ڈھکن تو سب ہٹائے جائیں گے
اشاعت کی تاریخ: 8th, December 2025 GMT
data-id="863a0a8" data-element_type="widget" data-widget_type="theme-post-content.default">
پہلے اہل ِ نظر اور سخن فہم لوگ نظام کی خرابی پر کہا کرتے تھے کہ ’’ہر شاخ پہ اُلو بیٹھا ہے انجام گلستاں کیا ہوگا؟ لیکن اب سب بدل گیا ہے جب سے گلشن کی جگہ کنکریٹ کے شہری گلشنوں نے لی ہے اور باغ اُجاڑنے کا کام اُلوؤں کی جگہ بلدیاتی اداروں نے لے لیا ہے، اب ہر ادارے پر ایک اُلو کی جگہ ڈھکن رکھا ہوا ہے، اور ان ڈھکنوں کو جب تک زور لگا کر ہلایا نہیں جاتا یہ کوئی حرکت نہیں کرتے کوئی فائدہ نہیں پہنچاتے، یہ کام بھی ننھے ابراہیم ہی کو کرنا پڑا۔ پھر گٹر کا ڈھکن نہیں تھا، پھر ایک معصوم جان گئی، اب سب ملزم اور مجرم کی تلاش میں ہیں، مئیر صاحب نے ایک دو دن ڈھٹائی کا مظاہرہ کیا پھر ابراہیم کے گھر جاکر معافی بھی مانگ لی، یہ تو انہوں نے اچھا کیا، لیکن کیا نظام کی اصلاح کے حوالے سے کچھ کرنے کا عزم کیا ہے، اپنے مخالف کے ٹائون کو فنڈ دینے کا ارادہ کیا ہے، مخالفین کی یونین کونسل کو یا مخالف کونسلر کو فنڈز دینے کا فیصلہ کیا ہے، اور فیصلہ بھی کیوں فیصلہ تو قانون کے مطابق موجود ہے کہ ہر یوسی، ہر ٹائون، ہر کونسلر کو فنڈز دیے جائیں، یہ دیتے نہیں، پھر معاملات کیسے چلیں گے۔ بچہ جان سے گیا اور ایک دن سے کم وقت میں ہزاروں ڈھکن لا کر حاضر کر دیے گئے، بلکہ لگا بھی دیے گئے۔ ایک ہی دن میں ہزاروں۔
ڈھکن!!! کمال سے بھی بڑا کمال، واٹر بورڈ والے تو کہتے تھے کہ دستیاب نہیں ہیں فنڈز نہیں ہیں اب ایک جھٹکے میں اتنے ڈھکن؟ اور الزام دوسروں پر۔ اور تو اور خود کے ایم سی کے ذمے دار نے اس اسٹور والے کو ذمے دار قرار دے دیا جس کے سامنے حادثہ پیش آیا، شہری ذمے داریوں کے حوالے سے تو یہ بات ٹھیک ہے لیکن اچل ذمے دار تو کے ایم سی، واٹر بورڈ اور ریڈ لائن منصوبے والے ہیں، کم از کم وہ تو یہ بات نہ کریں، ہاں اسٹور والوں کو بلدیاتی اداروں کی کارکردگی اور استعداد کا تو علم ہے پھر تو خود ہی لگا دینا چاہیے تھا، ہم دعوے سے کہہ سکتے ہیں کہ کیس داخل دفتر ہی ہوجائے گا اور نہ ہوا تو بھی کسی کو سزا نہیں ہوگی، سزا تو معصوم ابراہیم کو، اس کے ماں باپ کو اور شہریوں کو بار بار ملتی ہے۔
