کراچی: خود کو آگ لگانے کا خواب دیکھ کر شہری نے حقیقت میں خودکشی کرلی
اشاعت کی تاریخ: 24th, November 2025 GMT
کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں ایک شخص نے خود پر تیل چھڑک کر آگ لگانے کا خواب دیکھ کر حقیقت میں خود پر مٹی کا تیل چھڑک کر خود سوزی کر لی۔
تفصیلات کے مطابق ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب اورنگی ٹاؤن کے علاقے قصبہ موڑ شہزاد سنیما گلی نمبر 5 کے قریب گھر میں ایک شخص آگ میں جھلس کر شدید زخمی ہوگیا جسے تشویشناک حالت میں چھیپا ایمبولنس کے ذریعے سول اسپتال منتقل کیا گیا۔
شہری کی شناخت 60 سالہ اللہ رکھا ولد خوشی محمد کے نام سے ہوئی، ریسکیو حکام کے مطابق شدید جھلس کر زخمی ہونے والا شخص گزشتہ روز سول اسپتال میں دوران علاج چل بسا۔
ایس ایچ او یوسف مہر نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش میں واقعہ خودسوزی کا سامنے آیا ہے، متوفی نے اپنے جسم پر مٹی کا تیل چھڑکا اور آگ لگا دی تھی، متوفی کا آبائی تعلق پنڈی سے تھا جبکہ 10 روز قبل وہ پنڈی سے سالی کے گھر آیا ہوا تھا۔
متوفی کی سالی نے پولیس کو بتایا کہ اللہ رکھا نے اسے بتایا تھا کہ وہ 3 روز سے خواب میں دیکھ رہا تھا کہ اس نے خو د پر تیل چھڑ ک کر آگ لگا دی۔ جس کے سبب وہ انتہائی پریشان بھی تھا تاہم ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب اس نے اپنے جسم پر مٹی کا تیل چھڑکا اور خود کو آگ لگا دی۔
پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کردی تاہم مزید تفتیش کاعمل جاری ہے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
کراچی، خونی ڈمپر نے ایک اور موٹرسائیکل سوار کی جان لے لی
کراچی:سپر ہائی وے ذکریہ گوٹھ کے قریب ڈمپر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوگیا۔
ترجمان ڈسٹرکٹ ملیر پولیس کے مطابق سپرہائی وے ذکریہ گوٹھ میں ڈمپر نے موٹرسائیکل سوار کو ٹکر ماری، جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوگیا تاہم ملیر کینٹ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ڈمپر ڈرائیور کو گرفتار کرلیا۔
انہوں نے بتایا کہ حادثے میں ایک شہری شاہد موقع پر ہی دم توڑ گیا تھا اور زخمی کی شناخت سہیل کے نام سے ہوئی ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ ڈمپر کے گرفتار ڈرائیور کی شناخت فضل کے نام سے کی گئی، پولیس نے ڈمپر کو بھی اپنے قبضے میں لے لیا ہے اور واقعے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