کوئٹہ بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں عروج پر، دو روزہ تربیتی پروگرام کا شاندار آغاز
اشاعت کی تاریخ: 2nd, December 2025 GMT
کوئٹہ بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں عروج پر ہیں جس کے لیے دو روزہ تربیتی پروگرام کا شاندار آغاز کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان میں 28 دسمبر 2025ء کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات کی شفاف اور پرامن تکمیل کے لیے الیکشن کمیشن آف پاکستان نے تیاریوں کو حتمی شکل دے دی ہے۔ اس سلسلے میں کوئٹہ میں پریذائیڈنگ افسران اور سینئر اسسٹنٹ پریذائیڈنگ افسران کے لیے دو روزہ خصوصی تربیتی ورکشاپ کا باقاعدہ آغاز ہو گیا۔
آج تربیتی پروگرام کے پہلے روز صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان انجینئر علی اصغر سیال نے مرد و خواتین دونوں تربیتی مراکز کا تفصیلی دورہ کیا۔ ان کے ہمراہ ڈائریکٹر ایڈمن نعیم احمد جوہر اور ڈپٹی الیکشن کمشنر سید نذیر احمد بھی موجود تھے۔
تربیتی مراکز پہنچ کر صوبائی الیکشن کمشنر نے شریک افسران و عملے سے براہِ راست بات چیت کی اور پولنگ کے دن درپیش ممکنہ چیلنجز، انتخابی قوانین کی پاسداری، بیلٹ پیپرز کی حفاظت، رازداری، اور شفافیت کے تمام پہلوؤں پر تفصیلی بریفنگ دی۔
علی اصغر سیال نے کہا کہ پریذائیڈنگ افسر اور سینئر اسسٹنٹ پریذائیڈنگ افسر انتخابی عمل کی ریڑھ کی ہڈی ہیں۔ ان کا کردار شفافیت اور غیر جانبداری کو یقینی بنانے میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے تربیت حاصل کرنے والے تمام افسران کے جذبے اور لگن کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپ لوگوں کی محنت اور پیشہ ورانہ لگن دیکھ کر مطمئن ہوں۔ الیکشن کمیشن آپ کے ساتھ کھڑا ہے اور شفاف، منصفانہ اور پرامن بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لا رہا ہے۔
صوبائی الیکشن کمشنر نے واضح کیا کہ تربیتی پروگرام کا بنیادی مقصد پولنگ اسٹیشنز پر مؤثر انتظام و انصرام، ووٹرز کی سہولت، اور انتخابی عمل کی سالمیت کو برقرار رکھنے کے لیے افسران کو جدید مہارتیں فراہم کرنا ہے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: بلدیاتی انتخابات تربیتی پروگرام الیکشن کمشنر کے لیے
پڑھیں:
کوئٹہ: سرکاری دستاویزات میں شہریوں کو غیرقانونی سہولت دینے والے 14 ایجنٹ گرفتار
فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) بلوچستان نے کوئٹہ شہر میں مختلف وفاقی اداروں کے مبینہ ایجنٹس کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 14 افراد کو گرفتار کرلیا۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے بلوچستان بہرام مندوخیل کے مطابق کارروائی کے دوران نادرا، سوئی سدرن گیس کمپنی، پاسپورٹ آفس اور میٹروپولیٹن کارپوریشن سے متعلق مبینہ ایجنٹس کو حراست میں لیا گیا ہے، جو شہریوں کو مختلف سرکاری امور میں غیر قانونی سہولت کاری فراہم کرنے میں ملوث تھے۔
انہوں نے بتایا کہ گرفتار ملزمان مبینہ طور پر برتھ سرٹیفکیٹس، قومی شناختی کارڈز، پاسپورٹس اور دیگر سرکاری دستاویزات کے حصول کے لیے غیر قانونی طریقے سے سہولت فراہم کرتے اور شہریوں سے رقوم وصول کرتے تھے۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان سے تفتیش جاری ہے اور ابتدائی تحقیقات کی روشنی میں ان کے نیٹ ورک میں شامل دیگر افراد کی نشاندہی کی جا رہی ہے۔ امید ہے کہ مزید گرفتاریاں بھی عمل میں آئیں گی۔
بہرام مندوخیل نے کہا کہ ایف آئی اے سرکاری اداروں میں بدعنوانی، جعلسازی اور غیر قانونی سہولت کاری کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رکھے گی اور قانون شکنی میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