بھارت اور اسرائیل مقبوضہ علاقوں میں یکساں طرز کی پالیسیوں پر عمل پیرا ہیں، محمد صفی
اشاعت کی تاریخ: 25th, November 2025 GMT
لاہور میں خطاب کرتے ہوئے حریت رہنما کا کہنا تھا کہ بھارت غیر کشمیریوں کو بڑے پیمانے پر ڈومیسائل جاری کر کے مقبوضہ جموں و کشمیر میں آبادیاتی تناسب تبدیل کرنے کی کھلی کوشش کر رہا ہے، اس نے انتخابی حلقہ بندیوں میں سیاسی مقاصد کے تحت تبدیلیاں کی ہیں۔ اسلام ٹائمز۔ کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی نے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر اور فلسطین میں قابض قوتیں ایک ہی طرز کی حکمت عملی پر عمل پیرا ہیں، جس میں آبادیاتی تبدیلی، فوجی محاصرہ، سیاسی آزادیوں کی بندش، میڈیا پر قدغن اور مزاحمت کو دہشت گردی کے نام پر بدنام کرنے جیسے اقدامات شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق غلام محمد صفی نے لاہور میں جماعتِ اسلامی کے سہہ روزہ اجتماع کے موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ بھارت غیر کشمیریوں کو بڑے پیمانے پر ڈومیسائل جاری کر کے مقبوضہ جموں و کشمیر میں آبادیاتی تناسب تبدیل کرنے کی کھلی کوشش کر رہا ہے، اس نے انتخابی حلقہ بندیوں میں سیاسی مقاصد کے تحت تبدیلیاں کی ہیں، مقامی قیادت اور نوجوانوں کو مسلسل گرفتار کیا ہے اور اظہارِ رائے، مذہبی آزادی اور بنیادی شہری حقوق کو مکمل طور پر پامال کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تمام اقدامات جنوبی ایشیا کے اسٹریٹیجک توازن کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔ غلام محمد صفی نے بھارت اسرائیل گٹھ جوڑ کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ریاستیں مقبوضہ علاقوں میں یکساں طرز کی پالیسیوں پر عمل پیرا ہیں، جن میں حریت اور حق خودارادیت کو جرم بنانا، ریاستی جبر مسلط کرنا اور عوامی مزاحمت کو دبانے کے لیے جدید اسلحے، سکیورٹی سسٹمز اور انٹیلی جنس تعاون کا استعمال شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس مشترکہ حکمت عملی کا مقصد نہ صرف عوامی مزاحمت ختم کرنا ہے بلکہ ان خطوں کو مستقل طور پر قابض قوتوں کے زیرِ تسلط رکھنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر محض ایک علاقائی تنازعہ نہیں بلکہ حقِ خودارادیت، انسانی وقار اور بین الاقوامی قانون کی پاسداری کا بنیادی معاملہ ہے، اقوام متحدہ نے کشمیریوں کا حق خودارادیت تسلیم کر رکھا ہے اور اس حوالے سے کئی قراردادیں پاس کی ہیں جنہیں بھارت نے بھی تسلیم کر رکھا ہے لیکن اب وہ ان قراردادوں سے انحراف کر کے عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی کر رہا ہے۔ غلام محمد صفی نے مزید کہا کہ پاکستان اور کشمیر کے درمیان صرف سیاسی نہیں بلکہ جذباتی، تاریخی اور ایمانی رشتہ موجود ہے اور کشمیری عوام پاکستان کے عوام کی مسلسل حمایت، یکجہتی اور قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ غلام محمد صفی نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرانے کے لیے کردار ادا کرے۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: غلام محمد صفی نے کہا کہ
پڑھیں:
مقبوضہ کشمیر میں چھاپہ مار کارروائیوں کا سلسلہ تیز، ایک اور کشمیری گرفتار
قابض حکام نے طفیل کی گرفتاری کا جواز پیش کرنے کے لئے دعویٰ کیا کہ وہ اکتوبر کے وسط میں بنپورہ نوگام میں پوسٹر چسپاں کرنے میں ملوث تھا۔ اسلام ٹائمز۔ غیرقانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی پولیس اور نئی دہلی کے زیر کنٹرول ریاستی تحقیقاتی ایجنسی ایس آئی اے نے نام نہاد "وائٹ کالر ٹیرر نیٹ ورک" کو ختم کرنے کی آڑ میں چھاپوں اور گرفتاریوں کا سلسلہ تیز کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ایس آئی اے نے سرینگر کے علاقے بٹہ مالو سے ایک کشمیری شہری طفیل نیاز بٹ کو گرفتار کر لیا۔ قابض حکام نے طفیل کی گرفتاری کا جواز پیش کرنے کے لئے دعویٰ کیا کہ وہ اکتوبر کے وسط میں بنپورہ نوگام میں پوسٹر چسپاں کرنے میں ملوث تھا۔ دریں اثناء مقبوضہ جموں و کشمیر میں اختلاف رائے کو دبانے اور پیشہ ور افراد، تعلیمی اور مذہبی حلقوں کو مجرم کے طور پر پیش کرنے کے لئے بھارتی فورسز کی طرف سے چھاپوں، گرفتاریوں اور ظلم و جبر کی دیگر کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ انسانی حقوق کے گروپوں نے ان ظالمانہ کارروائیوں کو ایک ایسا بیانیہ تیار کرنے کی کوشش قرار دیا ہے جس میں ڈاکٹروں، اسکالرز اور طلباء سمیت عام کشمیریوں کو سکورٹی کے لئے خطرے کے طور پر پیش کیا جائے گا۔ کشمیری سول سوسائٹی کا کہنا ہے کہ بھارتی ایجنسیاں کشمیریوں کو اجتماعی سزا دینے کا جواز پیدا کرنے، اختلافی آوازوں کو دبانے اور مقبوضہ علاقے میں خوف و دہشت کی فضا قائم کرنے کے لیے تحقیقات کو ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہی ہیں۔