آئی ایم ایف کا نیشنل ٹیرف پالیسی 2025-30 پر مکمل عملدرآمد کا مطالبہ
اشاعت کی تاریخ: 25th, November 2025 GMT
عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) نے حکومت کو نیشنل ٹیرف پالیسی 2025-30 پر مؤثر اور بھرپور عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
جیو نیوز کے مطابق آئی ایم ایف نے زور دیا ہے کہ ٹیرف نظام کو سادہ اور شفاف بنانے کے لیے جاری اصلاحات میں تسلسل برقرار رکھا جائے۔ ادارے کا کہنا ہے کہ نیشنل ٹیرف کمیشن (این ٹی سی) کو بیرونی مشیروں پر انحصار کم کرنا چاہیے جبکہ لابنگ گروپوں کے اثر و رسوخ کو محدود کرنا بھی ناگزیر ہے۔
آئی ایم ایف کے مطابق این ٹی سی کی تکنیکی صلاحیت اور ادارہ جاتی ساکھ کو مضبوط بنایا جائے، فیصلوں میں شفافیت لائی جائے اور رینٹ سیکنگ جیسے رویّوں کو کم کیا جائے۔
عالمی ادارے نے یہ بھی نشاندہی کی کہ کسٹم کے نفاذ میں موجود کمزوریاں ٹیرف اصلاحات کے ثمرات کو متاثر کررہی ہیں، اس لیے کسٹمز سسٹم میں خامیاں فوری طور پر دور کی جائیں۔ رپورٹ کے مطابق کسٹمز ایکٹ کے سیکشن 18A اور ففتھ شیڈول کو ختم کرنے، جبکہ سیکشن 19 کے تحت دی جانے والی چھوٹ کو محدود کرنے کی سفارش بھی کی گئی ہے۔
آئی ایم ایف نے مزید کہا کہ ٹیرف اسٹرکچر کو مستحکم رکھنے کے لیے صوابدیدی ٹیکس چھوٹ کم کرنا ضروری ہے، تاکہ پالیسی کے اہداف مؤثر انداز میں حاصل کیے جاسکیں۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: ا ئی ایم ایف
پڑھیں:
قومی و صوبائی حلقوں میں ضمنی انتخابات کے دوران 20 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات
پنجاب میں ہونے والے ضمنی انتخابات کے دوران 20 ہزار سے زائد پولیس اہلکار سیکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے، جبکہ حساس پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کا کام بھی مکمل کر لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق ایلیٹ فورس، پولیس ریسپانس یونٹ اور ڈولفن فورس کے اہلکار دن بھر پٹرولنگ کریں گے تاکہ انتخابی عمل محفوظ اور پرامن ہو۔ چار سو آٹھ پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس اور ایک ہزار 32 اسٹیشنز کو حساس قرار دیا گیا ہے، جہاں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب مکمل ہو چکی ہے۔
سیف سٹی ہیڈکوارٹر سے انتخابی عمل کی براہِ راست مانیٹرنگ کی جائے گی، جبکہ پاک فوج اور رینجرز کے دستے بھی سیکیورٹی کے لیے تعینات ہوں گے۔ حکام نے واضح کیا کہ الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق اور دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی تاکہ ضمنی انتخابات شفاف اور منظم طریقے سے مکمل ہوں۔