گزشتہ کئی برس سے ہم توجہ دلاتے رہے ہیں کہ کراچی کا شہری نظام جان بوجھ کر تباہ کیا جارہا ہے، شہر کے اختیارات کی تقسیم ہی ایسی کی گئی ہے کہ لوگ اپنے مسائل کے حل کے لیے دردر کی ٹھوکریں کھاتے ہیں اور کئی کئی چکر کے بعد پتا چلتا ہے کہ آپ غلط جگہ پہنچے ہیں، یہ علاقہ کے ایم سی کے کنٹرول میں نہیں ہے یہاں کنٹونمنٹ کا سکہ چلتا ہے، اور اس کا دفتر کہیں دور ہے۔ شہر کا بہت بڑا حصہ کنٹونمنٹ کے کنٹرول میں ہے وہی وہاں سے ٹیکس وصول کرتا ہے، ایک اور بڑا حصہ ڈی ایچ اے کے پاس ہے اور وہاں ڈی ایچ اے کے قوانین چلتے ہیں، باقی بچا کھچا کے ایم سی کے پاس ہے، یہ باتیں تو کے ایم سی یا بلدیہ عظمیٰ کراچی سے تعلق رکھنے والے ذمے داران بتاتے رہتے ہیں، لیکن اس کے آگے کی کہانی بڑی دردناک ہے، شہری تینوں میں سے کسی بھی علاقے میں رہتے ہوں وہ شہری ہیں اور کم وبیش سب ہی ٹیکس ادا کرتے ہیں، لیکن جب ان کے مسائل حل کرنے کا وقت آتا ہے تو انہیں تھانے کی طرح حدود کے تعین کے چکر میں ڈال دیا جاتا ہے، یہ سڑک کے ایم سی کی ہے، گٹر کی خرابی واٹر بورڈ ٹھیک کرتا ہے لیکن علاقہ کنٹونمنٹ کا ہے اس لیے اجازت اس کی درکار ہوگی، اور اجازت سائل کو لینی ہوگی، یہ معاملہ صرف ان تین اداروں کی حدود کا نہیں ہے، کے ایم سی کے اندر بھی یہی چل رہا ہے، یہ کام ٹائون کرتا ہے، وہ کام یوسی کی ذمے داری ہے، اور فلاں کام کے ایم سی کا ہے، بجٹ اوپر سے آنا چاہیے، لیکن ایک دوسرے کی ٹانگ کھینچی جاتی ہے، ٹائون والے یوسی کو اس کا فنڈ اس لیے نہیں دیتے کہ وہ دوسری پارٹی کے پاس ہے، اور کے ایم سی دوسری پارٹی کے ٹائون کو فنڈ نہیں دیتی، سارا دباؤ یوسی پر ہوتا ہے اور اس کو کے ایم سی اور ٹائون فنڈز نہیں دیتے، اور یوسی کے کونسلرز ہی میدان میں ہوتے ہیں انہی سے شکایات کی جاتی ہیں ان ہی کو مسائل حل کرانے ہوتے ہیں۔ یہ یوسی والے ہر وقت نشانے پر رہتے ہیں۔ دنیا میں چھوٹی سے چھوٹی بلدیاتی اکائی کا ذمے دار اپنے علاقے کا گورنر، وزیراعلیٰ وغیرہ کی طرح ہوتا ہے اس پر ذمے داریاں ہوتی ہیں تو اسے بجٹ اور اختیار بھی ملتا ہے، اور یہ نیچے بھی جاتا ہے، لیکن پاکستان، اور اس کے سب سے بڑے شہر کراچی کا حال ہی نرالا ہے، اور اب تو یہ بات سمجھ لینی چاہیے کہ کراچی کو تباہ کرنے میں ایم کیو ایم، پیپلز پارٹی وغیرہ سے زیادہ ان کا ہاتھ ہے جنہوں نے ان دونوں پارٹیوں کو شہر پر مسلط کیا، یہ خود تو ڈی ایچ اے یا کنٹونمنٹ کے جزائر میں رہتے ہیں یا اسلام آباد میں، انہیں یہاں کی صورتحال کا حقیقی ادراک ہی نہیں ہوتا، سارا کام محض رپورٹس پر چلتا ہے۔
