کویت سے بھارت جانے والی پرواز کو بم سے اڑانے کی دھمکی پر ہنگامی لینڈنگ
اشاعت کی تاریخ: 3rd, December 2025 GMT
data-id="863a0a8" data-element_type="widget" data-widget_type="theme-post-content.default">
کویت سے حیدر آباد (بھارت) روانہ ہونے والی ایک پرواز میں اس وقت شدید افراتفری پھیل گئی جب دورانِ پرواز بم کی موجودگی کی اطلاع موصول ہوئی۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق انڈیگو کی پرواز نے معمول کے مطابق اُڑان بھری، تاہم جیسے ہی ایئرلائن کے حکام کو ای میل کے ذریعے یہ خبر ملی کہ جہاز میں دھماکا خیز مواد موجود ہے اور اسے اُڑا دینے کی دھمکی دی گئی ہے، فوراً ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔
طیارے کے اندر مسافروں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور کیپٹن نے فوری فیصلہ کرتے ہوئے جہاز کو حیدر آباد کے بجائے قریبی ممبئی ایئرپورٹ کی جانب موڑ دیا جہاں پہلے ہی ریڈ الرٹ نافذ کر دیا گیا تھا۔
ممبئی ایئرپورٹ حکام نے طیارے کے لینڈنگ سے قبل ہی حفاظتی اقدامات سخت کرتے ہوئے رن وے کو خالی کرا لیا اور سیکورٹی ٹیموں کو الرٹ کردیا۔ طیارہ جیسے ہی زمین پر اترا، اسے ہوائی اڈے کے ایک دور دراز حصے میں منتقل کیا گیا تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹا جا سکے۔
مسافروں کو طیارے سے اتار کر ایک محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا جب کہ بم ڈسپوزل اسکواڈ اور سیکورٹی اداروں نے جہاز کی مکمل چیکنگ شروع کردی۔ کئی گھنٹوں تک جاری رہنے والی تلاشی میں نہ تو جہاز سے کوئی مشتبہ شے برآمد ہوئی اور نہ ہی کسی مسافر کے سامان سے بارودی مواد ملا، جس کے بعد 3 گھنٹے کی تاخیر سے پرواز کو دوبارہ روانگی کی اجازت دے دی گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اس واقعے کے بعد ایک بار پھر یہ مسئلہ سامنے آیا ہے کہ بھارت میں حالیہ مہینوں کے دوران مختلف ایئرپورٹس اور ایئرلائنز کو بڑی تعداد میں بم دھماکوں کی جعلی دھمکیاں موصول ہو رہی ہیں۔
بھارتی حکام نے انکشاف کیا ہے کہ گزشتہ گیارہ ماہ میں مجموعی طور پر 999 جعلی بم کالز مختلف ہوائی کمپنیوں اور ایئرپورٹس کو موصول ہو چکی ہیں، جن میں سے اکثر نے ایوی ایشن نظام کو شدید متاثر کیا اور ایمرجنسی اقدامات پر مجبور کیا۔
گزشتہ سال بھارت کی سول ایوی ایشن سیکورٹی نے تجویز پیش کی تھی کہ ایسے جھوٹے دھمکی آمیز پیغامات دینے والے افراد پر 5 سالہ فضائی پابندی عائد کی جائے تاکہ ان واقعات میں کمی لائی جا سکے، تاہم اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایسی سخت تجاویز کے باوجود دھمکیوں کا سلسلہ پوری طرح ختم نہیں ہوا اور صرف چند لمحوں کی بے بنیاد ای میل یا کال پورے ہوائی سفر کو مفلوج کر دینے کا سبب بن رہی ہے۔
ماہرین کے مطابق اس طرح کی دھمکیاں نہ صرف فلائٹ آپریشنز میں خلل ڈالتی ہیں بلکہ مسافروں کے اعتماد کو بھی بری طرح متاثر کرتی ہیں، جس سے ایوی ایشن سیکٹر پر پہلے سے موجود دباؤ مزید بڑھ جاتا ہے۔
.ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: کے مطابق
پڑھیں:
کیماڑی منوڑہ سے بابا بھٹ جانے والی کشتی حادثے کا شکار، دو خواتین جاں بحق
کراچی:کیماڑی منوڑہ سے بابابھٹ جانے والے کشتی کا حادثے کا شکار ہوئے، جس کے نتیجے میں دو خواتین جاں بحق ہوگئیں۔
ایس ایچ او جیکسن رانا خوشی محمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ابھی فوری طور پر حادثے کی حتمی وجوہات کا تعین نہیں ہوسکا تاہم کشتی حادثے میں مجموعی طور پر 20 سے زائد افراد زخمی اور دو ہلاکتیں ہوئی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ زخمی جناح اسپتال، سول اسپتال اور دو نجی اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔
ایس ایچ او تھانہ جیکسن نے بتایا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ حادثہ دو کشتیاں آپس میں ٹکرانے کے باعث پیش آیا ہے، ہمیں اطلاع ملی تھے کے دو کشتیاں آپس میں ٹکرائی ہیں اور دو خواتین جاں بحق ہوئی ہیں، جن میں سے ایک لڑکی شناخت 16 سالہ سندس کے نام سے ہوئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ متاثرین کیماڑی سے بابا بھٹ شاہ اور منوڑا گھومنے کے لیے آئے ہوئے تھے جبکہ کوئی پائلٹ بوٹ ٹکرانے کے حوالے سے شواہد نہیں ملے ہیں تاہم واقعے سے متعلق مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