اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے سلامتی کونسل کو بریفنگ میں بتایا کہ سیاسی پیش رفت کے باوجود مقبوضہ فلسطینی علاقوں کی صورتحال اب بھی نہایت تشویشناک ہے اور جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزیاں جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ غزہ میں تباہ کن جنگ نے دو برسوں میں 70 ہزار سے زائد فلسطینیوں کی جان لی ہے جن میں بڑی تعداد خواتین اور بچوں کی ہے، جبکہ پورا سماجی و معاشی ڈھانچہ تقریباً ملبے کا ڈھیر بن چکا ہے۔ جنگ بندی کے اعلان کے باوجود 300 سے زائد فلسطینی شہید کیے جا چکے ہیں، جو ظاہر کرتا ہے کہ زمینی صورتحال پرامن نہیں ہوئی۔
پاکستانی مندوب نے بتایا کہ حالیہ سیاسی کوششوں میں اعلیٰ سطح کے اجلاس، نیویارک اعلامیہ اور شرم الشیخ امن سربراہی اجلاس اہم سنگِ میل ہیں، جن کا مقصد جنگ بندی کو برقرار رکھنا، انسانی بحران کا ازالہ کرنا اور دو ریاستی حل کی طرف عملی پیش رفت کرنا ہے۔ انہوں نے سلامتی کونسل کی قرارداد 2803 کو مثبت اقدام قرار دیا۔
عاصم افتخار نے امن عمل کی کامیابی کے لیے چند اہم نکات پر زور دیا:
جنگ بندی پر مکمل عمل درآمد
انسانی امداد کی بلا روک ٹوک فراہمی
غزہ کی تعمیرِ نو کا فوری آغاز
غیر قانونی بستیوں اور جبری بے دخلی کا خاتمہ
بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزیوں پر احتساب
1967 کی سرحدوں پر ایک آزاد فلسطینی ریاست کا قیام
انہوں نے واضح کیا کہ فلسطینی عوام کی جدوجہد اصولی ہے، اور پاکستان ان کے حقِ خود ارادیت اور آزاد ریاست کے قیام کی حمایت جاری رکھے گا۔

.

ذریعہ: Daily Mumtaz

پڑھیں:

بھارت اور اسرائیل مقبوضہ علاقوں میں یکساں طرز کی پالیسیوں پر عمل پیرا ہیں، محمد صفی

لاہور میں خطاب کرتے ہوئے حریت رہنما کا کہنا تھا کہ بھارت غیر کشمیریوں کو بڑے پیمانے پر ڈومیسائل جاری کر کے مقبوضہ جموں و کشمیر میں آبادیاتی تناسب تبدیل کرنے کی کھلی کوشش کر رہا ہے، اس نے انتخابی حلقہ بندیوں میں سیاسی مقاصد کے تحت تبدیلیاں کی ہیں۔ اسلام ٹائمز۔ کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی نے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر اور فلسطین میں قابض قوتیں ایک ہی طرز کی حکمت عملی پر عمل پیرا ہیں، جس میں آبادیاتی تبدیلی، فوجی محاصرہ، سیاسی آزادیوں کی بندش، میڈیا پر قدغن اور مزاحمت کو دہشت گردی کے نام پر بدنام کرنے جیسے اقدامات شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق غلام محمد صفی نے لاہور میں جماعتِ اسلامی کے سہہ روزہ اجتماع کے موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ بھارت غیر کشمیریوں کو بڑے پیمانے پر ڈومیسائل جاری کر کے مقبوضہ جموں و کشمیر میں آبادیاتی تناسب تبدیل کرنے کی کھلی کوشش کر رہا ہے، اس نے انتخابی حلقہ بندیوں میں سیاسی مقاصد کے تحت تبدیلیاں کی ہیں، مقامی قیادت اور نوجوانوں کو مسلسل گرفتار کیا ہے اور اظہارِ رائے، مذہبی آزادی اور بنیادی شہری حقوق کو مکمل طور پر پامال کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تمام اقدامات جنوبی ایشیا کے اسٹریٹیجک توازن کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔ غلام محمد صفی نے بھارت اسرائیل گٹھ جوڑ کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ریاستیں مقبوضہ علاقوں میں یکساں طرز کی پالیسیوں پر عمل پیرا ہیں، جن میں حریت اور حق خودارادیت کو جرم بنانا، ریاستی جبر مسلط کرنا اور عوامی مزاحمت کو دبانے کے لیے جدید اسلحے، سکیورٹی سسٹمز اور انٹیلی جنس تعاون کا استعمال شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس مشترکہ حکمت عملی کا مقصد نہ صرف عوامی مزاحمت ختم کرنا ہے بلکہ ان خطوں کو مستقل طور پر قابض قوتوں کے زیرِ تسلط رکھنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر محض ایک علاقائی تنازعہ نہیں بلکہ حقِ خودارادیت، انسانی وقار اور بین الاقوامی قانون کی پاسداری کا بنیادی معاملہ ہے، اقوام متحدہ نے کشمیریوں کا حق خودارادیت تسلیم کر رکھا ہے اور اس حوالے سے کئی قراردادیں پاس کی ہیں جنہیں بھارت نے بھی تسلیم کر رکھا ہے لیکن اب وہ ان قراردادوں سے انحراف کر کے عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی کر رہا ہے۔ غلام محمد صفی نے مزید کہا کہ پاکستان اور کشمیر کے درمیان صرف سیاسی نہیں بلکہ جذباتی، تاریخی اور ایمانی رشتہ موجود ہے اور کشمیری عوام پاکستان کے عوام کی مسلسل حمایت، یکجہتی اور قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ غلام محمد صفی نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرانے کے لیے کردار ادا کرے۔

متعلقہ مضامین

  • بھارت اور اسرائیل مقبوضہ علاقوں میں یکساں طرز کی پالیسیوں پر عمل پیرا ہیں، محمد صفی
  • پہلگام واقعہ کے بعد مقبوضہ جموں و کشمر میں بھارتی مظالم پر اقوام متحدہ کا اظہار تشویش
  • سیاسی پیشرفت کے باوجود مقبوضہ فلسطینی علاقوں کی صورتحال بدستور سنگین ہے، عاصم افتخار
  • عالمی کوششوں کے باوجود اسرائیلی  جارحیت جاری ہے، پاکستان کا سلامتی کونسل میں دوٹوک مؤقف
  • سیاسی پیشرفت کے باوجود مقبوضہ فلسطینی علاقوں کی صورتحال بدستور سنگین ہے، پاکستان
  • پسنی کے ساحل پر نایاب اسپنر ڈولفن مردہ حالت میں برآمد، ڈبلیو ڈبلیو ایف کا اظہار تشویش
  • مریم نواز کا شہروں میں صفائی کی غیر تسلی بخش صورتحال پر شدید برہمی کا اظہار
  • حریت کانفرنس کا نظربند رہنماﺅں، کارکنوں کی حالت زار پر اظہار تشویش
  • عاصم افتخاراحمد کا جنرل اسمبلی مباحثے میں عالمی ادارے میں طاقت کےعدم توازن پرگہری تشویش کااظہار