تین سالہ ابراہیم کی موت نے اس سارے نظام کا ڈھکن کھول دیا ہے اور ایک ایک ادارے پر رکھا ڈھکن بے نقاب ہوگیا ہے۔ کراچی کے اداروں کا کنٹرول صوبائی حکومت کو دینے والے کردار بھی سامنے ہیں اور ان محکموں کی کارکردگی بھی، ایک دن میں جو ہزاروں ڈھکن ابراہیم کی موت کے بعد جادو سے حاضر ہوگئے وہ پہلے کیوں روک کر رکھے ہوئے تھے، واٹر کارپوریشن والے اس کا جواب نہیں دے سکیں گے، اور دے بھی نہیں سکتے کیونکہ اس کا جواب سب جانتے ہیں، جن افسروں کو لوگ ڈی جی، سی ای او اور چیئرمین کے ناموں سے جانتے ہیں ان کی اوقات اس سسٹم کے سامنے چپراسی سے زیادہ نہیں، اور عوام کے سامنے افسر بنے پھرنے والے یہ لوگ ایک خاص مقام پر اپنی بے عزتی کروانے میں کامیابی سمجھتے ہیں، بلکہ ان عہدوں پر ان ہی راستوں سے پہنچتے ہیں، گٹر کے ڈھکنوں کا معاملہ تو اتنا سنگین ہوگیا کہ اسسٹنٹ کمشنر، ڈی سی اور دیگر افسران بھی سرگرم نظر آئے۔ یا نظر آنے کی کوشش کرنے لگے، اس کی وجہ عوام کا غصہ، تھا وہ سیاسی دباؤ سے اتنا متاثر نہیں ہوتے، لیکن سوشل میڈیا اور عوام کے غصے نے اسے بھی متحرک کردیا جس کی ذمے داری گٹر کے ڈھکن نہیں ہیں۔ حکمراں طبقے کی کیفیت تو یہ ہے کہ پیپلز پارٹی کی رہنما اور رکن قومی اسمبلی شہلا رضا دو عشرے قبل اپنے دوبچوں سے اسی گٹر اور نالے والے واٹر بورڈ کی وجہ سے محروم ہوچکی تھیں لیکن سترہ برس کے مکمل کنٹرول کے باوجود ان کی پارٹی یہ نظام ٹھیک نہ کرسکی۔ خود موجودہ ڈپٹی مئیر کے علاقے میں یکے بعد دیگرے دوبچے گٹر میں گرکر جاں بحق ہوئے لیکن کچھ نہ کیا جاسکا۔ تو اب کیا ہوگا۔ کیا شہر کا بیڑا غرق کروانے والے واپسی کا سفر شروع کرنے پر تیار ہیں؟ اگر تیار ہیں تو خود شروع کردیں ورنہ جلد یا بدیر ڈھکن تو سب ہی اٹھائے جائیں گے۔
مظفر اعجاز
سیف اللہ
ذریعہ
ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: کے ایم سی کے واٹر بورڈ اور اس ہے اور
پڑھیں:
ماہرین فلکیات نے مقناطیسی میدان رکھنے والے سیاروں کا سراغ لگا لیا
ماہرین فلکیات نے نظام شمسی سے باہر موجود سیاروں (ایگزوپلینیٹس) میں مقناطیسی میدانوں کے شواہد دریافت کر لیے ہیں جسے اس حوالے سے اب تک کا مضبوط ترین ثبوت قرار دیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کیا پلوٹو کو سیارے کا درجہ دوبارہ مل جائے گا، یہ سیاروں کی فہرست سے نکالا کیوں گیا؟
سائنس دانوں نے چلی اور ہوائی میں نصب جدید دوربینوں کی مدد سے 7 بڑے اور انتہائی گرم گیسوں پر مشتمل سیاروں کا مشاہدہ کیا۔ تحقیق کے دوران ان سیاروں کی فضائی ہواؤں کے غیرمعمولی رویے کا جائزہ لیا گیا جس سے معلوم ہوا کہ ان پر مقناطیسی میدان موجود ہیں۔
یہ تحقیق جریدے نیچر آسٹرونومی میں شائع ہوئی ہے اور اس کے مطابق مقناطیسی میدان وہ غیر مرئی قوت ہے جو کسی سیارے کے اندر موجود پگھلے ہوئے دھاتی مواد کی حرکت اور اس کی گردش سے پیدا ہوتی ہے۔
