصر کی ثالثی میں باضابطہ دستخط ہوئے تھے۔ تاہم کچھ دنوں بعد ہی اسرائیلی فوج نے معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غزہ پر دوبارہ حملے شروع کر دیے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
حیسکو میں ایک ارب 6 کروڑ سے زائد کی کرپشن کا انکشاف
حیدرآباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (حیسکو) میں تنخواہوں اور الاؤنسز کی مد میں ایک ارب 6 کروڑ سے زائد کرپشن کا انکشاف ہوا ہے۔
قومی اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے اجلاس میں آڈٹ حکام نے انکشاف کیا کہ حیسکو میں گھوسٹ ملازمین، ڈبل تنخواہوں کے ذریعے قومی خزانے کو نقصان پہنچایا گیا اور وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے)99 کروڑ 62 لاکھ کی مبینہ کرپشن کی تحقیقات کر رہا ہے۔
آڈٹ حکام نے مزید انکشاف کیا کہ حیسکو کی اندرونی انکوائری میں مزید 6 کروڑ 78 لاکھ روپے کی مشتبہ ادائیگیاں ہوئی ہیں۔
چیئرمین کمیٹی شاہدہ اختر کی زیرصدارت اجلاس میں ایف آئی اے حکام نے بتایا کہ اس معاملے میں ایف آئی آرز کی تعداد 5 ہوگئی تھی، 151 ملزمان تھے جن میں سے 14 کو گرفتار کیا گیا جبکہ دیگر ضمانت پر ہیں، ایک ارب روپے میں سے 13 کروڑ روپے کی ریکوری ہوئی ہے۔
رکن کمیٹی قاسم نون نے کہا کہ 13 کروڑ روپے کچھ بھی نہیں ہیں، سخت ایکشن لیا جائے، سید امین الحق نے کہا کہ گھوسٹ ملازمین کی تصدیق بھی کی گئی کہ وہ موجود ہیں۔
سینیٹر افنان اللہ خان نے کہا کہ وزارت کو چاہیے کہ وہ مداخلت کرے اور ذمہ داران کا تعین کرے۔
چیئرمین کمیٹی شاہد اختر نے کہا کہ یہ تو آڈٹ نے نشان دہی کر دی ہے، لگتا ہے کہ پاور ڈویژن کا کوئی چیک اینڈ بیلنس نہیں ہے، جس پر سی ای او حیسکو نے بتایا کہ 756 ملین روپے کی ذمہ داری بھی فکس ہو چکی ہے۔
شاہدہ اختر نے کہا کہ عدالت کے حکم تک یہ آڈٹ پیرا زیر التوا رہے گا، رکن کمیٹی سید حسین طارق نے سوال کیا کہ حیسکو میں بائیو میٹرک سسٹم کیوں نہیں ہے۔
پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کی رکن شازیہ مری نے کہا کہ ہم ڈسکوز کو یہاں کمنٹس کے لیے نہیں احتساب کے لیے بلاتے ہیں، یہ لوگوں کو چور کہتے ہیں اور اپنی پرفارمنس کے گیت گاتے نہیں تھکتے۔
پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے ہدایت کی کہ 13 کروڑ روپے کی ریکوری کی آڈٹ سے تصدیق کرائی جائے، جو ریکوری رہ گئی ہے وہ معاملہ زیر التوا رہے گا۔