وزیراعظم سے سعودی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف کی ملاقات، تاریخی برادرانہ تعلقات مضبوط تر بنانے کا عزم
اشاعت کی تاریخ: 24th, November 2025 GMT
وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے سعودی عرب کی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل فیاض بن حامد الرویلی نے آج وزیر اعظم ہاؤس، اسلام آباد میں ملاقات کی جس کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات کو مضبوط تر کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: سعودی چیف آف جنرل اسٹاف کی فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات، عسکری تعاون بڑھانے پر اتفاق
وزیر اعظم نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے ساتھ ساتھ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود کے لیے اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی، دفاعی اور سیکیورٹی سمیت دیگر تمام شعبوں میں تاریخی برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے اپنے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔
شہباز شریف نے جنرل الرویلی کا خیرمقدم کیا اور برادر مملکت سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کو ہر وقت فراہم کی جانے والی غیر متزلزل حمایت اور یکجہتی پر سعودی عرب کو سراہا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات مشترکہ عقیدے، یکساں اقدار اور باہمی اعتماد پر مبنی ہیں۔
وزیراعظم نے گزشتہ 2 ماہ کے دوران ریاض کے اپنے انتہائی کامیاب دوروں کا ذکر کیا جن کے دوران دونوں فریقوں کے درمیان تاریخی اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے پر دستخط ہوئے۔
مزید پڑھیے: ’فیلڈ مارشل کی چیف آف ڈیفنس فورسز تعیناتی کے نوٹیفکیشن کے ساتھ ہی مدت ملازمت کا آغاز ہوگا‘
انہوں نے مشترکہ تربیت، مشقوں اور مہارت کے تبادلے سمیت دوطرفہ دفاعی تعاون کو مزید گہرا کرنے کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے ہر قسم کی دہشتگردی اور انتہا پسندی کا مقابلہ کرنے اور خطے میں امن و استحکام کو فروغ دینے کے لیے دونوں ممالک کے مشترکہ عزم کو بھی اجاگر کیا۔
جنرل الرویلی نے سعودی قیادت کی جانب سے وزیراعظم اور پاکستانی عوام کو تہنیتی پیغام پہنچایا۔
انہوں نے پاکستان کے ساتھ موجودہ بہترین دفاعی اور تزویراتی شراکت داری کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کے لیے مملکت کی مضبوط خواہش کا اعادہ کیا۔
مزید پڑھیں: سعودی عرب کا عالمی اقتصادی چیلنجز پر مشترکہ اقدامات کے لیے زور
ملاقات میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور دونوں اطراف کے دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
پاک سعودی تعلقات چیف آف جنرل اسٹاف جنرل فیاض بن حامد الرویلی وزیراعظم شہباز شریف.
ذریعہ
ذریعہ: WE News
کلیدی لفظ: پاک سعودی تعلقات چیف آف جنرل اسٹاف جنرل فیاض بن حامد الرویلی وزیراعظم شہباز شریف
پڑھیں:
علی الزیدی کا ایران کا اہم دورہ، دوطرفہ تعلقات بڑھانے پر اتفاق
ایرانی صدر سے ملاقات میں عراقی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عراق اور ایران کی سلامتی ایک دوسرے سے جڑی ہوئی ہے اور عراق اپنی سرزمین ایران کے خلاف کسی بھی کارروائی کے لیے استعمال نہیں ہونے دے گا۔ اسلام ٹائمز۔ امریکا کے دورے کے بعد عراقی وزیراعظم علی الزیدی نے ایران کا اہم دورہ کیا، جہاں انہوں نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان اور اعلیٰ ایرانی قیادت سے ملاقاتیں کیں۔خبر ایجنسی کے مطابق ایرانی صدر مسعود پزشکیان اور عراقی وزیراعظم کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں دوطرفہ تعلقات، اقتصادی تعاون، توانائی، تجارت اور علاقائی سلامتی سمیت مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں ممالک نے اقتصادی تعاون اور مشترکہ سرمایہ کاری کو فروغ دینے پر اتفاق کیا، جبکہ نقل و حمل اور شہری تعاون سے متعلق نئے معاہدے بھی طے پائے۔
عراقی وزیراعظم علی الزیدی نے اس موقع پر کہا کہ عراق اور ایران کی سلامتی ایک دوسرے سے جڑی ہوئی ہے اور عراق اپنی سرزمین ایران کے خلاف کسی بھی کارروائی کے لیے استعمال نہیں ہونے دے گا۔ ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایران اور عراق کے درمیان تاریخی، مذہبی اور ثقافتی رشتے نہایت مضبوط ہیں، جبکہ خطے کا استحکام دونوں ممالک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ناگزیر ہے۔ خبر ایجنسی کے مطابق دورے کے اختتام پر منعقدہ دستخطی تقریب میں ایرانی اور عراقی وزراء نے مختلف تعاون کے معاہدوں کا تبادلہ بھی کیا۔