تحقیق کی سربراہ اور فرانس کے آبزرویٹری ڈی لا کوٹ ڈی آزور سے وابستہ ماہر فلکیات جولیا سیڈل کے مطابق سائنس دانوں کی توقع تھی کہ زیادہ گرم سیاروں پر ہوائیں زیادہ تیز ہوں گی کیونکہ وہاں توانائی کی مقدار زیادہ ہوتی ہے لیکن مشاہدات میں اس کے برعکس نتائج سامنے آئے۔
مزید پڑھیے: 45 نئے سیارے دریافت جہاں زندگی کے امکانات موجود ہیں
انہوں نے کہا کہ سب سے زیادہ گرم سیاروں پر ہواؤں کی رفتار توقع سے کم دیکھی گئی جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ستاروں سے ملنے والی اضافی توانائی کسی اور طریقے سے ضائع ہو رہی ہے۔
ان کے مطابق اس کی سب سے ممکنہ وجہ مقناطیسی میدان اور فضا میں موجود برقی ذرات کے درمیان تعامل ہے۔
تحقیق میں شامل ساتوں سیارے اپنے ستاروں کے انتہائی قریب گردش کرتے ہیں۔ ان کا ایک حصہ مسلسل ستارے کی طرف جبکہ دوسرا حصہ ہمیشہ تاریکی میں رہتا ہے۔ اس قسم کے سیاروں کو ’ہاٹ جیوپیٹر‘ کہا جاتا ہے کیونکہ ان کا حجم اور ساخت مشتری سے ملتی جلتی ہوتی ہے تاہم ان کا درجہ حرارت بہت زیادہ ہوتا ہے۔
ان سیاروں پر ہواؤں کی رفتار بعض مقامات پر 25 ہزار کلومیٹر فی گھنٹہ تک ریکارڈ کی گئی جو نظامِ شمسی کے سب سے بڑے سیارے مشتری کی ہواؤں سے بھی زیادہ ہے۔
مزید پڑھیں: سب سے چھوٹے سیارے عطارد کا وجود ایک معمہ، جانیے اس پراسرار جہان کی حقیقت؟
ماہرین کا کہنا ہے کہ چونکہ نظام شمسی کے بیشتر سیاروں میں مقناطیسی میدان موجود ہیں اس لیے یہ بات حیران کن نہیں کہ دوسرے نظاموں کے سیاروں میں بھی یہ خصوصیت پائی جائے تاہم اب تک اس کے واضح شواہد دستیاب نہیں تھے۔
تحقیق میں شامل جرمنی کے یورپی جنوبی رصدگاہ سے وابستہ ماہر فلکیات بیبیانا پرنوتھ کے مطابق مقناطیسی میدان کسی سیارے کو قابلِ رہائش بنانے کا واحد عنصر نہیں لیکن یہ طویل عرصے تک فضا کو برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ زندگی کے لیے فضا کا موجود ہونا انتہائی ضروری ہے کیونکہ فضا سطحی دباؤ کو برقرار رکھنے، درجہ حرارت کو متوازن رکھنے اور زمین کی طرح مائع پانی کے وجود کو ممکن بناتی ہے۔
یہ بھی پڑھیے: زمین جیسے سیارے کی تلاش ایک دلچسپ جدوجہد، سائنسدان پرامید
ماہرین کے مطابق اگرچہ اس تحقیق میں شامل تمام سیارے گیسوں پر مشتمل ہیں اور زندگی کے لیے موزوں نہیں سمجھے جاتے تاہم ان میں مقناطیسی میدانوں کی موجودگی کی دریافت مستقبل میں زمین جیسے چٹانی سیاروں کے مطالعے اور قابلِ رہائش دنیاوں کی تلاش میں اہم پیش رفت ثابت ہو سکتی ہے۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
مقناطیسی میدان رکھنے والے سیاروں کا سراغ مقناطیسی میدان رکھنے والے سیارے نظام شمسی ہاٹ جیوپیٹر